جمعہ 19 رمضان 1445 - 29 مارچ 2024
اردو

خاوند اور بیوی اگر مہرکومال سے سونے میں تبدیل کرنے پرمتفق ہوجائيں تو کیا حکم ہوگا ؟

20154

تاریخ اشاعت : 15-09-2004

مشاہدات : 6335

سوال

میں نے آٹھ برس قبل شادی کی اوراب تک میں نے بیوی کومہر ادا نہیں کیا لیکن اب میں سوچ رہا ہوں کہ اسے اس کا مہر جو کہ سات ہزار انڈین روپے ہیں ادا کرنے کی بجائے اسے اتنی یا اس سے زيادہ قیمت کا زیور خرید دوں ، میں نے بیوی سے بھی اس کے بارہ میں پوچھا کہ کیا تم پیسے لینا چاہتی ہویا کہ زيور تو اس نے جواب میں کہا جس طرح تم چاہو ۔
میری آپ سے گزارش ہے کہ آپ مجھے نصیحت فرمائيں کہ مجھے مہر کیسے ادا کرنا چاہیے ؟

جواب کا متن

الحمد للہ.

اصل بات تویہی ہے کہ مہر وہی چيز ادا کی جائے گی جواس نے بیوی کوکہا تھا ، لیکن اگر خاوند اوربیوی دونوں اس کے خلاف یا پھر اس میں کمی یا زيادتی پر متفق ہوجائیں توایسا کرنا بھی جائز ہے ۔

اس لیے کہ اللہ تعالی کا فرمان ہے :

اور مہر مقرر ہوجانے کے بعد تم آپس کی رضامندی سے جو طے کرلو اس میں تم پر کوئي گناہ نہیں النساء ( 24 ) ۔

امام قرطبی رحمہ اللہ تعالی اس کی تفسیر میں کہتے ہیں :

یعنی مہر کی کمی اورزيادتی میں رضامندی کے ساتھ ایسا کرنا جائز ہے جبکہ مہر مقرر ہوچکا ہو ۔ دیکھیں تفسیر القرطبی ( 5 / 235 ) ۔

شیخ صالح الفوزان کا کہنا ہے :

اورجب بیوی اپنے مہر سے خاوند سے کچھ دے دے تواس میں کوئي حرج والی بات نہیں یا پھر وہ اسے کچھ معاف کردے یا سارا ہی معاف کردے یہ اس کا حق ہے ۔

اللہ سبحانہ وتعالی کا فرمان ہے :

اوراگر وہ تمہیں اپنی مرضی اورخوشی سے کچھ مہر چھوڑ دیں تواسے شوق سے خوش ہوکر کھاؤ النساء ( 4 ) ۔

اس میں طرفین کا اتفاق ضروری ہے ۔فتاوی نور علی الدرب ( 109 )

تو اس سے یا واضح ہوا کہ جب عورت اس پر راضي ہوجائے تو اس میں کوئي حرج والی بات نہیں کیونکہ یہ اس کا حق تھا اوروہ اس پر راضي ہے ۔

واللہ اعلم .

ماخذ: الشیخ محمد صالح المنجد