اسلام سوال و جواب کو عطیات دیں

"براہ کرم ویب سائٹ کے تسلسل کو یقینی بنانے کے لئے دل کھول کر تعاون کریں۔ "

مرغی ذبح کر کے فوری طور پر خون کے چھینٹوں سے بچنے کیلئے تنگ برتن میں ڈالنے کا حکم

12-01-2016

سوال 138968

کیا مرغی ذبح کر کے فوری طور پر پانچ لیٹر کی بوتل میں ڈالنا جائز ہے؟ مقصد یہ ہے کہ خون کے چھینٹے نہ پڑیں۔

جواب کا متن

الحمد للہ.

امام مسلم رحمہ اللہ نے اپنی کتاب صحیح مسلم: (1955) میں شداد بن اوس رضی اللہ عنہ سے نقل کیا ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: (اللہ تعالی نے ہر چیز پر احسان کرنا فرض کر دیا ہے، چنانچہ جب تم قتل کرو تو  اچھے انداز سے، اور جب تم ذبح کرو تب بھی اچھے انداز سے، اس کیلئے اپنی چھری تیز کرو اور جانور کو راحت پہنچاؤ)

شیخ الاسلام ابن تیمیہ رحمہ اللہ کہتے ہیں:
"اس حدیث میں اس بات کی دلیل ہے کہ  ہر حالت میں احسان کرنا واجب ہے، حتی کہ کوئی انسان ہو یا جانور کسی کی جان لیتے  ہوئے بھی احسان کرنا چاہیے، چنانچہ اگر کسی انسان کو قتل کرنا ہے تو  اچھے انداز سے قتل کرے، اور اگر کسی جانور کو قتل کرنا ہے تو تب بھی اچھے انداز سے کرے" انتہی
الفتاوى الكبرى" (5/ 549)

ابن حزم رحمہ اللہ کہتے ہیں:
"کسی بھی جانور کو ذبح کرنے کیلئے احسن انداز اپنانا لازمی ہے" انتہی
"الفروع" (6/318)

اسی طرح "الموسوعة الفقهية" (10/221) میں ہے کہ:
"فقہائے کرام کا اس بات پر اتفاق ہے کہ  جانور کو ذبح کرتے ہوئے احسن انداز اپنانا مستحب ہے، جس سے جانور کو قدر الامکان راحت بھی ملے" انتہی

چنانچہ راحت دینے کا یہ بھی ایک انداز ہے کہ جانور کو ذبح ہونے کے بعد پھڑکنے اور حرکت کرنے دیا جائے۔

شیخ ابن عثیمین رحمہ اللہ کہتے ہیں:
"جانور کو زمین پر لٹانے کے بعد  اپنی ٹانگ جانور کی گردن پر رکھے اور دائیں ہاتھ سے ذبح کرنے کی صورت میں اس کا سر بائیں ہاتھ سے پکڑ لے، اور بسم اللہ پڑھ کر  ذبح کرے، اور پوری طاقت کیساتھ  جلدی سے  گلا کاٹے، اور گردن کے دونوں اطراف  میں موجود خون کی رگوں کو کاٹے، جانور کی ٹانگیں مت پکڑے بلکہ جانور کو ٹانگیں مارنے دے، تا کہ جلدی سے جلدی اور زیادہ سے زیادہ خون باہر نکل جائے۔

تاہم کچھ لوگ  ٹانگیں باندھ  کر یا خود جانور کے اوپر بیٹھ جاتے ہیں ایسا نہ کرے، اگرچہ یہ عمل جائز ہے لیکن  ایسا نہ کرنا بہتر ہے؛ کیونکہ اس سے جانور کو راحت ملے گی اور خون جلد از جلد نکلے گا" انتہی
"فتاوى نور على الدرب" (11/175)

اور پانچ لیٹر  کی ضخامت والا برتن بہت چھوٹا ہے، اس میں مرغی کو پھڑپھڑانے کا موقع نہیں ملے گا، اس لیے بہتر یہی ہے کہ کسی بڑی چیز مثلاً: ڈرم  وغیرہ میں ڈال دے، تو اس طرح مرغی کو  حرکت کرنے میں سہولت رہے گی۔

واللہ اعلم.

ذبح کرنا
اسلام سوال و جواب ویب سائٹ میں دکھائیں۔