"براہ کرم ویب سائٹ کے تسلسل کو یقینی بنانے کے لئے دل کھول کر تعاون کریں۔ "
نابینا لڑکی کو کیسے پتہ چلے گا کہ وہ حیض سے پاک ہو چکی ہے؟
الحمد للہ.
حیض سے پاکیزگی دو میں سے ایک علامت کے ذریعے پہچانی جا سکتی ہے:
پہلی علامت: سفید رطوبت خارج ہو، یہ سفید سیال مادہ ہوتا ہے جو خواتین کے ہاں معروف ہے۔
دوسری علامت: مخصوص جگہ بالکل خشک ہو جائے، یعنی اگر اندام نہانی میں روئی وغیرہ رکھی جائے تو بالکل صاف رہے اس پر خون یا زرد دھبے نہ ہوں۔
نابینا عورت کی مدد اس کی والدہ یا بہن کر سکتی ہے، تو اگر وہ اس روئی یا کپڑے میں سفید رطوبت دیکھے یا بالکل خشک پائے تو اسے بتلا دے کہ وہ حیض سے پاک ہو چکی ہے۔
امام مالک رحمہ اللہ نے موطا : (130) میں ام علقمہ رضی اللہ عنہا سے بیان کیا ہے کہ وہ کہتی ہیں: سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا کی طرف خواتین اپنی چھوٹی ڈبیہ بھیجا کرتی تھیں کہ جس میں حیض کے خون کی زردی لگی ہوئی روئی ہوتی تھی ، خواتین یہ پوچھنا چاہتی تھیں کہ وہ نماز کا اہتمام کر لیں؟ تو سیدہ عائشہ انہیں کہتیں: جلدی مت کریں ، تا آنکہ تم سفید رطوبت دیکھو۔ ان کا مطلب حیض سے پاکی تھا۔
حدیث کے عربی الفاظ میں "والدرجة" سے مراد وہ چھوٹی ڈبی ہے جس میں خواتین اپنے زیب و زینت کی چیزیں رکھتیں ہیں۔
النهاية لابن الأثير (2/ 246)
اگر اس معاملے میں بینا خواتین سیدہ عائشہ سے مشورہ لیتی تھیں تو نابینا لڑکی بالاولی دوسری خواتین سے رہنمائی لے گی۔
واللہ اعلم