سوموار 22 جمادی ثانیہ 1446 - 23 دسمبر 2024
اردو

كيا عورت كے ليے نماز عيد كے ليے جانا افضل ہے يا كہ اپنے گھر ميں رہنا افضل ہے ؟

سوال

مجھے علم ہے كہ عورت كے ليے گھر ميں نماز ادا كرنا افضل ہے، ليكن ميرا سوال نماز عيد كے متعلق ہے كہ آيا عورت كے ليے نماز عيد گھر ميں افضل ہے يا كہ نماز عيد كے ليے عيد گاہ جانا ؟

جواب کا متن

الحمد للہ.

عورت كے ليے نماز عيد كے ليے جانا افضل ہے، كيونكہ نبى كريم صلى اللہ عليہ وسلم نے يہى حكم ديا ہے.

بخارى اور مسلم رحمہما اللہ نے ام عطيہ رضى اللہ تعالى عنہا سے بيان كيا ہے وہ كہتى ہيں:

" ہميں رسول كريم صلى اللہ عليہ وسلم نے عيد الفطر اور عيد الاضحى ميں نكلنے كا حكم ديا، نوجوان شادى كے قابل اور حيض والى اور كنوارى عورتيں نكليں، اور حيض والى عورتيں نماز سے عليحدہ رہيں، اور وہ خير اور مسلمانوں كى دعاء ميں شريك ہوں، ميں نے كہا: اے اللہ تعالى كے رسول صلى اللہ عليہ وسلم اگر ہم ميں سے كسى ايك كے پاس اوڑھنى نہ ہو تو رسول كريم صلى اللہ عليہ وسلم نے فرمايا:

" اس كى بہن اسے اپنى اوڑھنى دے دے "

صحيح بخارى حديث نمبر ( 324 ) صحيح مسلم حديث نمبر ( 890 ).

العواتق: عاتق كى جمع ہے، جو بالغ لڑكى يا قريب البلوغ يا شادى كے قابل لڑكى كو كہتے ہيں.

ذوات الخدور: كنوارى لڑكياں.

حافظ ابن حجر رحمہ اللہ تعالى كہتے ہيں:

اس ميں عورتوں كا نماز عيد كے ليے نكلنے كا استحباب ہے، چاہے وہ چاہے وہ نوجوان ہوں يا نہ، يا پھر شكل و صورت والى ہوں يا نہ. اھـ

اور شوكانى رحمہ اللہ تعالى كہتے ہيں:

يہ حديث اور اس كے معنى ميں جو دوسرى احاديث ہيں عيدين ميں عورتوں كے ليے عيدگاہ كى طرف نكلنے كى مشروعيت كى متقاضى ہيں، بغير كسى فرق كے كہ وہ كنوارى ہو يا شادى شدہ، يا جوان ہو يا بوڑھى، حائضہ ہو يا دوسرى، جبكہ وہ عدت والى نہ ہو اور اس كے نكلنے ميں عورت يا كسى دوسرے كے ليے فتنہ نہ ہو، يا پھر اسے كوئى عذر ہو. اھـ

شيخ ابن عثيمين رحمہ اللہ تعالى سے دريافت كيا گيا:

كيا عورت كے ليے نماز عيد كے ليے جانا افضل ہے يا كہ گھر ميں رہنا؟

تو شيخ رحمہ اللہ تعالى كا جواب تھا:

" عورت كا نماز عيد كے ليے جانا افضل اور بہتر ہے؛ كيونكہ رسول كريم صلى اللہ عليہ وسلم نے عورتوں كو نماز عيد كے ليے جانے كا حكم ديا ہے، حتى كہ قريب البلوغ اور كنوارى عورتوں كو بھى ـ يعنى ان عورتوں كو بھى نكلنے كا حكم ديا ہے جو عادتا باہر نہيں نكلتيں ـ چنانچہ حائضہ عورت بھى عورتوں كے ساتھ عيد گاہ جائيگى، ليكن وہ نماز والى جگہ ميں داخل نہيں ہو گى؛ كيونكہ عيد گاہ مسجد ہے، اور مسجد ميں حائضہ عورت كے ليے ٹھرنا جائز نہيں، ليكن وہ وہاں سے گزر سكتى ہے، يا پھر وہاں سے كوئى چيز پكڑ سكتى ہے، ليكن وہاں ٹھرے گى نہيں.

تو اس بنا پر ہم يہ كہيں گے كہ: عورتوں كو نماز عيد كے ليے نكلنے اور مردوں كے ساتھ اس نماز ميں شريك ہونے كا حكم ہے، اس ميں شركت كا حكم ہے جس سے خير اور ذكر اور دعاء حاصل ہوتى ہے. اھـ

ديكھيں: مجموع فتاوى الشيخ ابن عثيمين ( 16 / 210 ).

اور شيخ رحمہ اللہ كا يہ بھى كہنا ہے:

" ليكن عورتوں كو بے پرد اور بناؤ سنگھار كر كے نكلنے سے اجتناب كرنا چاہيے، اور نہ ہى وہ خوشبو اور عطر استعمال كر كے نكليں، كيونكہ اس طرح وہ سنت پر عمل اور فتنہ سے اجتناب دونوں كو جمع كرسكتى ہيں.

اور آج كل جو كچھ عورتوں سے بے پردگى اور خوشبو كا استعمال ہو رہا ہے وہ ان كى جہالت اور ان كے ذمہ داران اولياء كى كوتاہى كى بنا پر ہے، اور يہ عمومى شرعى حكم كو نہيں روك سكتا، جو كہ عورتوں كو نماز عيد كے ليے نكلنے كا ہے" اھـ

واللہ اعلم .

ماخذ: الاسلام سوال و جواب