جمعرات 27 جمادی اولی 1446 - 28 نومبر 2024
اردو

حيض ختم ہونے كے بعد تيز براؤن رنگ كا مادہ آنے كا حكم

تاریخ اشاعت : 24-02-2007

مشاہدات : 6735

سوال

مجھے ہر سال رمضان ميں ايك مشكل پيش آتى ہے كہ جب سات روز بعد ماہوارى ختم ہونے كے بعد غسل كرتى ہوں تو ايك بار پھر براؤن رنگ كا مادہ آتا ہے، آپ نے بيان كيا ہے كہ مسلمان عورت نماز ادا كر سكتى ہے، ليكن آيا كيا وہ روزہ بھى ركھ سكتى ہے ؟
اور كيا عورت ايك بار پھر ( وضوء ) غسل كرے ؟
ميں نے جتنے اشخاص كو يہ سوال كيا ہے انہوں نے مختلف قسم كے جوابات ديے ہيں.
آپ سے گزارش ہے كہ اس كے متعلق كوئى شافى جواب ديں، آيا ميں روزہ ركھوں اور نماز ادا كروں ؟ يا كہ اس دن كى بھى باقى دنوں كى طرح قضاء كروں ؟
اور كيا آپ مجھے پاك ہونے كے ليے غسل كے وقت كوئى معين دعا بتا سكتے ہيں تا كہ ميں پاك صاف ہو جاؤں، مجھے درج ذيل دعا كا علم ہے:
ميں نے ناپاكى دور كرنے كى نيت كى.
آيا اتنى ہى كافى ہے يا كچھ اور بھى كہنا ہو گا ؟

جواب کا متن

الحمد للہ.

اول:

اگر تو اسے ماہوارى مسلسل آتى ہو اور اس ميں كوئى ركاوٹ نہيں اور ہر ماہوارى ختم ہونے كے بعد يہ مادہ خارج ہوتا ہے تو يہ حيض شمار نہيں بلكہ يہ استحاضہ ہوگا، اس ليے اس كى طرف التفات نہيں كيا جائيگا، بلكہ ہر نماز كے ليے وضوء كر كے نماز ادا كى جائيگى.

اور اگر وہ طہر كے بعد يعنى سفيد پانى ديكھ لينے كے بعد يہ مادہ خارج ہوتا ہے تو بھى پہلى حالت كى طرح اس مادہ كى طرف التفات نہيں كيا جائيگا.

اور اگر يہ اس كى ماہوارى كے ايام ميں آئے تو پھر يہ حيض شمار ہوگا اور وہ نماز روزہ ترك كرےگى.

دوم:

حيض سے پاك ہونے كے ليے كوئى دعا نہيں جو غسل سے قبل پڑھى جاتى ہو.

مزيد تفصيل كے ليے آپ سوال نمبر ( 12897 ) كے جواب كا مطالعہ كريں.

سوم:

نيت دل سے ہوتى ہے زبان سے نہيں، اور نيت كے الفاظ زبان سے ادا كرنے جائز نہيں بلكہ بدعت ہيں، چنانچہ آپ كسى بھى نيك عمل كرتے وقت يہ نہيں كہہ سكتى: ميں فلاں كام كرنے كى نيت كرتى ہوں.

كيونكہ نبى كريم صلى اللہ عليہ وسلم سے ايسا كرنا ثابت نہيں، اور پھر سب سے بہترين طريقہ نبى كريم صلى اللہ عليہ وسلم كا طريقہ ہے، اور ہر نئى چيز بدعت اور ہر بدعت گمراہى ہے.

آپ سوال نمبر ( 13337 ) كے جواب كا ضرور مطالعہ كريں كيونكہ يہ سوال بہت اہم ہے.

واللہ اعلم .

ماخذ: الشیخ محمد صالح المنجد