سوموار 22 جمادی ثانیہ 1446 - 23 دسمبر 2024
اردو

ايام تشريق ميں دن كو منى سے باہر نكل جانا اور رات كو واپس آنا

36244

تاریخ اشاعت : 04-12-2006

مشاہدات : 6927

سوال

ميں رياض شہر كا باسى ہوں اور جدہ كے رہائشى اپنے كچھ دوستوں كے ساتھ مل كر حج كرنا چاہتا ہوں، ايام تشريق ميں دن كے وقت آرام كرنے كے ليے ميں جدہ جانا چاہتا ہوں، اور رات كو واپس منى آ جايا كرونگا اور تقريبا رات كا اكثر حصہ يعنى رات دس بجے سے صبح چار بجے تك منى ميں ہى بسر كرونگا، ميرا سوال يہ ہے كہ:
كيا ميرے ليے ايام تشريق ميں ہر روز جدہ جانا اور رات كو منى واپس آنا جائز ہے ؟
اور مجھے منى ميں رات گزارنے كے ليے كتنے گھنٹے منى ميں بسر كرنا ہونگے ؟

جواب کا متن

الحمد للہ.

اول:

حاجى كے ليے نبى كريم صلى اللہ عليہ وسلم كى اقتدا كرتے ہوئے سنت تو يہى ہے كہ وہ منى ميں سارا دن بسر كرے اور منى سے صرف طواف افاضہ كرنے كے ليے نكلے اس كے علاوہ نہيں، اور منى ميں رات بسر كرنا واجب ہے.

ليكن اگر منى ميں رہنے اور بيٹھنے كے ليے اسے جگہ نہ ملے تو پھر دن كے وقت مكہ وغيرہ جانے ميں كوئى حرج نہيں.

شيخ ابن باز رحمہ اللہ تعالى سے درج ذيل سوال كيا گيا:

ايك شخص عرفات ميں وقوف كر كے جمرہ اولى كو رمى كرنے كے بعد طواف اور سعى كرنے كے بعد مكہ ميں عصر كى نماز تك مكہ ميں اپنے گھر ہى رہے اور پھر منى جا كر اپنى قربانى كرے تو كيا مكہ ميں ٹھرنے كى بنا پر اس كے ذمہ كچھ لازم آتا ہے ؟

شيخ رحمہ اللہ تعالى كا جواب تھا:

" اس ميں اس پر كوئى حرج نہيں، چنانچہ جو شخص دس ذوالحجہ عيد كے دن يا پھر ايام تشريق ميں دن كے وقت مكہ كے اندر اپنے گھر يا كسى دوست كے پاس رہے تو اس ميں كوئى حرج نہيں، بلكہ اگر ميسر ہو تو اس كے ليے منى ميں ہى دن بسر كرنا افضل اور بہتر ہے.

كيونكہ نبى كريم صلى اللہ عليہ وسلم اور صحابہ كرام كا طريقہ يہى ہے اور اس ميں ان كى سنت پر عمل بھى ہے، ليكن اگر ايسا كرنا ميسر نہ ہو يا پھر اس كے اس ميں مشقت ہو اور وہ دن كے وقت مكہ رہے اور پھر رات كو منى واپس چلا جائے اور رات وہيں بسر كرے تو اس ميں كوئى حرج نہيں " انتہى.

ماخوذ از: مجموع فتاوى الشيخ ابن باز ( 17 / 365 ).

شيخ ابن عثيمين رحمہ اللہ تعالى سے درج ذيل سوال كيا گيا:

كچھ حاجى ايام تشريق ميں دن كے وقت عزيزيہ ميں اپنى رہائش پر چلے جاتے ہيں ان كا حكم كيا ہے ؟

شيخ رحمہ اللہ تعالى كا جواب تھا:

" ميرى رائے تو يہ ہے كہ عزيزيہ كے رہائشى كو دن كے وقت اپنى رہائش پر نہيں جانا چاہيے، بلاشك و شبہ سنت تو يہى ہے كہ وہ منى ميں اپنے خيمہ ميں ہى رہے؛ كيونكہ حج جھاد فى سبيل اللہ كى ايك نوع ہى ہے، جيسا كہ رسول كريم صلى اللہ عليہ وسلم نے عائشہ رضى اللہ تعالى كو فرمايا تھا:

عائشہ رضى اللہ تعالى عنہا بيان كرتى ہيں ميں نے رسول كريم صلى اللہ عليہ وسلم سے دريافت كيا:

" كيا عورتوں پر بھى جھاد ہے ؟

تو رسول كريم صلى اللہ عليہ وسلم نے فرمايا:

" جى ہاں، عورتوں كا جھاد ايسا ہے جس ميں قتال اور لڑائى نہيں، حج اور عمرہ ہے "

چنانچہ حاجى كے حق ميں مشروع يہى ہے كہ وہ دن اور رات منى ميں بسر كرے " انتہى.

شيخ رحمہ اللہ تعالى سے يہ سوال بھى كيا گيا كہ:

كيا ايام تشريق ميں منى سے مكہ كے قريبى علاقہ مثلا جدہ جانا حج ميں مخل تو نہيں ہوتا ؟

شيخ رحمہ اللہ تعالى كا جواب تھا:

" اس سے حج ميں خلل پيدا نہيں ہوتا، ليكن افضل يہى ہے كہ انسان دن اور رات منى ميں ہى بسر كرے جس طرح نبى كريم صلى اللہ عليہ وسلم رات اور دن منى ميں بسر كرتے تھے " انتہى.

ماخوذ از: مجموع فتاوى الشيخ ابن عثيمين ( 23 / 241 - 243 ).

دوم:

منى ميں مبيت كا ضابطہ يہ ہے كہ:

حاجى نصف رات سے زيادہ منى ميں بسر كرے، اور رات غروب شمس سے ليكر طلوع فجر تك شمار كى جائيگى.

اس بنا منى ميں مغرب سے فجر تك كا وقت شمار كيا جائيگا، چنانچہ اگر آپ كا چھ گھنٹے منى ميں بسر كرنا رات كا نصف سے زيادہ حصہ بنتا ہے تو آپ نے واجب ادا كر ديا.

شيخ ابن عثيمين رحمہ اللہ تعالى سے درج ذيل سوال كيا گيا:

ايام تشريق ميں حاجى منى ميں كس مقدار سے رات بسر كرے گا ؟

شيخ رحمہ اللہ تعالى كا جواب تھا:

" علماء رحمہم اللہ نے بيان كيا ہے كہ منى ميں رات كا اكثر حصہ بسر كرنا واجب ہے، اگر ہم فرض كريں كہ رات دس گھنٹے كى ہو تو ساڑھے پانچ گھنٹے منى ميں بسر كرنا نصف سے زيادہ ہے، اور اس سے زائد سنت ہوگا. انتہى

ماخوذ از: مجموع فتاوى الشيخ ابن عثيمين ( 23 / 244 ).

واللہ اعلم .

ماخذ: الاسلام سوال و جواب