بدھ 8 رجب 1446 - 8 جنوری 2025
اردو

کیا عورتوں کے دیکھنے سے روزہ باطل ہوجاتا ہے

سوال

ماہ رمضان میں اجنبی عورتوں کو دیکھنے کا کیا حکم ہے ؟

جواب کا متن

الحمد للہ.

مندرجہ بالا سوال دو مسئلوں پر مشتمل ہے :

اول : عورتوں کو دیکھنے کا حکم ۔

دوم : کیا عورتوں کودیکھنے سے روزہ باطل ہوجاتا ہے یا کفارہ واجب ہوتا ہے ؟

عورتوں کودیکھنے کاحکم :

اجنبی عورتوں کو دیکھنا حرام ہے کیونکہ اللہ عزوجل نے مومنوں کو یہ حکم دیا ہے کہ وہ اپنی نظریں نیچی رکھا کريں ۔

اللہ تعالی کا فرمان ہے :

مومنوں کو کہہ دیجیۓ کہ وہ اپنی نظریں نيچی رکھا کریں اوراپنی شرمگاہوں کی حفاظت کریں النور ( 30 ) ۔

اورنبی مکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے بھی یہی حکم دیا ہے ۔

جریر رضی اللہ تعالی عنہ بیان کرتےہيں کہ میں نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے اچانک نظر پڑجانے کے بارہ میں پوچھا تونبی صلی اللہ علیہ وسلم فرمانے لگے :

( اپنی نظر پھیر لیا کرو ) سنن ابوداود کتاب النکاح حدیث نمبر ( 1836 ) علامہ البانی رحمہ اللہ تعالی نے صحیح ابوداود ( 1880 ) میں اسے صحیح قرار دیا ہے ۔

اس لیے اللہ تعالی اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے احکام کی پابندی کرنی چاہیے کیونکہ اللہ تعالی نے نافرمانی سے بچنے کا کہاہے :

اس کےبارہ میں ہی اللہ تعالی نے کچھ اس طرح فرمایا :

سنو جولوگ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے حکم کی مخالفت کرتے ہیں انہیں ڈرتے رہنا چاہیے کہ کہیں ان پر کوئي زبردست آفت نہ آپڑے ، یا انہيں دردناک عذاب نہ پہنچے النور ( 63 ) ۔

آپ مزید تفصیل کےلیے سوال نمبر ( 21784 ) اور( 20229 ) کے جوابات کا بھی مطالعہ کریں ۔

رہا دوسرا مسئلہ : کہ اجنبی عورتوں کودیکھنے کا روزے پر کیا اثر ہوتا ہے ، اس سوال کے بارہ میں لجنۃ الدائمۃ سے پوچھا گیا تو اس کا جواب تھا :

اس سےروزہ باطل نہيں ہوتا ،لیکن اسے اپنی نظریں نيچي رکھنی چاہییں ۔ دیکھیں فتاوی اللجنۃ الدائمۃ للافتاء ( 10 / 274 ) ۔

اس لیے مسلمان پر واجب ہے اورخاص کرروزے دار کےلیے ضروری ہے کہ وہ اپنی نظروں کوعورتوں سے بچا کررکھے تا کہ اس کے روزہ کو حرام کردہ اشیاء سے نقصان نہ پہنچے ، جو کوئي بھی ایسا کام کرلے اسے اللہ تعالی کی طرف رجوع کرتےہوئے توبہ کرنی چاہیے ۔

واللہ اعلم  .

ماخذ: الاسلام سوال و جواب