"براہ کرم ویب سائٹ کے تسلسل کو یقینی بنانے کے لئے دل کھول کر تعاون کریں۔ "
الحمد للہ.
اول:
لوگوں كو دين اسلام كى دعوت و تبليغ كى حرص ركھنے پر ہم آپ كے شكر گزار ہيں، اور اسى طرح سنت نبويہ پر عمل كرنے اور شريعت كى مخالفت نہ كرنے كى حرص ركھنے پر بھى آپ لوگ شكريہ كے مستحق ہيں.
اللہ سبحانہ و تعالى سے ہمارى دعا ہے كہ وہ آپ كى مساعى و كوشش كوآسان فرمائے، اور اس پر آپ كو بہتر جزائے خير عطا فرمائے.
دوم:
جو مسلمان شخص بھى اذان كى آواز سنے يعنى بغير لاؤڈ اسپيكر وغيرہ كے عام آواز كے ساتھ اذان سنائى دينے والے شخص پر مسجد ميں جا كر باجماعت نماز ادا كرنا واجب ہے اور علماء كرام كے اقوال ميں راجح قول يہى ہے كہ نماز باجماعت اس مسجد ميں ادا كرنا واجب ہے جہاں نماز پنجگانہ كى اذان ہوتى ہو.
آپ مزيد فائدہ كے ليے سوال نمبر ( 38881 ) كے جواب كا مطالعہ ضرور كريں.
ليكن كسى شرعى ضرورت يا پھر كسى راجح مصلحت كى بنا پر مسلمانوں كے ليے مسجد كے علاوہ بھى نماز باجماعت ادا كرنا جائز ہو سكتا ہے.
بلاشك و شبہ غير مسلموں كو اسلام كى دعوت دينے ميں عظيم مصلحت پائى جاتى ہے، اس ليے جب آپ كا ظن غالب يہ ہو كہ اس ہال ميں آپ لوگوں كا نماز باجماعت ادا كرنا غير مسلموں پر مؤثر ہو سكتا، بلكہ ہو سكتا ہے اس كى بنا پر ان ميں سے كچھ لوگ مسلمان بھى ہو جائيں تو پھر اس ہال ميں نماز ادا كرنے ميں كوئى حرج نہيں.
اس ليے آپ وہيں اذان دے كر اقامت كہيں اور باجماعت نماز ادا كر ليں.
اور اگر ہر برس يہ عمل كيا جائے تو بھى بدعت شمار نہيں ہوگا، كيونكہ اس كا مقصد تو شرعى مصلحت ہے كہ دين اسلام كے شعار كو ظاہر كيا جائے، اور غير مسلمانوں كو دعوت اسلام دينا مقصود ہے، ليكن اس كے ليے ہر برس يا ہر ماہ كوئى دن متعين نہيں كر لينا چاہيے، بلكہ يہ چيز ضرورت پرمنحصر ہے، اور پھر مختلف ايام ميں كيا جائے اور اس كے ليے كوئى مناسب دن اختيار كريں تا كہ زيادہ سے زيادہ غير مسلم جمع ہو سكيں، اور جتنى زيادہ تعداد كے ليے اسے ديكھنا ممكن ہو كيا جائے.
واللہ اعلم .