اتوار 21 جمادی ثانیہ 1446 - 22 دسمبر 2024
اردو

دو رکعت نماز پڑھ کر ثواب والدین کو ہدیہ کرنے کے متعلق من گھڑت روایت

169601

تاریخ اشاعت : 27-07-2023

مشاہدات : 1398

سوال

میں نے کسی ویب سائٹ پر پڑھا ہے کہ: جمعرات کو مغرب اور عشا کے درمیان دو رکعت نماز ادا کی جائے اور ہر رکعت میں سورت فاتحہ ایک بار، آیت الکرسی 5 بار، سورت اخلاص 5 بار، سورت الفلق اور سورت الناس 5 بار اور نماز سے فراغت کے بعد 15 بار استغفر اللہ پڑھیں اور اس کا ثواب والدین کو ہدیہ کر دیں، یہ عمل کرنے سے والدین کا حق ادا ہو جائے گا۔ اس روایت کی کیا حیثیت ہے؟

جواب کا متن

الحمد للہ.

اول:

اس حدیث کو غزالی رحمہ اللہ نے "إحياء علوم الدين" (1/200) میں اور ابو طالب مکی نے "قوت القلوب" میں ذکر کیا ہے، اور اس کی تخریج کے بارے میں حافظ عراقی رحمہ اللہ کہتے ہیں:
"یہ روایت سخت ضعیف سند کے ساتھ ابو موسی مدینی، اور ابو منصور دیلمی نے مسند الفردوس میں بیان کی ہے ، اور یہ روایت منکر ہے۔" ختم شد

اسی طرح اس روایت کو علامہ شوکانی رحمہ اللہ نے موضوع روایات سے متعلق اپنی کتاب "الفوائد المجموعة في الأحاديث الموضوعة" کے صفحہ: 64 پر اور اسی طرح علامہ لکھنوی رحمہ اللہ نے من گھڑت روایات سے متعلق اپنی کتاب "الآثار المرفوعة في الأخبار الموضوعة" کے صفحہ: (1/54) میں بیان کی ہے۔

دوم:

والدین یا دیگر فوت شدگان کے ایصالِ ثواب کے لیے نیکی کرنے کے بارے میں اہل علم کا اختلاف ہے، صحیح موقف یہ ہے کہ میت کو صرف اسی نیکی کا ثواب پہنچتا ہے جس کا احادیث میں ذکر ملتا ہے، مثلاً: حج، عمرہ، صدقہ، اور ایسے شخص کی طرف سے روزہ جس پر روزے باقی تھے اور وہ روزے رکھے بغیر فوت ہو گیا، جبکہ ان تمام اعمال سے افضل عمل دعا ہے۔

اس بارے میں مزید کے لیے آپ سوال نمبر: (46698 ) اور (763 ) کا جواب ملاحظہ کریں۔

چنانچہ مسلمان کو نبی صلی اللہ علیہ و سلم سے ثابت شدہ احادیث پر عمل کرنا چاہیے مسلمان کے لیے یہی کافی ہے، ضعیف اور من گھڑت روایات سے بچے ۔

اللہ تعالی سے دعا ہے کہ اللہ تعالی ہمیں دین کی صحیح سمجھ عطا فرمائے۔

واللہ اعلم

ماخذ: الاسلام سوال و جواب