اتوار 21 جمادی ثانیہ 1446 - 22 دسمبر 2024
اردو

عورت كے پاس گھريلو سامان كے ليے رقم ہے تو كيا اس ميں زكاۃ ہو گى ؟

41805

تاریخ اشاعت : 02-12-2005

مشاہدات : 5966

سوال

ميرے خاوند نے مجھے بطور مہر رقم دى، اور ميرے والد نے ميرى شادى كے وقت كچھ رقم دى اور نكاح كے وقت طے يہ پايا كہ يہ دونوں رقميں گھريلو سامان كى خريدارى پر خرچ ہونگى، جيسا كہ ہمارے ملك ميں رواج ہے، پھر ميں اور خاوند ملازمت كے ليے ملك سے باہر چلے گئے اور اپنے گھر كے ليے سامان نہ خريد سكے بلكہ يہ رقم بنك ميں جمع كرادى تا كہ واپس آكر اس رقم سے گھر كا سامان خريدا جاسكے، اور جب ميں ہر برس اپنے ملك واپس آتى ہوں تو بنك كے حرام منافع سے چھٹكارا حاصل كرتى ہوں، ليكن ميرا سوال يہ ہے كہ:
كيا ميرے ذمہ اس مال ميں زكاۃ ادا كرنى لازم ہے يا نہيں ؟

جواب کا متن

الحمد للہ.

جى ہاں اس مال ميں ہر سال زكاۃ ادا كرنى واجب ہے، كيونكہ نقدى ميں دو شرطوں كے ساتھ زكاۃ واجب ہوتى ہے:

پہلى شرط:

رقم نصاب كو پہنچتى ہو.

دوسرى شرط:

اس پر سال مكمل ہو جائے.

لہذا جب يہ دونوں شرطيں پورى ہو جائيں تو نقدى ميں زكاۃ واجب ہوتى ہے، اس كى مقدار دس كا چوتھائى يعنى اڑھائى فيصد ہے.

مستقل فتوى كميٹى سے سوال كيا گيا:

ايك شخص كے پاس نقد رقم ہے، اور اس پر سال مكمل ہو چكا ہے، ليكن اس نے يہ رقم شادى كے ليے جمع كر ركھى ہے، تو كيا اس پر زكاۃ ہو گى؟

كميٹى كا جواب تھا:

" اس ميں زكاۃ واجب ہے، كيونكہ يہ زكاۃ كے وجوب كے عمومى دلائل ميں شامل ہے، اور اس كا شادى كے ليے جمع كرنا زكاۃ كے وجوب كو ساقط نہيں كريگا" اھـ

ديكھيں: فتاوى اللجنۃ الدائمۃ للبحوث العلميۃ والافتاء ( 9 / 269 ).

شيخ ابن عثيمين رحمہ اللہ تعالى سے مندرجہ ذيل سوال كيا گيا:

ايك شخص نے گھر تعمير كرنے كے ليے كچھ رقم جمع كى اور اس پر سال مكمل ہو گيا تو كيا اس پر زكاۃ ہو گى ؟

شيخ رحمہ اللہ تعالى كا جواب تھا:

" جى ہاں اس ميں زكاۃ ہے، كيونكہ پيسوں اور دراہم ميں زكاۃ ہے چاہے وہ كسى بھى كام كے ليے ہوں، حتى كہ اگر انسان نے اگر اپنى شادى كے ليے رقم جمع كى ہو، يا پھر كسى انسان نے اپنا گھر خريدنے كے ليے جمع كيے ہوں، يا وہ اس رقم سے اپنا نان و نفقہ خريدنا چاہتا ہو، لہذا جب رقم ہو اور اس پر سال مكمل ہو جائے اور وہ نصاب تك پہنچتى ہو تو اس ميں زكاۃ ہے" اھـ

ديكھيں: فتاوى الزكاۃ ( 174 ).

واللہ اعلم .

ماخذ: الاسلام سوال و جواب