"براہ کرم ویب سائٹ کے تسلسل کو یقینی بنانے کے لئے دل کھول کر تعاون کریں۔ "
الحمد للہ.
ہم نے مندرجہ ذيل سوال فضیلۃ الشيخ محمد بن صالح عثيمین رحمہ اللہ تعالی کے سامنے پیش کیا :
میں ایک تارک نماز سے شادی شدہ ہوں پھر اللہ تعالی نے مجھے ھدایت سے نوازا تو میں اپنے خاوند سے نماز پڑھنے کا اصرار کرنے لگی تو وہ نماز پڑھنے لگا لیکن ایسے پڑھتا تھا کہ اسے مجبور کیا گيا ہے ، بلکہ وہ یہ صراحتا کہتا ہے کہ میں نماز تیرے لیے پڑھ رہا ہوں تو کیا میرا اس کے ساتھ رہنا جائز ہے کہ نہیں؟
توشيخ رحمہ اللہ تعالی کا جواب تھا :
جب عقد نکاح کے وقت وہ بے نماز تھا تو یہ نکاح صحیح نہیں ، تو اس بنا پر بیوی پر واجب ہے وہ اس سے علیحدہ ہو جائے ، اورجب وہ مسلمان ہو جائے تو پھر تجدید نکاح کرلے ، اورجب وہ مسلمان نہیں ہوتا تو پھر اللہ تعالی عورت کواس سے بہتر آدمی عطا کردے گا ۔
سوال : اورجب عورت نے شادی کی تو وہ خود بھی بے نماز تھی اورخاوند بھی بے نماز تھا تو کیا یہ شادی بھی باطل ہو گی ؟
جواب : جب وہ دین پر ہوں تو نکاح پرہی باقی رہیں گے ، لیکن اگر وہ دین پر نہیں بلکہ مرتد ہوں تو بہت سے علماء کرام نے یہ صراحت کی ہے مرتدوں کا نکاح صحیح نہیں ، کیونکہ وہ دین پر ہی قائم نہیں ، نہ تو وہ دین اسلام پر ہیں اور نہ ہی اس دین پر جس کی طرف مرتد ہوئے ہیں ۔
سوال : کیا نماز پڑھنے والے خاوند کی یہ صراحت کہ وہ صرف بیوی کے لیے نماز پڑھتا ہے مرتد ہونے کے لیے کافی ہے ، یا کہ ظاہر پر عمل کرتے ہوئے کہ وہ نماز پڑھتا ہے اس کے ساتھ ہی رہا جائے ؟
جواب : مجھے تو یہ ظاہر ہوتا ہے کہ وہ بیوی کوخوش کرکے نماز اللہ تعالی کے لیے پڑھ رہا ہے ، وہ یہ نہیں چاہتا کہ نماز کا قیام ، رکوع ، سجود ، اورقنوت بیوی کے لیے ہو ، وہ نماز تو اللہ تعالی کےلیے ادا کررہا ہے تا کہ بیوی راضي ہو جائے تو اس سے مشرک نہیں ہوگا ۔
واللہ اعلم .