ہفتہ 8 جمادی اولی 1446 - 9 نومبر 2024
اردو

حاملہ عورت كو طلاق دينا

12287

تاریخ اشاعت : 30-11-2010

مشاہدات : 15466

سوال

مجھے ميرے خاوند نے حمل كى حالت ميں طلاق دے دى اور وضع حمل سے قبل رجوع كر ليا، اور كہنے لگا: ہمارى طلاق نہيں ہوئى كيونكہ حاملہ عورت كو طلاق نہيں دى جا سكتى، اس ليے ميں يہ جاننا چاہتى ہوں كہ مجھے حقيقتا طلاق ہوئى تھى يا نہيں ؟
ميرا خاوند مجھ سے بہت محبت كرتا ہے اور ميں بھى اسے بہت محبت كرتى ہوں، ہمارے چھوٹے چھوٹے بچے بھى ہيں برائے مہربانى آپ جتنى جلدى ہو سكتے اس كا جواب ديں كہ آيا طلاق ہوئى تھى يا نہيں ؟

جواب کا متن

الحمد للہ.

شيخ ابن باز رحمہ اللہ سے درج ذيل سوال كيا گيا:

كيا حاملہ عورت كو طلاق واقع ہو جاتى ہے يا نہيں ؟

شيخ رحمہ اللہ كا جواب تھا:

يہ مسئلہ عام لوگوں ميں چل رہا ہے، كچھ عوام كا خيال ہے كہ حاملہ عورت كو طلاق واقع نہيں ہوتى، مجھے علم نہيں كہ ان كا يہ خيال اور گمان كہاں سے آيا ہے، علماء كرام كى كلام ميں اس كى كوئى اصل نہيں ہے.

بلكہ سب اہل علم اس پر متفق ہيں كہ حاملہ عورت كو دى گئى طلاق واقع ہو جاتى ہے، اور اس پر اہل علم كا اجماع ہے جس ميں كوئى اختلاف نہيں.

طلاق دينے كا سنت طريقہ يہ ہے كہ دو حالتوں ميں طلاق دى جائے:

پہلى حالت:

بيوى حاملہ ہو، اسے طلاق دى جائے تو يہ سنت طريقہ ہو گا بدعى نہيں.

دوسرى حالت:

عورت پاك ہو اور اس سے خاوند نے جماع نہ كيا ہو، يعنى عورت اپنے حيض يا نفاس سے پاك ہوئى ہو اور خاوند نے اس سے جماع نہ كيا ہو تو اسے طلاق دے تو اس حالت ميں دى گئى طلاق سنت طريقہ كے مطابق ہوگى نہ كہ بدعى طريقہ پر.

ديكھيں: فتاوى الطلاق للشيخ ابن باز ( 1 / 45 - 46 ).

جب اس نے عدت ميں ہى رجوع كر ليا ہے تو وہ اس كى بيوى بن جائيگى، كيونكہ حاملہ عورت كى عدت وضح حمل ہے اور اس كا خاوند وضع حمل سے قبل بيوى سے رجوع كر سكتا ہے.

اللہ سبحانہ و تعالى كا فرمان ہے:

اور حمل واليوں كى عدت يہ ہے كہ وہ اپنا حمل وضع كر ليں الطلاق ( 4 ).

حاملہ عورت كى عدت يہى ہے چاہے وہ طلاق يافتہ ہو يا اس كا خاوند فوت ہو جائے، اور خاوند كو چاہيے كہ وہ اس طلاق كو شمار كرے .

واللہ اعلم .

ماخذ: الشیخ محمد صالح المنجد