الحمد للہ.
اول:
اجنبی لڑکے اور لڑکیوں کے باہمی تعلق کے حرام ہونے کے بارے میں کوئی بھی دانش مند دوسری رائے نہیں رکھتا، ایسے تعلق سے فتنے اور خرابیاں پیدا ہوتی ہیں، جن لوگوں میں یہ چیزیں پائی جاتی تھیں ان میں بے پناہ تباہ کن نتائج دیکھنے کو ملے ہیں۔
دوم:
آپ نے اس لڑکے کے بارے میں بتلایا کہ وہ اسلام قبول کرنا چاہتا ہے اور آپ سے شادی کا خواہاں ہے، جبکہ آپ اس کے مسلمان ہونے کے باوجود بھی اس سے شادی نہیں کر سکتیں، تو اس سے آپ پر مزید لازمی ہو جاتا ہے کہ اس سے قطع تعلقی کر لیں، اس قطع تعلقی کے بعد جو بھی ہو آپ کو اس سے کوئی نقصان نہیں پہنچے گا؛ کیونکہ اگر وہ واقعی اسلام قبول کرنا چاہتا ہو گا تو آپ کا تعلق قائم رہے یا نہ رہے وہ ہر حالت میں اسلام قبول کر کے رہے گا۔
اس لیے آپ کسی بھی ایسی ویب سائٹ کا وزٹ مت کریں جہاں وہ لڑکا بھی آتا ہے، نیز اس سے رابطے کے تمام تر ذرائع ترک کر کے متبادل اختیار کریں، یہ بھی واضح رہے کہ یہ سب کام اللہ تعالی سے توبہ کرتے ہوئے اور اللہ تعالی کے غضب و عذاب سے بچنے کے لیے کرنے ہیں ، اسی طرح اللہ تعالی کا شکر ادا کریں کہ اللہ تعالی نے آپ کو کسی بھی بڑے اور سنگین اقدام سے بچا لیا ہے ۔
ہم اللہ تعالی سے دعا گو ہیں کہ اللہ تعالی آپ کو ہر قسم کی برائی سے بچائے اور فتنوں سے محفوظ فرمائے۔
واللہ اعلم