سوموار 22 جمادی ثانیہ 1446 - 23 دسمبر 2024
اردو

كيا مقروض شخص پر زكاۃ واجب ہے ؟

22426

تاریخ اشاعت : 16-03-2011

مشاہدات : 16250

سوال

اگر انسان پر اس كى ملكيت ميں سارے مال كے برابر يا اس سے زيادہ اس كے ذمہ قرض ہو تو كيا وہ اپنے موجود مال كى سال پورا ہونے پر زكاۃ ادا كرے گا ؟

جواب کا متن

الحمد للہ.

جس كے پاس زكاۃ والا مال ہو، اور اس پر سال گزر جائے تو اس پر اس كى زكاۃ نكالنا واجب ہے، چاہے وہ مقروض ہى كيوں نہ ہو، علماء كرام كا صحيح قول يہى ہے؛ اس كى دليل زكاۃ كے وجوب كے عمومى دلائل ہيں، كہ جس شخص كے پاس مال ہو اور وہ نصاب كو پہنچے اور سال گزر جائے تو اس پر زكاۃ ہو گى چاہے اس كے ذمہ قرض ہى كيوں نہ ہو.

اور اس ليے بھى كہ نبى كريم صلى اللہ عليہ وسلم اپنے زكاۃ جمع كرنے والے عمال كو زكاۃ وصول كرنے كا حكم ديا كرتے اور كسى اور ايك كو بھى يہ حكم نہيں ديا كہ وہ ان سے سوال كريں كہ آيا ان پر قرض ہے يا نہيں ؟

اور اگر قرض زكاۃ كے ليے مانع ہوتا تو نبى كريم صلى اللہ عليہ وسلم اپنے عمال كو اہل زكاۃ سے استفسار اورسوال كرنے كا حكم ديتے كہ آيا وہ مقروض ہيں يا نہيں" اھـ

ديكھيں: مجموع فتاوى و مقالات متنوعۃ لسماحۃ الشيخ عبد العزيز بن باز ( 14 / 51 ).

اور ابن باز رحمہ اللہ تعالى نے ايك اور فتوى ميں بھى ايسا ہى كہا ہے ديكھيں: ( 14 / 52 ).

" .... ليكن اگر آپ نے قرض كى ادائيگى اپنے پاس موجود رقم پر سال گزرنے سے قبل كر دى تو جو آپ نے قرض كى ادائيگى ميں رقم صرف كى ہے اس پر زكاۃ نہيں ہوگى، بلكہ جو رقم باقى ہے اس پر جب سال گزر جائے اور وہ نصاب كو پہنچتى ہو تو پھر زكاۃ ہو گى" اھـ

اور شيخ ابن عثيمين رحمہ اللہ تعالى سے مندرجہ ذيل سوال كيا گيا:

ايك شخص كے پاس اصل رقم ايك لاكھ ريال ہے، اور وہ دو لاكھ ريال كا مقروض ہے، اسطرح كہ ہر سال وہ اس ميں سے دس ہزار ريال كى ادائيگى كرتا ہے تو كيا اس پر زكاۃ لاگو ہوتى ہے؟

شيخ رحمہ اللہ تعالى كا جواب تھا:

جى ہاں آپ كے ہاتھ ميں جو رقم ہے اس پر زكاۃ ہے، يہ اس ليے كہ زكاۃ كے وجوب ميں جو دلائل ہيں وہ عام ہيں، اس ميں كسى چيز كا استثنى نہيں، اور نہ ہى مقروض شخص كو اس ميں سے مستثنى كيا گيا ہے، اور جب نصوص عام ہيں تو پھر اس سے زكاۃ وصول كرنا واجب ہے.

پھر مال ميں زكاۃ واجب ہے، كيونكہ اللہ سبحانہ وتعالى كا فرمان ہے:

ان كے مال ميں سے صدقہ لے ليجئے، جس كے ذريعہ سے آپ ان كے مالوں كو پاك صاف كرديں، اور ان كے ليے دعا كيجئے، بلا شبہ آپ كى دعا ان كے ليے موجب اطمينان ہے، اللہ تعالى خوب سنتا اور خوب جانتا ہے التوبۃ ( 103 ).

اور بخارى شريف كى مندرجہ ذيل حديث ميں نبى كريم صلى اللہ عليہ وسلم كا فرمان ہے:

ابن عباس رضى اللہ تعالى عنہما بيان كرتے ہيں كہ جب نبى كريم صلى اللہ عليہ وسلم نے معاذ رضى اللہ تعالى كو يمن روانہ كيا تو انہيں فرمايا:

" انہيں يہ بتانا كہ اللہ تعالى نے ان كے اموال ميں ان پر صدقہ فرض كيا ہے"

لہذا اللہ تعالى اور اس كے رسول صلى اللہ عليہ وسلم نے بيان كيا كہ مال ميں زكاۃ ہے، نہ كہ انسان كے ذمہ ميں، اور قرض انسان كے ذمہ ہے، لہذا يہاں تو جہت ہى مختلف ہے، اس ليے كہ آپ كى ملكيت ميں جو مال ہے زكاۃ اس پر واجب ہے، اور قرض آپ كے ذمہ واجب ہے، تو اس زكاۃ كا گوشہ اور ہے، اور اس قرض كا اور.

لہذا آدمى كو اپنے رب سے ڈرنا چاہيے اور اس كے پاس جو كچھ ہے اس كى زكاۃ نكالے، اور اپنے ذمہ قرض كى ادائيگى ميں اللہ تعالى سے مدد طلب كرے، اور يہ دعا كرتا رہے:

اے اللہ ميرا قرض ادا كردے، اور مجھے فقر سے محفوظ ركھ.

اور ہو سكتا ہے كہ اپنے پاس مال كى زكاۃ ادا كرنے سے اس كے مال ميں بركت ہو اور وہ زيادہ ہو جائے، اور وہ اپنے قرض سے چھٹكارا حاصل كرلے، اور زكاۃ كى عدم ادائيگى اس كے فقر كا سبب بن جائے، اور اس كا يہ خيال كرنا كہ وہ ہميشہ ضرروتمند ہے اور وہ اہل زكاۃ ميں سے نہيں، اور اسے اللہ عزوجل كا شكر ادا كرنا چاہيے كہ اللہ نے اسے دينے والوں ميں بنايا ہے، نہ كہ لينے والوں ميں سے. اھـ

ديكھيں: مجموع فتاوى الشيخ ابن عثيمين ( 18 / 39 ).

اور شيخ رحمہ اللہ تعالى ايك دوسرے فتوى ميں اسى مسئلہ كے متعلق كہتے ہيں:

( ليكن اگر قرض كا مطالبہ فورى ہو اور وہ اسے ادا كرنا چاہتا ہو تو پھر ہم اس وقت يہ كہتے ہيں كہ: اپنے قرض كى ادائيگى كرو، اور پھر باقى بچنے والا مال اگر نصاب كو پہنچتا ہے تو اس كى زكاۃ ادا كرديں ).

ديكھيں: مجموع فتاوى الشيخ ابن عثيمين ( 18 / 38 ).

اس كى تائيد اس سے بھى ہوتى ہى جو حنابلہ كے فقھاء نے فطرانہ كے بارہ ميں كہا ہے:

ان كا قول ہے: اسے قرض نہيں روكتا ليكن اگر اس كا مطالبہ كيا جا رہا ہو.

اور اسى طرح عثمان رضى اللہ تعالى عنہ سے اثر مروى ہے: وہ رمضان المبارك ميں كہا كرتے تھے:

" يہ تمہارى زكاۃ كا مہينہ ہے، لہذا جس پر قرض ہو وہ اسے ادا كرے"

تو يہ اس بات كى دليل ہے كہ اگر قرض فى الحال ہو اور وہ اسے ادا كرنا چاہتا ہو تو اسے زكاۃ پر مقدم كيا جائے گا، ليكن جو قرضے مؤجل ہيں يعنى ان كى ادائيگى كا وقت دور ہے تو وہ زكاۃ كى ادائيگى ميں بلا شك و شبہ مانع نہيں. اھـ

اور مستقل فتوى كيمٹى كے فتاوى جات ميں ہے:

( علماء كرام كا صحيح قول يہى ہے كہ قرض زكاۃ كے ليے مانع نہيں ہے، اس ليے كہ رسول كريم صلى اللہ عليہ وسلم اپنے عمال كو زكاۃ لينے كے ليے روانہ كيا كرتے تھے اور انہيں يہ نہيں كہتے تھے كہ ديكھنا وہ مقروض ہيں يا نہيں ) اھـ

واللہ اعلم .

ماخذ: الاسلام سوال و جواب