سوموار 22 جمادی ثانیہ 1446 - 23 دسمبر 2024
اردو

نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے بیٹے بیٹیوں کی تعداد

سوال

نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی کتنی بیٹیاں اوروہ کس بیوی سے تھیں رضي اللہ تعالی عنہم ؟

جواب کا متن

الحمد للہ.

نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی اولاد میں بیٹے اوربیٹیاں جن میں سب سے پہلے قاسم رضي اللہ تعلی عنہ تھے جو کہ بچپن میں ہی فوت ہوۓ ، اوریہ بھی کہا جاتا ہے کہ وہ سواری پرسوار ہونے کی عمر تک زندہ رہے ، ان کے بعد زینب رضي اللہ تعالی عنہا ہیں اوریہ بھی کہا جاتا ہے کہ یہ قاسم رضي اللہ تعالی عنہ سے بڑی تھیں ۔

پھران کے بعد رقیہ اور ام کلثوم ، اورفاطمہ رضي اللہ تعالی عنہن ہیں ، اورہر ایک کے بارہ میں کہا گيا ہے کہ وہ اپنی دوسری بہنوں سے بڑی تھی ۔

ابن عباس رضي اللہ تعالی عنہما سے بیان کیا گيا ہے کہ رقیہ رضي اللہ تعالی عنہا تینوں سے بڑی تھیں ، اورام کلثوم رضي اللہ تعالی عنہا سب سے چھوٹی تھیں ۔

پھر نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے ہاں عبداللہ رضی اللہ تعالی عنہ کی پیدائش ہوئ ، اور اس میں اختلاف ہے کہ آیا وہ نبوت سے قبل پیدا ہوۓ یا کہ وہ بعداز نبوت ، اوربعض نے اسے صحیح قرار دیا کہ وہ نبوت کے بعد پیدا ہوۓ ۔

اوراس میں بھی اختلاف ہے کہ آیا عبداللہ ہی طاہر اورطیب ہیں یا کہ وہ دونوں کوئ اورہيں اس میں دو قول ہیں ، اورصحیح یہی ہے کہ یہ دونوں عبداللہ کے لقب ہیں واللہ تعالی اعلم ۔

اوریہ سب کےسب خدیجہ رضی اللہ تعالی عنہا کی اولاد ہے ، اورکسی دوسری بیوی سے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کاکو‏ئ بچہ پیدا نہیں ہوا ، پھر نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے ہاں ان کی لونڈی ماریہ قبطیہ سے آٹھـ ھجری میں ابراھیم پیداہوۓ ۔ دیکھیں زاد المعاد ( 1 / 103 ) ۔

تواس طرح نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی ساری کی ساری اولاد خدیجہ رضي اللہ تعالی عنہا سے پیدا ہوئ اورصرف ابراھیم جوکہ ماریہ قبطیہ رضي اللہ تعالی عنہا سے تھے جوکہ اسکندریہ کے بادشاہ اورقبطیوں کےبڑے کی طرف سے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کوبطورھدیہ پیش کی گئ تھیں ۔

تواس طرح صحیح یہ ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی اولاد کی تعداد سات جن میں تین بیٹے اورچار بیٹیاں ہیں جن کے نام ذيل میں دیے جاتے ہيں :

بیٹے :

1 – القاسم رضی اللہ تعالی عنہ

2 - عبداللہ رضی اللہ تعالی عنہ

3 - ابراھیم رضي اللہ تعالی عنہ

بیٹیاں :

1 - زینب رضي اللہ تعالی عنہا

2 - رقیہ رضي اللہ تعالی عنہا

3 - ام کلثوم رضي اللہ تعالی عنہا

4 - فاطمہ رضی اللہ تعالی عنہا

نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی فاطمہ رضي اللہ تعالی عنہا کے علاوہ باقی ساری اولاد نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی میں ہے فوت ہوگئ صرف فاطمہ رضي اللہ تعالی عنہا نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے بعد فوت ہوئيں ۔

واللہ اعلم .

ماخذ: الاسلام سوال و جواب