اتوار 21 جمادی ثانیہ 1446 - 22 دسمبر 2024
اردو

خطبہ سننے كے ليے حائضہ عورت كا مسجد ميں داخل ہونا

33649

تاریخ اشاعت : 11-05-2010

مشاہدات : 10042

سوال

كيا حائضہ عورت صرف خطبہ جمعہ سننے كے ليےمسجد ميں آ سكتى ہے، دلائل كے ساتھ ذكر كريں ؟

جواب کا متن

الحمد للہ.

اگر تو خطبہ جمعہ سننے كے ليے مسجد ميں بيٹھے گى تو اس كے ليے ايسا كرنا حلال نہيں، كيونكہ حائضہ عورت كے ليے مسجد ميں داخل ہونا جائز نہيں، ليكن صرف وہاں سے گزر سكتى ہے.

ليكن اگر مسجد كے قريب يا كسى ايسى جگہ جو مسجد كے ملحق ہو وہاں بيٹھے تو اس ميں كوئى حرج نہيں، كيونكہ اس وقت وہ مسجد ميں داخل نہيں ہوئى.

مسجد كے ملحقات كے متعلق جواب كى تفصيل آپ سوال نمبر ( 34815 ) ميں ديكھ سكتے ہيں اس ميں بيان ہوا ہے كہ مسجد سے ملحق جگہ كب مسجد ميں ہو گى.

شيخ ابن عثيمين رحمہ اللہ تعالى كہتے ہيں:

حائضہ عورت كے ليے مسجد ميں ٹھرنا حتى كہ عيد گاہ ميں بھى ٹھرنا حرام ہے اس كى دليل درج ذيل حديث ہے:

ام عطيہ رضى اللہ تعالى عنہا بيان كرتى ہيں كہ: ہميں نبى كريم صلى اللہ عليہ وسلم نے حكم ديا كہ بالغ اور كنوارى لڑكياں بھى عيدين كى نماز كے ليے جائيں، اور حائضہ عورتوں كو مسلمانوں كى عيد گاہ سےدور رہنے كا حكم ديا "

صحيح بخارى حديث نمبر ( 324 ) صحيح مسلم حديث نمبر ( 890 ) اھـ

ديكھيں: الدماء الطبيعۃ للنساء ( 52 - 53 ).

العاتق: بالغ لڑكى اور ذوات الخدور كنوارى لڑكى كو كہتے ہيں.

مستقل فتوى كميٹى سے درج ذيل سوال كيا گيا:

حائضہ عورت كے ليے مسجد ميں داخل ہونے كا حكم كيا ہے ؟

كميٹى كا جواب تھا:

" حائضہ عورت كے ليے مسجد ميں داخل ہونا جائز نہيں، ليكن وہ جنبى شخص كى طرح ضرورت كى حالت ميں مسجد سے گزر سكتى ہے، كيونكہ اللہ سبحانہ وتعالى كا فرمان ہے:

اے ايمان والو جب تم نشہ ميں مست ہو نماز كے قريب بھى نہ جاؤ جب تك كہ اپنى بات سمجھنے نہ لگو، اور جنابت كى حالت ميں جب تك غسل نہ كر لو، ہاں راہ چلتے گزر جانے والے ہو تو اور بات ہے النساء ( 43 ). اھـ

ديكھيں: فتاوى اللجنۃ الدائمۃ للبحوث العلميۃ والافتاء ( 6 / 272 ).

اور مستقل فتوى كميٹى سے درج ذيل سوال بھى دريافت كيا گيا:

شريعت ميں حائضہ عورت كا صرف خطبہ سننے كے ليے مسجد ميں داخل ہونے كا حكم كيا ہے ؟

كميٹى كا جواب تھا:

" حائضہ يا نفاس والى عورت كے ليے مسجد ميں داخل ہونا حلال نہيں... ليكن ضرورت كى بنا پر مسجد سے گزرنے ميں كوئى حرج نہيں، ليكن شرط يہ ہے كہ مسجد كو گندگى سے بچائے، كيونكہ فرمان بارى تعالى ہے:

اور نہ جنابت كى حالت ميں، ہاں راہ چلتے گزر جانے والے ہو تو اور بات ہے النساء ( 43 ).

اور حائضہ عورت بھى جنبى كى معنى ميں ہى ہے؛ اور اس ليے بھى كہ نبى كريم صلى اللہ عليہ وسلم نے عائشہ رضى اللہ تعالى عنہا كو حيض كى حالت ميں مسجد سے چٹائى پكڑانے كا كہا تھا. اھـ

ديكھيں: فتاوى اللجنۃ الدائمۃ للبحوث العلميۃ والافتاء ( 6 / 272 ).

واللہ اعلم .

ماخذ: الاسلام سوال و جواب