الحمد للہ.
نبی مکرم صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان ہے :
( ولی اوردو گواہوں کے بغیر نکاح نہیں ہوتا ) یہ حدیث دوسرے شواہد کے ساتھ صحیح ہے دیکھیں ارواء الغلیل حدیث نمبر ( 1858 ) ۔
امام ترمذی رحمہ اللہ تعالی کہتے ہيں :
صحیح تویہی ہے جوابن عباس رضي اللہ تعالی عنہما سے مروی ہے کہ انہوں نے فرمایا : نکاح گواہی کے بغیر نہیں ہوتا ۔
صحابہ کرام اورتابعین عظام اوران کے بعد والے اہل علم کے ہاں عمل بھی اسی پر ہے اوران کا کہنا ہے کہ : گواہوں کے بغیر نکاح نہیں ہوتا ۔ دیکھیں جامع الترمذی ( 4 / 253 ) ۔
اگرتو سوال کرنے والوں نے اس چيز کا التزام نہيں کیا یعنی انہوں نے بغیر گواہوں کے ہی شادی کرلی ہے تو انہيں چاہیے کہ وہ لڑکی کے ولی اوردو گواہوں کی موجودگی میں نکاح دوبارہ کریں ۔
واللہ اعلم .