جمعرات 9 رجب 1446 - 9 جنوری 2025
اردو

مال محفوظ ركھنے كے ليے سودى بنك ميں رقم ركھنا

82669

تاریخ اشاعت : 19-03-2007

مشاہدات : 6727

سوال

ميں نے سود كے متعلق آپ كا ايك جواب پڑھا ہے، جس ميں نے تناقض اور اختلاف پايا ہے جس كى وجہ سے ميں اپنے معاملہ ميں بہت پريشان ہوں، آپ نے كہا ہے كہ: سودى بنك كو عمارت كرايہ پر دينا حرام ہے، يقينا يہ قطعى حرام ہے، اور آپ نے يہ بھى كہا ہے كہ: مال ضائع ہونے كے خوف سے سودى بنك ميں مال ركھنا جائز ہے.
يہ علم ميں رہے كہ يہ دوسرا شخص بھى سود كھلانے والے كے زمرے مں شامل ہوگا، اور گناہ و ظلم و زيادتى ميں تعاون كى مد ميں آتا ہے، آپ سے گزارش ہے كہ آپ ميرے ليے اس كى وضاحت فرمائيں ميں سودى بنك ميں اپنى رقم جمع كرواتا ہوں، كيونكہ ميرے ملك ميں كوئى اسلامى بنك نہيں ہے، اور ميں يہ حكم نہيں لگا سكتا كہ آيا يہ مال حرام ہے يا حلال ؟

جواب کا متن

الحمد للہ.

اول:

كسى شخص كو معصيت اور نافرمانى كرنے كے ليے دوكان يا گھر كرايہ پر دينا جائز نہيں، اس ميں سودى بنك كو عمارت كرايہ پردينا بھى شامل ہے؛ كيونكہ يہ گناہ و ظلم وزيادتى پر واضح اور كھلى اعانت ہے، اس ليے كہ عمارت كے مالك كو يہ علم ہے كہ اس نے يہ جگہ اس ليے دى ہے كہ يہاں حرام معاملات مثلا سود وغيرہ كا لين دين كيا جائے.

بہوتى رحمہ اللہ كہتے ہيں:

" ايسے شخص كو گھر كرايہ پر دينا جائز نہيں جو اسے چرچ اور كنيسہ بنالے، يا راہب كى كٹيا، يا شراب فروخت كا اڈا، يا قمار بازى وغيرہ كے ليے.

چاہے معاہدے ميں اس كى شرط ركھى جائے يا اسے كسى قرينہ سے اس كا علم ہو جائے؛ كيونكہ يہ حرام فعل ہے، اور اس كے ليے كرايہ پر دينا جائز نہيں " انتہى مختصرا

ديكھيں: شرح منتھى الارادات ( 2 / 358 ).

دوم:

سودى بنك ميں پيسے ركھنے حرام ہيں، چاہے وہ سود پر ركھے جائيں يا سود كے بغير، اور فائدہ كے ساتھ يا بغير فائدہ كے؛ كيونكہ بنك اس رقم پر سود لےگا اور سودى قرض ديگا.

ليكن اہل علم نے ايك خاص حالت كو اس سے مستثنى كيا ہے وہ يہ كہ: جب انسان كو اپنا مال چورى ہونے كا خدشہ ہو اور حفاظت كے ليے كوئى مامون جگہ نہ ملے تو اس كے سودى بنك ميں ضرورت كے تحت رقم ركھنى جائز ہے، كيونكہ ضرروت ممنوعہ چيز كو مباح كر ديتى ہے.

تو اس وقت اس پر لازم ہے كہ وہ اپنے اكاؤنٹ ميں بغير كسى فائدہ كے رقم جمع كرائے، اس ليے كہ ضرورت كو اس كى قدر كے مطابق ہى ركھا جائيگا، اور وہ شخص اپنا مال محفوظ ركھنے پر مجبور ہے، نہ كہ سودى لين دين كرنے پر.

سودى بنك ميں رقم ركھنے كى شروط معلوم كرنے كے ليے آپ سوال نمبر ( 22392 ) كے جواب كا مطالعہ كريں.

واللہ اعلم .

ماخذ: الاسلام سوال و جواب