الحمد للہ.
اول:
اللہ تعالى سے ہمارى دعا ہے كہ وہ آپ كو اس وسوسے كى بيمارى سے شفايابى نصيب فرمائے؛ كيونكہ وسوسہ ايك ايسى بيمارى ہے جس كے راستہ سے شيطان داخل ہو كر مؤمن كو غمزدہ اور پريشان كرتا ہے، ہم آپ كو صبر كى تلقين كرتے ہيں، اور آپ سے گزارش ہے كہ آپ اللہ كى طرف رجوع كريں، اور اسى سے عافيت و درگزر كا سوال كريں، يقينا اللہ تعالى سننے والا اور قبول كرنے والا ہے.
اور آپ كو يہ بھى علم ميں ہونا چاہيے كہ وسوسے كا سب سے بہتر علاج وسوسے سے اعراض كرنا ہے، اور اس كى طرف دھيان نہ دينا ہے.
مزيد تفصيل كے ليے آپ سوال نمبر ( 62839 ) اور ( 25778 ) كے جواب كا مطالعہ ضرور كريں.
دوم:
آپ كے روزے صحيح ہيں، اور ان روزں كا اعادہ اور قضاء لازم نہيں، چاہے آپ نے دوبارہ ركھنے كى نيت بھى كى تھى، كيونكہ ـ جيسا كہ آپ كو علم ہے كہ وسوسے كى ـ كوئى حقيقت نہيں ہوتى.
سوم:
ماہوارى ختم ہونے كى نشانى ظاہر ہونے كے بعد گدلا پانى يا زرد مادہ آنا حيض شمار نہيں ہوتا؛ كيونكہ ام عطيہ رضى اللہ تعالى عنہا بيان كرتى ہيں:
" طہر يعنى پاكى ظاہر ہونے كے بعد ہم گدلا پانى اور زرد مادہ كو كچھ بھى شمار نہيں كرتى تھيں "
صحيح بخارى حديث نمبر ( 326 ) سنن ابو داود حديث نمبر ( 307 ) يہ الفاظ ابو داود كے ہيں.
واللہ اعلم .