الحمد للہ.
1 - اگر آپ نماز فجر كے وقت بيدار ہوں اور پھر آپ پر نيند كا غلبہ ہو جائے، ليكن آپ كى نيت اور عزم يہ ہو كہ كچھ دير بعد ـ نماز كا وقت نكلنے سے قبل ـ بيدار ہو جائينگے، ليكن آپ نماز كا وقت نكل جانے سے قبل بيدار نہ ہو سكيں تو آپ بيدار ہوتے ہى فورى طور پر نماز ادا كر ليں، اور آئندہ يہ عہد كريں كہ شيطان آپ كے ساتھ يہ كھيل نہيں كھيل سكے گا، اللہ تعالى سے ہمارى دعا ہے كہ وہ آپ كو معاف فرمائے.
2 - ليكن اگر آپ كا يہ ارادہ اور عزم ہو كہ نماز كا وقت نكلنے كے بعد نماز ادا كرونگا ـ يا پھر اس ميں آپ كو شك اور تردد ہو ـ تو يہ ايسا فعل ہے جس كى بنا پر بعض اہل علم كے ہاں وہ كافر ہو جاتا ہے.
چنانچہ اگر آپ سے يہ فعل سرزد ہوا ہے تو آپ اللہ تعالى كے ہاں ابھى سے ہى توبہ و استغفار كريں، اور پختہ عزم كريں كہ آئندہ ايسا نہيں ہو گا، اگر آپ كو فوت شدہ نمازوں كى تعداد كا علم ہے تو اسے قضاء كر كے ادا كريں، اللہ تعالى توبہ كرنے والے كى توبہ قبول كرتا ہے، اس كا كفارہ يہى ہے، اور نماز عصر كے متعلق كلام بھى بالكل نماز فجر كى طرح ہى ہے.
واللہ اعلم .