اتوار 21 جمادی ثانیہ 1446 - 22 دسمبر 2024
اردو

طہارت ميں پيدا ہونے والے وسوسوں كا علاج

1174

تاریخ اشاعت : 27-05-2007

مشاہدات : 10031

سوال

ميں شادى شدہ لڑكى ہوں كچھ عرصہ سے مجھے وسوسوں نے آ گھيرا ہے جس كى بنا پر مجھے كرنے ميں مشكل درپيش ہے حتى كہ ميں وضوء كے اعضاء مسلسل نہيں دھو سكتى، تقريبا وضوء كرنے ميں ڈيڑھ گھنٹہ صرف ہو جاتا ہے وہ اس طرح كہ ميرے دل ميں آتا ہے ميں نے وضوء مكمل نہيں كيا، اور اسى طرح غسل جنابت كرنے ميں بھى كئى كئى گھنٹے صرف ہو جاتے ہيں خيال آتا ہے كہ ميں ابھى پاك نہيں ہوئى، بلكہ مجھے نفسياتى ہاسپٹل ميں بھى داخل كرايا گيا، آپ كى ميرے ليے كيا نصيحت ہے ؟

جواب کا متن

الحمد للہ.

اول:

آپ نفسياتى امراض كے ہاسپٹل ميں ڈاكٹروں كے پاس اپنا علاج جارى ركھيں، اميد ہے كہ اللہ تعالى آپ كو شفايابى نصيب فرمائے، اور اس كے ساتھ ساتھ اللہ تعالى سے مدد مانگيں كہ اللہ تعالى آپ كو اس مرض سے نجات دے، اور جب آپ سونے كے ليے بستر پر ليٹيں تو آيۃ الكرسى اور صبح و شام تين بار درج ذيل دعائيں ضرور پڑھيں:

" بسم اللہ الذى لايضر معہ اسمہ شيئى فى الارض و لا فى السماء وھو السميع العليم "

اس اللہ كے نام سے جس كے نام سے زمين و آسمان ميں كوئى بھى چيز نقصان نہيں ديتى، اور وہ سننے والا جاننے والا ہے.

" اعوذ بكلمات اللہ التامات من شر ما خلق "

اور سوتے وقت سورۃ اخلاص، سورۃ الفلق، اور سورۃ الناس پڑھ كر اپنے آپ كو دم كريں، وہ اس طرح كہ تينوں سورتيں پڑھ كر ہاتھوں ميں پھونك ماريں اور جسم پر جہاں بھى ہاتھ جائے ہاتھ پھيريں، يہ تين بار كريں، اس كى دليل بخارى شريف اور سنن اربعہ كى درج ذيل حديث ہے:

عائشہ رضى اللہ تعالى عنہا بيان كرتى ہيں كہ:

" جب رسول كريم صلى اللہ عليہ وسلم ہر رات بستر پر تشريف لاتے تو اپنے دونوں ہاتھ اكٹھے كر كے " قل ھو اللہ احد" اور " قل اعوذ برب الفلق " اور قل اعوذ برب الناس " پڑھتے اور ہاتھ ميں پھونك كر اپنے سر اور چہرے سے شروع كر كے جسم كے اگلے اور پچھلے حصہ پر جہاں بھى ہاتھ پہنچتا پھيرتے، اور ايسا تين بار كرتے تھے "

اور آپ اللہ تعالى سے شفايابى كى دعاء كرتے ہوئے درج ذيل دعاء پڑھا كريں:

" اذھب الباس رب الناس واشف انت الشافى لا شفاء الا شفاءك شفاء لايغادر سقما "

اے لوگوں كے رب ميرى تكليف اور بيمارى دور كردے، اور مجھے شفايابى سے نواز توہى شفا دينے والا ہے، تيرے علاوہ كوئى شفايابى نہيں ديتا، اور مجھے ايسى شفايابى نصيب كر جو كوئى بيمارى اور تكليف نہ چھوڑے "

يہ دعاء تين بار پڑھيں، اور اس كے ساتھ بے قرارى والى درج ذيل دعاء بھى پڑھا كريں:

" لا الہ الا اللہ العظيم الحليم لا الہ الا اللہ رب العرش العظيم لا الہ الا اللہ رب المساوات و رب الارض و رب العرش الكريم "

اللہ كے علاوہ كوئى عبادت كے لائق نہيں، وہ عظمت والا اور بردبار ہے، اللہ كے علاوہ كوئى عبادت كے لائق نہيں وہ عرش عظيم كا رب ہے، اللہ كے علاوہ كوئى عبادت كے لائق نہيں، جو آسمان و زمين اور عرش كريم كا رب ہے.

اور جب آپ وضوء يا ماہوارى اور يا غسل جنابت سے فارغ ہوں تو آپ اعتماد ركھيں كہ آپ پاك ہو گئى ہيں،اور وسوسوں كو چھوڑ ديں، ان كى طرف دھيان مت ديں، اور غسل خانہ ميں زيادہ دير نہ رہيں، كيونكہ يہ شيطان كى جانب سے ہے، ان شاء اللہ اس طرح يہ وسوسے آپ سے دور ہونگے.

ماخذ: ديكھيں: فتاوى اللجنۃ الدائمۃ للبحوث العلميۃ والافتاء ( 5 / 223 )