ہفتہ 22 جمادی اولی 1446 - 23 نومبر 2024
اردو

نظر بد ، یا جنات کے اثر کو کیسے پہچانے؟

سوال

انسان کو کیسے پتہ چلتا ہے کہ اسے جنات کی شکایت ہے یا پھر وہ نظر بد سے متاثر ہے؟

جواب کا متن

الحمد للہ.

رقیہ شرعیہ کے ماہرین کچھ ایسی علامات ذکر کرتے ہیں جن کی بدولت ہر شخص یہ سمجھ سکتا ہے کہ اسے نظر بد کی شکایت ہے یا جنات کے اثرات ہیں، تاہم یہ علامات یقینی نہیں ہوتیں، مختلف حالات میں الگ الگ علامات ہو سکتی ہیں، یہ علامات زیادہ یا کم بھی ہو سکتی ہیں۔

جنات کے اثرات کی علامات یہ ہیں:
1-اذان اور تلاوت قرآن سے سخت نفرت اور ناگواری۔

2- قرآن پاک کی تلاوت کرنے پر متعلقہ شخص کو بے ہوشی، جسم کا اکڑ جانا، یا چکرانا، یا گر جانا۔

3- بہت زیادہ ڈراؤنے خواب آنا۔

4- تنہائی پسند ہو جانا اور عجیب و غریب حرکتیں کرنا۔

5- بسا اوقات شیطان متاثرہ شخص پر پڑھائی کرنے سے اسی کی زبان سے بول بھی پڑتا ہے۔

جبکہ نظر بد سے متاثر شخص کے بارے میں الشیخ عبد العزیز بن سدحان حفظہ اللہ کہتے ہیں:
"اگر جسمانی بیماری کا کوئی طبی سبب نہ ہو تو پھر عام طور اس کی متعدد شکلیں ہو سکتی ہیں:
سر کی مختلف جگہوں پر درد رہنا، چہرے کا پیلا پڑنا، بہت زیادہ پسینہ اور پیشاب آنا۔ بھوک میں کمی آنا۔ ہاتھ پاؤں میں چیونٹیاں چلنے کا احساس ہونا، یا ہاتھ پاؤں کا گرم یا ٹھنڈا رہنا۔ دل کی دھڑکن زیادہ ہو جانا، کمر اور کندھوں سے نیچے والے حصے میں درد رہنا۔ سینے میں جکڑن اور مایوسی کی کیفیت رہنا۔ رات کے وقت بے خوابی۔ غیر طبعی انداز میں خوف زدہ ہو جانا، بہت زیادہ ڈکاریں آنا۔ بہت زیادہ جماہی لینا۔ لمبے لمبے سانس لینا۔ تنہائی پسند ہونا۔ سستی اور کاہلی کا شکار ہونا۔ بہت زیادہ نیند آنا۔ کسی طبی سبب کے بغیر صحت کے مسائل کا سامنا وغیرہ۔
یہ علامات نظر لگانے والوں کی تعداد اور بد نظری کو مد نظر رکھتے ہوئے کم یا زیادہ بھی ہو سکتی ہیں۔" ختم شد
" الرقية الشرعية " (ص/10)

اس بارے میں مزید کے لیے آپ سوال نمبر: (240 ) کا جواب ملاحظہ کریں۔

واللہ اعلم

ماخذ: الاسلام سوال و جواب