جمعہ 19 رمضان 1445 - 29 مارچ 2024
اردو

مرگى كے مريض سے شادى كرنا

135785

تاریخ اشاعت : 08-01-2011

مشاہدات : 6411

سوال

ميڈيكل چيك اپ سے ثابت ہوا ہے كہ ميں مرگى كا دائمى مريض ہوں، ادويات اور علاج كرانے سے ميرى حالت بہتر ہے، ليكن ڈاكٹر كہتا ہے كہ دوائى كھاتا رہوں، تا كہ ميرى حالت كنٹرول رہے، مجھے ہميشہ ڈاكٹر كہتا ہے كہ اگر ميں اولاد پيدا كرنے كى پلاننگ كى تو ہو سكتا ہے يہ بيمارى اولاد ميں بھى منتقل ہو جائے، ميرا سوال ہے كہ:
ميں جس لڑكى سے بھى منگنى كروں تو كيا مجھے يہ بتانا ضرورى ہے كہ ميں مرگى جيسى بيمارى ميں متبلا ہوں ؟
اور كيا ميرے ليے شادى كرنا جائز ہے ؟
اور كيا ميرے ليے اولاد پيدا كرنا جائز ہے ؟

جواب کا متن

الحمد للہ.

اول:

اللہ تعالى سے دعا ہے كہ وہ آپ كو صحت و تندرستى اور شفايابى و عافيت عطا فرمائے.

دوم:

مرگى كى بيمارى ميں مبتلا شخص كے ليے شادى كرنا جائز ہے، ليكن اسے اپنى منگيتر كو اس بيمارى كے متعلق بتانا لازم ہے تا كہ وہ بصيرت پر شادى كرے، اور اسے چھپانا دھوكہ اور حرام كہلاتا ہے.

شيخ صالح الفوزان حفظہ اللہ سے درج ذيل سوال كيا گيا:

ميرا بھائى مرگى كا مريض ہے، ليكن يہ جماع ميں مانع نہيں، اس نے ايك عورت كے ساتھ عقد نكاح كيا ہے، كيا اس كے ليے رخصتى سے قبل بيوى كو اس بيمارى كے بارہ ميں بتانا ضروى ہے يا نہيں ؟

شيخ حفظہ اللہ كا جواب تھا:

" جى ہاں خاوند اور بيوى ميں سے ہر ايك كو چاہيے كہ وہ شادى سے قبل خلقى يعنى پيدائشى عيوب كے بارہ ميں بتائے، كيونكہ يہ نصيحت و خيرخواہى ميں شامل ہے، اور اس ليے بھى كہ ان ميں محبت و مودت پيدا ہونے كا باعث بنےگا، اور جھگڑے كو ختم كرنے كا باعث، اور اس طرح رخصتى كے وقت ہر ايك بصيرت اور دليل پر ہوگا، اور دھوكہ دينا اور عيب چھپانا جائز نہيں " انتہى

ديكھيں: المنتقى ( 3 / 159 ).

جب خاوند اس عيب كو چھپائے اور بعد ميں بيوى كو اس عيب كا علم ہو تو بيوى كو نكاح فسخ كرنے كا حق حاصل ہے.

سوم:

اولاد پيدا كرنے كى كوشش كرنى چاہيے، كيونكہ نكاح كے مقاصد ميں سب سے اہم مقصد اولاد پيدا كرنا ہے، جب تك پختہ رپورٹ نہ مل جائے كہ اولاد كو بھى مرگى كا مرض لاحق ہونے كا خدشہ ہے، اور يہ تناسب بہت زيادہ ہو تو اس صورت ميں اولاد پيدا كرنے سےاجتناب كرنا چاہيے.

مزيد فائدہ كے ليے آپ سوال نمبر ( 111980 ) اور ( 133329 ) كے جواب كا مطالعہ ضرور كريں.

واللہ اعلم .

ماخذ: الاسلام سوال و جواب