اتوار 28 شوال 1446 - 27 اپریل 2025
اردو

میت کو سفید کپڑے میں کفن دینا مستحب ہے۔

154750

تاریخ اشاعت : 17-04-2025

مشاہدات : 287

سوال

کیا میت کو سفید کے علاوہ دوسرے رنگ کے کپڑے  میں کفن دینا جائز ہے؟

جواب کا متن

الحمد للہ.

سنت یہ ہے کہ میت کو سفید کپڑوں میں کفنایا جائے۔ اس بارے میں سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم نے فرمایا:  (اپنے سفید کپڑے پہنا کرو، کیونکہ یہ تمہارے بہترین کپڑے ہیں، اور اپنے مُردوں کو بھی انہی میں کفنایا کرو۔)اسے ابو داود  (3878)نے روایت کیا ہے  اور البانی نے اسے صحیح سنن ابو داود میں صحیح قرار دیا ہے۔

اسی طرح سیدنا سمرہ بن جندب رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم نے فرمایا:  (سفید کپڑے پہنا کرو، کیونکہ سفید کپڑے پاکیزہ اور بہتر ہیں، اور اپنے مُردوں کو بھی انہی میں کفنایا کرو۔)اس حدیث کو ترمذی  : (2810) نے روایت کیا ہے اور البانی  نے اسے صحیح قرار دیا ہے۔

سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ و سلم کو  تین سفید کپڑوں میں کفنا دیا گیا تھا۔ اس حدیث کو بخاری: (1264) اور  مسلم: (941) نے روایت کیا ہے۔

امام نووی رحمہ اللہ کہتے ہیں:

’’ یہ حدیث سفید کپڑوں میں کفنانے کے استحباب کی دلیل ہے، اور اس پر سب کا اجماع ہے۔ ‘‘ ختم شد
ماخوذ از: شرح صحیح مسلم، از نووی رحمہ اللہ

اگر میت کو سفید کے علاوہ دوسرے کپڑوں میں کفنایا جائے، تو یہ جائز عمل تو ہے لیکن پسندیدہ نہیں ہے۔

امام نووی رحمہ اللہ نے کہا ہے:  ’’ رنگے ہوئے کپڑے یا زرق برق کپڑے میں کفنانا مکروہ ہے۔ ‘‘ ختم شد

"الموسوعة الفقهية" (13/238) میں ہے:

’’ اگر کوئی اور سادہ کفن مہیا ہو تو زعفران یا سرخ رنگ کے کپڑے یا بالوں  اور اون کے بنے ہوئے کپڑوں میں کفنانا بھی مکروہ ہے،  کیونکہ یہ سلف صالحین کے عمل کے خلاف ہے۔ ‘‘  ختم شد

واللہ اعلم

ماخذ: الاسلام سوال و جواب