ہفتہ 20 جمادی ثانیہ 1446 - 21 دسمبر 2024
اردو

قمار بازى كى تحريمى حكمت

4013

تاریخ اشاعت : 13-05-2005

مشاہدات : 11308

سوال

قمار بازى كى تحريم ميں شرعى حكمت كيا ہے ؟

جواب کا متن

الحمد للہ.

قمار بازى اس ليے حرام ہے كہ اسے حرام كرنے والا اللہ تعالى ہے، اور وہ اللہ پاكباز ہے جو چاہے حكم كرتا ہے.

فرمان بارى تعالى ہے:

اے ايمان والو! بات يہى ہے كہ شراب، اور جوا، اور درگاہيں اور فال نكالنے كے تير گندى باتيں اور شيطانى عمل ہيں، ان سے اجتناب كرو، تا كہ تم كامياب ہو جاؤ، شيطان تو يہى چاہتا ہے كہ وہ تمہارے مابين شراب اور جوے كے متعلق عداوت و دشمنى پيدا كردے، اور تمہيں اللہ تعالى كے ذكر اور نماز سے روك دے، تو كيا تم باز آنے والے ہو.

اور اس حرمت كى حكمت كے بارہ ميں ايك عقملند كو كئى ايك اسباب نظر آتے ہيں، جن ميں سے چند ايك ذيل ميں بيان كيے جاتے ہيں:

1 - جوا اور قمار بازى نصيب اور ہاتھ لگنے، اور خالى قسم كى تمنائيں اور اميدوں پر اعتماد كرنا سكھاتا ہے، نہ كہ كام اور كوشش اور ہاتھ سے كمانے، اور خون پسينہ كى كمائى كرنے اور مشروع كردہ اسباب كا احترام كرنے پر.

2 - جوا اور قمار بازى ہنستے بستے گھڑوں كو اجاڑنے اور حرام راہوں ميں مال ضائع كرنے، اور غنى اور مالدار گھرانوں كو فقيرى ميں بدلنے، اور عزت و اكرام كى مالك جان كى تذليل كرنے كا آلہ اور سبب ہے.

3 - جوار اور قمار بازى جواريوں كے مابين باطل اور ناحق طريقہ سے مال كھانے كسى دوسرے كا ناحق مال كھانے كى بنا پر عدوات و دشمنى اور بغض كا باعث بنتا ہے.

4 - جوا اور قمار بازى اللہ تعالى كے ذكر اور نماز سے روكنے كا باعث ہے، اور جوا كھيلنے والوں كو برے اخلاق اور قبيح اور گندى قسم كى عادات كى طرف دھكيلتا ہے.

5 - قمار بازى اور جوا ايسے گناہ والا گہرا گڑھا ہے جو وقت اور جدوجھد اور كوشش ہڑپ كر جاتا ہے، اور سستى و كاہلى كا عادى بناتا اور امت كو كام كاج اور پيداوار سے معطل كر كے ركھ ديتا ہے.

6 - قمار بازى اور جوا قمار باز كو جرائم كى جانب دھكليتا ہے، كيونكہ مفلس شخص چاہتا ہے كہ اسے كسى بھى طريقہ سے مال حاصل ہو، چاہے چورى اور ڈاكہ كے ذريعہ ہو يا پھر رشوت اور چھين كر حاصل ہو جائے.

7 - قمار بازى اور جوا غم و پريشانى كا وارث بناتا، اور بيماريوں اور اعصاب كے خاتمہ كا باعث بنتا ہے، اور بغض و كينہ پيدا كرتا ہے، اور غالبا جرائم يا خودكشى يا پھر پاگل پن اور لاعلاج مرض كى طرف لے جاتا ہے.

8 - قمار بازى اور جوا قبيح اور برے اخلاق كى طرف لے جانا كا باعث ہے مثلا شراب نوشى، اور نشہ آور اشياء كا استعمال، جس جگہ پر قمار بازى ہو رہى ہو وہاں روشنى كم اور دھواں زيادہ ہوتا ہے، آوازيں پست اور كھسر پھسر زيادہ ہوتى ہے، وہاں خواہشات كا دور دورہ ہوتا ہے، گويا كہ وہ عدل و انصاف سے فرار كى كوشش كر رہے ہوں، اور شك و تردد ميں پڑ رہے ہوں، سبز ٹيبل كے ارد گرد قمار باز جمع ہوتے ہيں، جہاں مضطرب اور اكھڑى سانسيں جمع ہوں، اور ان كے زخمى دل دھڑك رہے ہوتے ہيں، محسوس تو وہ كھيل كے ساتھى اور ہمنوا لگتے ہيں، ليكن درحقيقت وہ ايك دوسرے كے دشمن ہيں، ہر ايك دوسرے كے انتظار ميں ہے، اور اس كى خواہش يہ ہوتى ہے كہ وہ اس شخص اور اس كى اولاد كا مال بھى حاصل كرلے، اور قمار بازى كے اڈے كا مالك موسيقى اور گانے بجانے لگا كر سب كے احساسات كو مدہوش كرنے كا عمل كرتا ہے، اور وہاں بازارى عورتوں كا اہتمام بھى كرنے كے ساتھ انواع و اقسام كى شراب اور سگرٹ بھي پيش كرتا ہے.

وہاں دھوكہ و فراڈ كى كثرت پائى جاتى ہے، پلانے والے اور كھلانے والے لڑكے اور لڑكياں ايك كھلاڑى كے پتے ديكھ كر دوسرے شخص كو بتاتے پھرتے ہيں، اور ايك كى دوسرے پر باطل ميں مدد كرنے پر آنكھيں مارتے اور اشارے كرتے پھرتے ہيں، اور بعض اوقات ايك قسم كا توازن قائم كرنے كے ليے مسلسل كھيل اور لمبى ملاقاتوں كا انتظام ہوتا اور اس كى ضمانت دى جاتى ہے.

بلاشك وشبہ سب لوگ ہى خسارہ اور نقصان ميں ہيں، شراب اور سگرٹ نوشى كے ليے رقم ادا كركے بھى خسارہ ميں، اور جورقم كھلانے اور پلانے والوں كى دى جاتى ہے اس كا بھى خسارہ، اور لڑكيوں كو شراب پيش كركے بھى خسارہ ، اور ايك نقصان پر دوسرا نقصان بڑھ كر پايا جاتا ہے.

لھذا وہ قمار باز جو جوا كى ہر بازى جيت گيا ہو يا اكثر بازياں جيتا ہو اس كے پاس مطلقا منافع كا كوئى مال نہيں بچتا، يا پھر اگر بچے تو اس كى مقدار بالكل قليل سى ہوتى ہے، ليكن نقصان اور خسارہ اٹھانے والا شخص تو ہر چيز ہى گنوا بيٹھتا ہے، اور رات كے آخر ميں وہ سب وہاں سے كھسكتے ہيں تو انہيں ندامت اور ذلت نے گھير ركھا ہوتا ہے، اور ہارنے والا شخص جيتنے والے كو كل آنے كا وعدہ كرتا پھرتا ہے.

ديكھيں: الحياۃ الاجتماعيۃ فى التفكير الاسلامى، تاليف احمد شلبى صفحہ نمبر ( 241 ).

كتنے ہى گھر قمار بازى اور جوے سے فقر كا باعث بنے، اور كتنے پيٹ بھوكے رہے، اور كتنے جسم لباس سے عارى ہو گئے، يا پھر انہوں نے بوسيدہ اور پرانا لباس زيب تن كرنا شروع كرديا، اور كتنى ہى شادياں ناكام ہوئيں، اور كتنى ملازمتيں ختم كر دى گئيں، كيونكہ يہ سب قمار باز تھے، اور انہوں نے قمار بازى كے ليے اشياء اچك ليں، اور كتنے ہى آدميوں نے قمار بازى كے اڈے پر اپنا دين اور اپنى عزت داؤ پر لگا دى اور فروخت كردى ! ؟

لھذا قمار بازى اور جوا ہر چيز كى تباہى و بربادى كا باعث ہے، اگرچہ اس كا ہدف حصول مال ہے، ليكن يہ شراب نوشى اور سگرٹ نوشى اور برى مجلس اور سوسائٹى اور اندھيرے اور غموض اور دھوكہ و فراڈ اور كراہيت اور ايك دوسرے كے انتظار اور اشياء اچكنے اور ہر قسم كى برى صفت پر مشتمل ہے.

ماخوذ از: قضايا اللھو والتر فيہ صفحہ نمبر ( 388 ).

ہم اللہ تعالى سے سلامتى اور عافيت كى دعا كرتے ہيں.

واللہ اعلم .

ماخذ: الشيخ محمد صالح المنجد