اتوار 21 جمادی ثانیہ 1446 - 22 دسمبر 2024
اردو

استغفار اور روزہ ركھ كر سال كا اختتام كرنا

سوال

اسلامى سال ہجرى ختم ہونے كے قريب ہو تو موبائل پر ميسج آنا شروع ہو جاتے ہيں كہ اعمال كا دفتر سال ختم ہونے پر لپيٹ ديا جائيگا، اور سال كا اختتام استغفار اور روزہ ركھ كر كرنے كى ترغيب دلائى جاتى ہے؛ اس طرح كے ميسج كا حكم كيا ہے، اور كيا سال كے آخرى دن اگر سوموار يا جمعرات بن جائے تو كيا روزہ ركھنا سنت ہو گا يا بدعت ؟

جواب کا متن

الحمد للہ.

سنت مطہرہ سے ثابت ہوتا ہے كہ بندوں كے اعمال روزانہ دو بار اٹھائے جاتے ہيں، ايك بار رات كے وقت اور ايك بار دن كے وقت.

صحيح مسلم ميں ابو موسى اشعرى رضى اللہ تعالى عنہ سے حديث مروى ہے وہ بيان كرتے ہيں رسول كريم صلى اللہ عليہ وسلم ہمارے اندر پانچ كلمات كے ساتھ كھڑے ہوئے اور فرمايا:

" يقينا اللہ سبحانہ و تعالى سوتا نہيں، اور سونا اس كے شايان شان ہى نہيں، وہ ترازو كو نيچا كرتا ہے اسے اونچا بھى وہى كرتا ہے، اور رات كے اعمال دن سے قبل اس كى جانب چڑھتے ہيں، اور دن كے عمل رات سے قبل "

صحيح مسلم حديث نمبر ( 179 ).

امام نووى رحمہ اللہ كہتے ہيں:

حفظہ فرشتے رات ختم ہونے كے بعد دن كے شروع ميں اعمال لے كر اوپر جاتے ہيں، اور دن كے اعمال دن ختم ہونے كے بعد رات كى ابتدا ميں لے كر اوپر جاتے ہيں.

اور بخارى و مسلم نے ابو ہريرہ رضى اللہ تعالى عنہ سے بيان كيا ہے كہ رسول كريم صلى اللہ عليہ وسلم نے فرمايا:

" رات اور دن كے فرشتے تمہارے پاس بارى بارى آتے ہيں، اور نماز فجر اور نماز عصر ميں وہ جمع ہوتے ہيں، پھر جنہوں نے تمہارے ساتھ رات بسر كى ہوتى ہے وہ اوپر جاتے ہيں تو اللہ ان سے سوال كرتا ہے حالانكہ وہ ان سے زيادہ علم ركھتا ہے تم نے ميرے بندوں كو كس حالت ميں چھوڑا ؟

تو فرشتے جواب ديتے ہيں: جب ہم ان كے پاس سے آئے تو وہ نماز ادا كر رہے تھے اور جب ہم ان كے پاس گئے تو وہ نماز ادا كر رہے تھے "

صحيح بخارى حديث نمبر ( 555 ) صحيح مسلم حديث نمبر ( 632 ).

حافظ ابن حجر رحمہ اللہ كہتے ہيں:

" اس حديث ميں بيان ہوا ہے كہ دن كے آخر ميں اعمال اوپر اٹھائے جاتے ہيں، جو شخص اس وقت اطاعت و فرمانبردارى كى حالت ميں ہوگا اس كى روزى اور عمل ميں بركت كى جائيگى, واللہ اعلم.

اور اس پر ان دونوں ( نماز فجر اور نماز عصر ) كى پابندى اور اہتمام كى حكمت كا امر ظاہر ہوتا ہے " انتہى

اور سنت اس پر دلالت كرتى ہے كہ پورے ہفتے ميں بھى دو بار اللہ تعالى كے سامنے اعمال پيش كيے جاتے ہيں.

ابو ہريرہ رضى اللہ تعالى عنہ بيان كرتے ہيں كہ رسول كريم صلى اللہ عليہ وسلم نے فرمايا:

" لوگوں كے اعمال ہر جمعہ ميں سوموار اور جمعرات كے دن دو بار اللہ كے سامنے پيش كيے جاتے ہيں، تو ہر مومن بندے كو بخش ديا جاتا ہے، صرف اس شخص كو نہيں جس كے اور اس كے ( مسلمان ) بھائى كے درميان كوئى ناراضگى اور دشمنى ہو، كہا جاتا ہے ان دونوں كو چھوڑ دو حتى كہ وہ صلح كر ليں "

صحيح مسلم حديث نمبر ( 2565 ).

سنت اس پر دلالت كرتى ہے كہ ہر سال شعبان كے مہينہ ميں سارے اعمال اللہ كى جانب اٹھائے جاتے ہيں.

اسامہ بن زيد رضى اللہ تعالى عنہ بيان كرتے ہيں ميں نے عرض كيا اے اللہ تعالى كے رسول صلى اللہ عليہ وسلم ميں ديكھتا ہوں كہ آپ شعبان ميں اتنے روزے ركھتے ہيں جتنے كسى اور مہينہ ميں نہيں ركھتے ؟

تو رسول كريم صلى اللہ عليہ وسلم نے فرمايا:

" رجب اور رمضان كے درميان يہ مہينہ وہ ہے جس ميں لوگ غافل رہتے ہيں، اور اس ماہ ميں اعمال رب العالمين كى جانب اٹھائے جاتے ہيں، اس ليے ميں پسند كرتا ہوں كہ جب ميرے عمل اٹھائے جائيں تو ميں روزے سے ہوں "

سنن نسائى حديث نمبر ( 2357 ) علامہ البانى رحمہ اللہ نے صحيح الجامع ميں اسے حسن قرار ديا ہے.

ان نصوص كا خلاصہ يہ ہوا كہ: بندوں كے اعمال اللہ تعالى كے سامنے پيش كرنے كى تين قسميں ہيں:

ـ روزانہ پيش كيے جانے والے اعمال، اور يہ دن ميں دو بار پيش كيے جاتے ہيں.

ـ ہفتہ وار پيش كيے جانے والے اعمال اور يہ سوموار اور جمعرات كو پيش كيے جاتے ہيں.

ـ سالانہ پيش كيے جانے والے اعمال، اور يہ صرف ايك بار شعبان ميں پيش كيے جاتے ہيں.

ابن قيم رحمہ اللہ كہتے ہيں:

" سال بھر كے اعمال شعبان ميں اٹھائے جاتے ہيں جيسا كہ صادق المصدوق نبى صلى اللہ عليہ وسلم نے بتايا ہے، اور ہفتہ بھر كے اعمال سوموار اور جمعرات كو اٹھائے جاتے ہيں، اور دن كے اعمال رات سے قبل دن كے آخر ميں اٹھائے جاتے ہيں، اور رات كے اعمال دن سے قبل رات كے آخر ميں اٹھائے جاتے ہيں، اور رات و دن ميں اعمال كا اٹھايا جانا سال بھر كے اعمال سے خاص ہے، اور جب عمر ختم ہو جاتى ہے تو پورى عمر كے اعمال اٹھائے جاتے ہيں اور رجسٹر و صحيفہ لپيٹ كر بند كر ديا جاتا ہے " انتہى مخصرا

ماخوذ از: حاشيہ سنن ابو داود.

اللہ تعالى كے سامنے اعمال پيش كيے جانے والى احاديث اعمال پيش كيے جانے كے اوقات ميں اطاعت و فرمانبردارى زيادہ كرنے كى ترغيب پر دلالت كرتى ہيں كيونكہ نبى كريم صلى اللہ عليہ وسلم كا شعبان كے روزے كے متعلق فرمان ہے:

" ميں پسند كرتا ہوں كہ جب ميرے اعمال اٹھائے جائيں تو ميں روزے سے ہوں "

اور سنن ترمذى ميں ابو ہريرہ رضى اللہ تعالى عنہ سے مروى ہے وہ بيان كرتے ہيں كہ رسول كريم صلى اللہ عليہ وسلم نے فرمايا:

" سوموار اور جمعرات كے دن اعمال پيش كيے جاتے ہيں تو ميں پسند كرتا ہوں كہ ميرے عمل پيش كيے جائيں تو ميں روزہ سے ہوں "

سنن ترمذى حديث نمبر ( 747 ) علامہ البانى رحمہ اللہ نے ارواء الغليل ( 949 ) ميں اسے صحيح قرار ديا ہے.

ابن رجب رحمہ اللہ نے لطائف المعارف ميں بيان كيا ہے كہ جمعرات كے روز ايك تابعى اور ان كى بيوى دونوں مل كر ايك دوسرے سے روتے كہ آج ہمارے اعمال اللہ عزوجل كے سامنے پيش ہو رہے ہيں "

اوپر جو كچھ ہم نے بيان كيا ہے اس سے واضح ہوتا ہے كہ سال كے اختتام كو اور سال كے ابتداء كو رجسٹر بند كرنے اور اللہ كے سامنے اعمال پيش ہونے ميں كوئى دخل نہيں، بلكہ اعمال پيش كرنے كى وہ اقسام ہيں جن كى طرف ہم اشارہ كر چكے ہيں.

اور نصوص ميں اس كے دوسرے اوقات بھى محدد كيے گئے ہيں اور نصوص اس پر بھى دلالت كرتى ہيں كہ نبى كريم صلى اللہ عليہ وسلم كا طريقہ يہ تھا ان اوقات ميں آپ زيادہ اطاعت و فرمانبردارى كيا كرتے تھے.

شيخ صالح الفوزان حفظہ اللہ سال كے آخر ميں سال كے اختتام كى ياد دہانى كرانے كے متعلق كہتے ہيں:

" اس كى كوئى دليل اور اصل نہيں اور سال كے اختتام كى كسى معين عبادت مثلا روزے وغيرہ كے ساتھ تخصيص كرنا بدعت ہے " انتہى.

رہا سوموار اور جمعرات كا روزہ ركھنا تو اس كے متعلق گزارش ہے كہ اگر كسى شخص كى عادت ہو كہ وہ سوموار اور جمعرات كا روزہ ركھتا ہو كيونكہ اس دن روزہ ركھنے كى ترغيب دلائى گئى ہے، اور يہ دن سال كے اختتام كے موافق ہو تو عادت كے مطابق روزہ ركھنے ميں كوئى ممانعت نہيں اسے منع نہيں كيا جائيگا، چاہے يہ دن سال كى ابتدا كے موافق ہو يا اختتام كے موافق، ليكن شرط يہ ہے كہ وہ اس موافقت كى بنا پر روزہ نہ ركھے، يا اس گمان سے روزہ نہ ركھے كہ اس مناسبت سے روزہ ركھنے ميں كوئى خاص فضيلت ہے.

واللہ اعلم .

ماخذ: الاسلام سوال و جواب