جمعہ 10 شوال 1445 - 19 اپریل 2024
اردو

سورۃ فاتحہ كے علاوہ امام كى دوسرى قرآت كى تصحيح كرنا

8686

تاریخ اشاعت : 21-04-2006

مشاہدات : 5162

سوال

اگر امام سورۃ فاتحہ كے دوسرى قرآت ميں بھول جائے ليكن اس كا معنى نہ بدلے تو كيا مقتديوں پر اس كى تصحيح كرنا واجب ہے ؟
مثلا سورۃ بقرۃ كى دوسرى آيت ميں وہ متقين كے بدلا ميں مومنين پڑھ جائے ؟
اور اگر امام غلطى كا علم ہو جانے كے باوجود اس كى تصحيح كرنے سے انكار كر دے تو ہميں كيا كرنا چاہيے، كيونكہ وہ يہ سمجھتا ہے كہ غلطى كى تصحيح ضرورى نہيں ؟
اگر معنى بدل جائے اور امام غلطى كى تصحيح نہ كرے تو كيا ہمارى نماز باطل ہو جائيگى يا نہيں ؟
اور كيا خطبہ جمعہ كے دوران تلاوت كى غلطى كى تصحيح كى جا سكتى ہے ؟
اور اگر آيات كى تشريح ميں غلطى ہو جائے مثلا يہ كہے كہ كافر جنت ميں اور مسلمان جہنم ميں ؟

جواب کا متن

الحمد للہ.

جب امام ـ سورۃ فاتحہ كے علاوہ ـ قرآت ميں غلطى كرے جس سے معنى نہ بدلتا ہو تو آپ پر اس كى غلطى كى تصحيح واجب نہيں، اور ان امور سے امام بچ نہيں سكتا، ليكن نماز كے بعد امام كو اس كے متعلق بتانا بہتر ہے كيونكہ يہ اس كے حفظ كے ليے فائدہ مند ہے.

اور اگر علم ہونے كے باوجود امام غلطى كى تصحيح كرنے سے انكار كر دے تو اس كى دو حالتيں ہيں:

ـ اگر غلطى كى بنا پر معنى ميں خلل پيدا ہوتا ہو، اور امام كو غلطى كا علم بھى ہو چكا ہو اور بتانے كے باوجود وہ اس كى تصحيح كرنے سے انكار كر دے تو آپ پر نماز لوٹانا واجب ہے، ليكن اگر وہ غلطى پر اصرار كرے تو آپ كو علم كيسے ہوا كہ اسے علم ہو چكا ہے اور وہ اپنى غلطى پر اصرار كر رہا ہے؟

ليكن اگر غلطى سے معنى ميں خلل پيدا نہيں ہوتا تو آپ پر نماز لوٹانا واجب نہيں، بلكہ آپ امام كو نرمى اور بہتر طريقہ سے نصحيت كريں، اور اسے بتائيں كہ امام كا كچھ آيات بھول جانا كوئى عيب كى بات نہيں، افضل الخلق اور اللہ تعالى كى مخلوق ميں سب سے افضل ترين شخص محمد صلى اللہ عليہ و سلم بھى بھول گئے تھے، اور ان كے مقتدي صحابہ كرام نے آپ صلى اللہ عليہ وسلم كو ياد دلايا، جيسا كہ حديث ميں وارد ہے.

الشيخ سعد الحميد

رہا مسئلہ خطبہ جمعہ ميں تصحيح كا تو يہ ان حالات ميں ہو سكتى ہے جن ميں دوران خطبہ كلام كرنا جائز ہو، مثلا خطيب كسى آيت ميں غلطى كرے جو اس كے معنى كو كسى اور طرف لے جائے، مثلا كسى آيت كا كوئى جملہ ساقط ہو جائے، يا اس كے مشابہ وغيرہ، تو اس بنا پر دوران خطبہ اس كى تصحيح كرنا اس ممانعت اور نہى ميں نہيں آئيگى جو حديث ميں وارد ہے.

ديكھيں: الشرح الممتع ( 5 / 140 ).

واللہ اعلم .

ماخذ: الاسلام سوال و جواب