"براہ کرم ویب سائٹ کے تسلسل کو یقینی بنانے کے لئے دل کھول کر تعاون کریں۔ "
کیا ایمازون مکینکل ٹرک (Amazon Mechanical Turk) ویب سائٹ پر کام کرنا جائز ہے؟ یہ ویب سائٹ بہت بڑی تعداد میں ہنر مندوں اور ایسے کام کروانے والوں کے لیے ایک پلیٹ فارم مہیا کرتی ہے جو ابھی تک کمپیوٹر سر انجام نہیں دے سکتا۔
الحمد للہ.
ایسی ویب سائٹ بنانے میں کوئی حرج نہیں ہے جو کام ہنر مندوں اور ہنر مندوں کو تلاش کرنے والوں کے درمیان رابطے کا کام کرے، اور اس رابطے کے عوض میں ہنر مند سے، یا صرف ضرورت مند سے یا دونوں سے مخصوص کمیشن حسب معاہدہ وصول کرے، یہ کام دلالی کے ضمن میں آئے گا۔
امام بخاری رحمہ اللہ نے صحیح بخاری میں باب قائم کرتے ہوئے کہا ہے :
"باب ہے دلال کی اجرت کے بارے میں۔ ابن سیرین ، عطاء، ابراہیم اور حسن بصری دلال کی اجرت کے بارے میں کوئی منفی رائے نہیں رکھتے تھے۔" ختم شد
تاہم اس کے لیے شرط یہ ہے کہ:
صرف جائز کاموں کے لیے دلالی پیش کی جائے، لہذا حرام کاموں کو سر انجام دینے کے لیے دلالی جائز نہیں ہو گی؛ کیونکہ اللہ تعالی کا فرمان ہے:
وَتَعَاوَنُوا عَلَى الْبِرِّ وَالتَّقْوَى وَلا تَعَاوَنُوا عَلَى الْإثْمِ وَالْعُدْوَانِ وَاتَّقُوا اللَّهَ إِنَّ اللَّهَ شَدِيدُ الْعِقَابِ
ترجمہ: نیکی اور تقوی کے کاموں میں ایک دوسرے کی مدد کرو، گناہ اور زیادتی کے کاموں میں ایک دوسرے کا تعاون مت کرو، اور اللہ تعالی سے ڈرتے رہو یقیناً اللہ تعالی سخت سزا دینے والا ہے۔[المائدۃ: 2]
چنانچہ ایمازون مکینکل ٹرک (Amazon Mechanical Turk) ویب سائٹ پر کام کرنے میں کوئی حرج نہیں ہے، بشرطیکہ کام کرنے والا کسی حرام کام میں تعاون پیش نہ کرے۔
اور اگر فرض کریں کہ لوگ کسی حرام کا کام مطالبہ کرنے والے بھی موجود ہیں ، لیکن اس شخص کا کام حرام کاموں سے بالکل الگ تھلگ ہے، کسی بھی صورت میں حرام کاموں میں تعاون نہیں ہوتا تو اس شخص کا کام کرنا ٹھیک ہو گا۔
واللہ اعلم