الحمد للہ.
الحمدللہہم اللہ تعالی کا شکرادا کرتے ہیں کہ جس نے آپ کوصراط مستقیم اورھدایت کا راستہ اختیار کرنے کی توفیق عطا فرمائي ، اورآپ کواپنی اطاعت اور رضامندی کے کام کرنے کی حرص بھی عطا کی ، اورآپ کے خاوند کوبھی آپ کے ساتھ معاملات میں تبدیلی لانے کی توفیق بخشی ، ہم امید کرتے ہیں کہ اس سے آپ کے اندر یہ امید پیدا ہوگي کہ آپ کے خاوند کا معاملہ پہلے سے بہتر ہورہا اور ان شاء وہ اپنے معاملات کواور بہت بنائے گا ۔
آپ کے علم میں ہونا چاہیے کہ ایک صالح اورنیک عورت اپنے خاوند کی عادات و اخلاق کوبدلنے کی استطاعت رکھتی ہے لیکن شرط یہ ہے کہ اگر وہ اس کے ساتھ معاملات میں حکمت و نرمی سے کام لے اوراس میں جلد بازی سے گریز کرے ، ان شاء اللہ ۔
بعض اوقات کچھ خاوند ایسے بھی ہوتے ہیں جواپنی بیوی کی جانب سے بار بار کی نصیحت کرنے پر ان سے نفرت کرنے لگتے ہیں ، خاص کرجب یہ نصیحت ان کی اولاد کی موجودگی میں کی جائے ، اوریا پھر ہوسکتا ہے وہ اس میں اپنی توہین محسوس کرنے لگيں یا پھر اپنی شخصیت کی کمزوری دیکھیں ۔
اس لیے آپ کے لیے ضروری ہے کہ آپ اس کا خيال رکھیں ، اوراسے نصیحت کرنے کے لیے کوئي مناسب سا وقت اختیار کریں اوراس میں تبدیلی لاتے رہیں ، اوراس میں بھی آپ نصیحت کرتے وقت نرمی اورمحبت کا انداز اختیار کریں تا کہ وہ اسے قبول کرے ۔
اللہ سبحانہ وتعالی کا فرمان ہے :
آپ اپنے رب کی راہ کی طرف لوگوں کو حکمت اوربہترین نصیحت کے ساتھ بلائيے اوران سے بہترین طریقے سے گفتگو کیجۓ النحل ( 125 ) ۔
اورنبی صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان ہے :
عائشہ رضي اللہ تعالی عنہا بیان کرتی ہیں کہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا :
( جس چیز میں بھی نرمی پائي جائے وہ اسے مزین اورخوبصورت بنا دیتی ہے اورجس چيز سے بھی نرمی ختم ہوجائے وہ اسے بد صورت کردیتی ہے ) صحیح مسلم حدیث نمبر ( 2594 ) ۔
اورپھر خاوندتواس نرمی کا زيادہ حق دار ہے کہ اس سے نرم رویہ اختیار کیا جائے کیونکہ اس کا کچھ مقام ومرتبہ بھی ہے ۔
ہم آپ کونصیحت کرتے ہیں کہ آپ اپنی اس کوشش کوکامیاب کرنے کے لیے اس کے ساتھ کئی ایک اسلوب اختیار کریں مثلا اسے پڑھنے کے لیے کچھ کتابیں اورسننے کے لیے کچھ اسلامی کیسٹیں بطور ھدیہ پیش کریں ، یا پھر یہ چيزین لا کراس کے قریب ایسی جگہ پر رکھیں جہاں سے وہ آسانی سے حاصل کرے اوراسے پڑھنے اورسننے کا شوق پیدا ہو ۔
اوراس کے ساتھ ساتھ اللہ تعالی سے بھی التجااورسوال کریں کہ وہ آپ کے حالات کی اصلاح فرمائے ، اورمعرفت حق کے لیے آپ کے خاوند کا سینہ کھول دے اوراسے اس پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے ۔ آمین یا رب العالمین ۔
واللہ اعلم .