ہفتہ 22 جمادی اولی 1446 - 23 نومبر 2024
اردو

خاوند نے حيض كے بعد طہر ميں طلاق دينے كا وعدہ كيا

95225

تاریخ اشاعت : 30-03-2013

مشاہدات : 4059

سوال

ميرے اور خاوند كے مابين كچھ پرابلم ہوئى تو خاوند مجھے ہر چھوٹى بڑى بات پر زدكوب كرنے لگا، چنانچہ ميں اپنى پڑوسن كے ہاں چلى گئى اور گھر آنے سے انكار كر ديا تو خاوند مجھے كہنے لگا:
ايك ماہ كے ليے اپنے گھر آجاؤ جب تمہيں حيض آئيگا اور پھر حيض سے پاك ہونے پر ميں تمہيں طلاق دے دونگا، اس ليے ميں اپنے گھر واپس آ گئى كہ خاوند مجھے طلاق دے ديگا، ليكن وہ بعد ميں كہنے لگا:
ميرى نيت طلاق دينا نہ تھى بلكہ ميرى كلام كا مقصد تو يہ تھا كہ سنت كے مطابق طلاق يہ ہے كہ وہ حيض كے بعد ايسے طہر ميں ہو جس ميں جماع نہ كيا گيا ہو، ليكن ميں اس كى بات سے انكار كرتى ہوں كيونكہ اس نے يہ بات اس وقت كہى جب ميں اپنى پڑوسن كے ہاں تھى اس نے مجھے مطمئن كرنے كے ليے كہا كہ وہ حيض كے بعد طلاق دے ديگا، تو كيا اس سے طلاق واقع ہو گئى ہے يا نہيں ؟

جواب کا متن

الحمد للہ.

خاوند كا اپنى بيوى سے كہنا: " تم اولاد كے پاس ايك ماہ اپنے گھر آجاؤ جب حيض آئيگا اور طہر ميں آپ كو طلاق دے دونگا " اس سے طلاق واقع نہيں ہوتى، كيونكہ يہ تو طلاق دينے كا وعدہ ہے اس سے طلاق اس وقت تك نہيں ہوگى جب تك حيض كے بعد خاوند طلاق نہ دے.

ہو سكتا ہے انسان بيوى كو طلاق دينے كا عزم كرے اور پھر اسے ختم كر دے اور طلاق دينے كا عزم ختم كر دے، ہو سكتا ہے اسى ميں اس كے ليے اور اس كى اولاد كى بھلائى ہو.

واجب تو يہ ہے كہ خاوند اور بيوى آپس ميں حسن معاشرت اختيار كريں، اور خاوند كے ليے بيوى كو زدكوب كرنا جائز نہيں، ہاں جب بيوى نافرمانى كرے اور وعظ و نصيحت اور بستر سے عليحدہ ہونے پر بھى بيوى اطاعت نہ كرے تو پھر تھوڑى سى مار دينا جائز ہے، ليكن اس ميں بھى چہرہ پر مارنے سے اجتناب كرنا چاہيے، اور زيادہ مارنا جائز نہيں كہ ہڈى توڑ دے يا پھر زخم كر دے.

اللہ سبحانہ و تعالى كا فرمان ہے:

مرد عورتوں پر حاكم ہيں اس وجہ سے كہ اللہ تعالى نے ايك كود وسرے پر فضيلت دى ہے، اور اس وجہ سے كہ مردوں نے اپنے مال خرچ كيے ہيں، پس نيك و فرمانبردار عورتيں خاوند كى عدم موجودگى ميں بہ حفاظت الہى نگہداشت ركھنے والياں ہيں، اور جن عورتوں كى نافرمانى اور بددماغى كا تمہيں خوف ہو انہيں نصيحت كرو، اور انہيں الگ بستروں پر چھوڑ دو، اور انہيں مار كى سزا دو، پھر اگر وہ تابعدارى كريں تو ان پر كوئى راستہ تلاش نہ كرو، بےشك اللہ تعالى بڑى بلندى والا اور بڑائى والا ہے النساء ( 34 ).

اللہ سبحانہ و تعالى سے ہمارى دعا ہے كہ وہ آپ دونوں كے حالات كى اصلاح فرمائے.

واللہ اعلم .

ماخذ: الاسلام سوال و جواب