اتوار 21 جمادی ثانیہ 1446 - 22 دسمبر 2024
اردو

گوگل کے Google AdSense پروگرام میں اشتراک حاصل کرنے کا حکم

101806

تاریخ اشاعت : 04-12-2014

مشاہدات : 5588

سوال

 میں گوگل کمپنی کے Google AdSense میں اشتراک کے متعلق جاننا چاہتا ہوں، یہ پروگرام دو فریقوں کے درمیان دلال [بروکر] کا کردار ادا کرتا ہے:
فریق اول: کمپنی یا ادارہ جسکی ویب سائٹ ہے، اور یہ کمپنی اپنی ویب سائٹ کے اشتہارات کیلئے گوگل کی پیڈ ایڈورٹائزنگ سروس استعمال کرنا چاہتی ہے۔
فریق ثانی: مختلف سرگرمیوں کی حامل ویب سائٹس کے مالکان جو کہ گوگل کمپنی کے اشتہارات اپنی ویب سائٹس پر معاوضے کے بدلے میں دیتے ہیں۔
گوگل کمپنی کی شرائط میں یہ بات شامل ہے کہ وہ غیر اخلاقی ، جوا، منشیات وغیرہ کے اشتہارات بالکل بھی قبول نہیں کرے گی، چاہے یہ اشتہارات فریق اول کی جانب سے ہوں یا فریق ثانی کی جانب سے۔
لیکن گوگل چونکہ غیر اسلامی کمپنی ہے؛ اس لئے سودی لین دین کرنے والے بینک، فورکس کمپنیاں [کرنسی کا تبادلہ کرنے والی کمپنیاں]، فلمیں، گانے، سیر و سیاحت، اور خواتین سے متعلقہ اشتہارات دیتی ہے، بلکہ کچھ ویب سائٹس پر خواتین کی بے پردہ تصاویر بھی ہوتی ہیں۔
اس کا طریقہ کار یہ ہے کہ: گوگل کمپنی کے Google AdSense میں اشتراک کے بعد مجھے گوگل ایڈورٹائزنگ سے متعلقہ " advertising code " دیا جاتا ہے، جسے میں اپنی ویب سائٹ کے صفحات پر لگا دیتا ہوں، میری ویب سائٹ چائنیز زبان سیکھانے کیلئے مختص ہے، چنانچہ ویب سائٹ پر کوڈ لگانے کے بعد یہ کوڈ خود کار طریقے سے کام کرتا ہے، جسکی تفصیل یہ ہے:
یہ کوڈ جس صفحہ پر بھی لگایا جائے اس صفحہ کے عناوین، اور ذیلی سرخیوں کیساتھ ساتھ دیگر کلمات کو پڑھتا ہے؛ اور خود کار طریقے سے صفحات کے موضوعات کے مطابق اشتہارات لگاتا ہے، یہ کوڈ ویب سائٹ کے زائرین کے محل وقوع اور ملک کو سامنے رکھ کر اعلانات ظاہر کرتا ہے، یہ اعلانات خود بخود تبدیل ہوتے رہتے ہیں جسکی وجہ سے انکی نگرانی کرنا انتہائی مشکل کام ہے، چنانچہ اگر تو صفحہ پر موضوع کاروں کے متعلق ہے تو اس صفحہ پر اکثر اعلانات کاروں کے متعلق ہونگے، اور اگر صفحہ پر جڑی بوٹیوں کے بارے میں گفتگو ہے تو اشتہارات بھی جڑی بوٹیوں سے متعلقہ ہونگے، اسی طرح یہ سلسلہ چلتا رہتا ہے۔
بلکہ اگر ایک صفحہ کو بیک وقت دیکھنے والے دو افراد مختلف جگہوں سے تعلق رکھتے ہیں مثلاً: ایک کینیڈا سے اور دوسرا جاپان سے تو دونوں کو الگ الگ اشتہارات نظر آئیں گے۔
اسی طرح جو اعلان آپ نے کل دیکھا تو وہ آپکو آئندہ روز نظر نہیں آئے گا۔ Google AdSense کے ذریعے دئیے گئے اشتہارات کے مواد کو کنٹرول کرنے کا عمل دو مراحل میں ہوتا ہے کہ:
1- سب سے پہلے اشتہارات کا مشاہدہ کیا جائے: ا سکے لئے اشتہارات کا مشاہدہ کرنے کیلئے مختص پروگرام کو استعمال کیا جاتا ہے، جس کے ذریعے میں اپنی ویب سائٹ پر اپنے ملک اور دیگر ممالک میں نمودار ہونے والے اشتہارات کو دیکھ سکتا ہوں۔
2- اشتہارات کی چھان بین اور انتخاب : اسکے ذریعے میں اپنی ویب سائٹ پر کسی بھی خاص اشتہار کو نمودار ہونے سے روک سکتا ہوں، اسکے لئے مجھے Google AdSense پر اپنی مخصوص لسٹ میں اس اشتہار کے لنک کو منتخب ، یا ممنوع لسٹ میں شامل کرنا پڑتا ہے، جس میں صرف 200 ویب سائٹس کے اعلانات شامل کئے جا سکتے ہیں۔
یہ بات واضح رہے کہ منتخب اور ممنوع لسٹ میں شامل کرنے کے بعد یہ بات یقینی نہیں ہے کہ یہ اشتہارات آپکے صفحات پر نظر نہیں آئیں گے، کیونکہ گوگل کمپنی کی طرف سے بالکل واضح لفظوں میں لکھا گیا ہے کہ: "نوٹ: گوگل کمپنی اس بات کی ضمانت نہیں دے سکتی کہ جو اشتہارات آپ منتخب لسٹ میں شامل کرینگے وہی ظاہر ہونگے، یا جن اشتہارات کو آپ پسند نہیں کرتے وہ آپکی ویب سائٹ پر ظاہر نہیں ہونگے" لیکن میرے ذاتی تجربے کے مطابق مجھے معلوم ہوا ہے کہ چھان بین کا یہ عمل کار آمد ہے۔
برائے مہربانی مجھے اس کے بارے میں تفصیل اور وضاحت کے ساتھ بتلائیں، کیونکہ میری روزی کا بنیادی ذریعہ یہی ہے، اور یہ بات بھی ذہن نشین رہے کہ میں زبانوں کی تعلیم دینے والی ویب سائٹس کے علاوہ ذی روح اشیا کی تصاویر اشتہارات کے ذریعے منظر عام پر آنے نہیں دیتا۔

جواب کا متن

الحمد للہ.

بنیادی اصول یہی ہے کہ اس تشہیری پروگرام میں اشتراک  حاصل کرنا جائز نہیں ہے، الّا کہ جن ویب سائٹس کا اعلان کیا جاتا ہے ان میں کسی قسم کا حرام  کام پر تعاون شامل ہو؛ کیونکہ گناہوں کیلئے تشہیری مہم، اور اس کیلئے معاونت پیش کرنا جائز نہیں ہے، اس بارے میں فرمانِ باری تعالی ہے:

( وَتَعَاوَنُوا عَلَى الْبِرِّ وَالتَّقْوَى وَلا تَعَاوَنُوا عَلَى الْإثْمِ وَالْعُدْوَانِ وَاتَّقُوا اللَّهَ إِنَّ اللَّهَ شَدِيدُ الْعِقَابِ )
ترجمہ نیکی اور تقوی کے کاموں پر ایک دوسرے کا تعاون کرو،  گناہ اور زیادتی کے کاموں پر ایک دوسرے کا تعاون مت کرو، اور اللہ سے ڈرو، بیشک اللہ تعالی سخت عذاب دینے والا ہے[المائدة:2]

ایسے ہی آپ صلی اللہ علیہ وسلم  کا فرمان ہے کہ: (جو شخص نیکی کی دعوت دے گا، اسے بھی نیکی کرنے والے کے برابر ثواب ملے گا، اور اس طرح  دونوں میں سے کسی کا بھی ثواب کم نہیں ہوگا، اور جو شخص گمراہی کی دعوت دے گا، اسے گمراہی پر چلنے  والے کے برابر  گناہ ملے گا، اور اس سے کسی کے گناہ میں کمی بھی نہیں آئے گی) مسلم: (4831)

اگر معاملہ ایسے ہی ہے جیسے کہ آپ بتلا رہے ہیں کہ اکثر اشتہارات ایسے ہیں جو مختلف زبانوں کو سکھانے کیلئے  ہیں، یا اسی سے  ملتے جلتے ہیں تو امید ہے کہ آپ کیلئے اس پروگرام میں اشتراک   پر کوئی حرج نہیں ہوگا، اور ویسے بھی آپکو مالی  طور پر بھی استحکام کی ضرورت ہے۔

اس کیلئے آپ اتنا خیال ضرور کریں کہ شریعت سے متصادم اعلانات کو روکیں، اور اگر آپ ایسا نہ کر پائیں  اور شریعت سے متصادم اعلانات پھر بھی آپکی ویب سائٹ پر نمودار ہوں تو آپ اس سروس کو چھوڑ دیں، کیونکہ پھر آپ حرام کاموں کی ترویج میں شریک ہو جائیں گے۔

اللہ تعالی سے دعا ہے کہ آپکو اپنے خاص فضل سے رزق عنائت فر مائے، اور آپکے لئے و آپکے اہل خانہ کیلئے فراوانی پیدا فر مائے، اور آپکی  دیارِ غیر میں مدد فر مائے۔ [آمین]

واللہ اعلم.

ماخذ: الاسلام سوال و جواب