جمعرات 25 جمادی ثانیہ 1446 - 26 دسمبر 2024
اردو

مرتد ہونے كے بعد دوبارہ اسلام قبول كرنے والے كا حج

105315

تاریخ اشاعت : 19-11-2008

مشاہدات : 7610

سوال

اسلام سے مرتد ہو كر دوبارہ اسلام قبول كرنے والے شخص كے حج كا حكم كيا ہے، آيا وہ اركان اسلام كے رہ جانے والے اعمال مثلا حج اور روزہ اور نماز كا اعادہ كريگا، يا كہ اس كے ليے توبہ كر كے اسلام قبول كرنا ہى كافى ہے، اور وہ نئے سرے سے ابتدا كرے ؟

جواب کا متن

الحمد للہ.

علماء كرام كے صحيح قول كے مطابق جب مرتد شخص توبہ كر كے دوبارہ اسلام ميں داخل ہو جائے اور اللہ كى طرف رجوع كرے تو مرتد ہونے سے قبل اس نے جو اعمال كيے تھے وہ انہيں دوبارہ نہيں كريگا، كيونكہ اللہ سبحانہ و تعالى نے مرتد ہونے كى صورت ميں اعمال ضائع ہونے ميں شرط لگائى ہے كہ وہ اسى ارتداد كى حالت ميں مر جائے تو اس كے اعمال ضائع ہو جائينگے.

اللہ سبحانہ و تعالى كا فرمان ہے:

اور تم ميں سے جو كوئى بھى اپنے دين سے پلٹ جائيں اور اسى كفر كى حالت ميں مريں ان كے اعمال دنيوى اور اخروى سب غارت ہو جائينگے، يہ لوگ جہنمى ہيں اور اس ميں ہميشہ ہميشہ رہينگے البقرۃ ( 217 ).

چنانچہ عمل ضائع ہونے كى شرط يہ ہے كہ انسان موت تك مرتد رہے اور اسے اسى حالت ميں موت آ جائے.

آيت كے مفہوم سے يہ دليل حاصل ہوتى ہے كہ اگر وہ فوت ہونے سے قبل توبہ كر لے تو اس نے مرتد ہونے سے قبل جو اعمال صالحہ كيے تھے ان شاء اللہ وہ صحيح اور ادا ہونگے " انتہى .

ماخذ: الاسلام سوال و جواب