اتوار 21 جمادی ثانیہ 1446 - 22 دسمبر 2024
اردو

ماہ رمضان ميں عمرہ كيا اور تھكاوٹ اور مشقت محسوس ہونے پر روزہ توڑ ديا

سوال

ميرے اٹھارہ سالہ بھائى اور سترہ سالہ بہن نے رمضان المبارك ميں فجر كے بعد عمرہ كيا ليكن دوران سعى انہيں بہت زيادہ مشقت اٹھانا پڑى اور وہ تھك گئے حتى كہ ان كا خيال تھا كہ گر جائيں گے لہذا انہوں نے پانى كے ساتھ روزہ توڑ ديا اس واقعہ كو تين برس گزر چكے ہيں اب انہيں كيا كرنا چاہيے ؟

جواب کا متن

الحمد للہ.

اگر آپ كے بہن بھائى نے سفر كى حالت ميں عمرہ كيا تو ان كے ليے روزہ چھوڑنے ميں كوئى حرج نہيں تھا كيونكہ مسافر كے ليے رمضان المبارك كا روزہ چھوڑنا جائز ہے.

اللہ سبحانہ و تعالى كا فرمان ہے:

اور جو كوئى مريض ہو يا مسافر وہ دوسرے ايام ميں گنتى پورى كرے البقرۃ ( 185 ).

اور اگر آپ كے بہن بھائى مسافر نہيں تھے اور انہوں نے دوران عمرہ مشقت اور تھكاوٹ اور ہلاكت كے خوف سے روزہ افطار كر ليا تو بھى ان پر كوئى حرج نہيں، كيونكہ اللہ سبحانہ و تعالى نے مريض كے روزہ چھوڑنے كى رخصت دى ہے.

اور جو شخص اس حالت ميں پہنچ جائے كہ اسے مشقت ہو اور ہلاكت كا ڈر ہو تو وہ مريض كے حكم ميں آتا ہے.

بہر حال دونوں حالتوں ميں ( سفر يا بغير سفر ) ان پر كوئى حرج نہيں، اور نہ ہى كوئى گناہ ہے، ليكن انہيں اس دن كى قضاء ميں روزہ ركھنا ہوگا.

رہا عمرہ تو اس كے متعلق عرض ہے كہ اگر عمرہ انہوں نے مكمل كر ليا تو اور اسكے سارے واجبات ادا كر ديے تھے تو ان شاء اللہ يہ عمرہ صحيح ہے.

واللہ اعلم .

ماخذ: الاسلام سوال و جواب