اتوار 21 جمادی ثانیہ 1446 - 22 دسمبر 2024
اردو

كيا انسان كے ليے سركہ كھانا جائز ہے ؟

106196

تاریخ اشاعت : 23-08-2008

مشاہدات : 6160

سوال

سركہ كھانے كا حكم كيا ہے ؟

جواب کا متن

الحمد للہ.

اول:

كھانے والى اشياء ميں اصل يہى ہے كہ وہ حلال ہيں ليكن جس كى حرمت كے متعلق كوئى دليل ثابت ہو جائے اللہ سبحانہ و تعالى كا فرمان ہے:

ايسے لوگوں پر جو ايمان ركھتے ہوں اور نيك كام كرتے ہوں اس چيز ميں كوئى گناہ نہيں جس كو وہ كھاتے پيتے ہوں جبكہ وہ لوگ تقوى ركھتے ہوں اور ايمان ركھتے ہوں اور نيك كام كرتے ہوں پھر پرہيزگار كرتے ہوں اور خوب نيك عمل كرتے ہوں اللہ ايسے نيك لوگوں سے محبت ركھتا ہے المآئدۃ ( 93 ).

اور ايك مقام پر ارشاد بارى تعالى ہے:

وہ اللہ جس نے تمہارے ليے زمين كى تمام چيزوں كو پيدا كيا البقرۃ ( 29 ).

اور اللہ سبحانہ و تعالى كا فرمان ہے:

آپ كہہ ديجئے كہ جو احكام بذريعہ وحى ميرے پاس آئے ہيں ان ميں تو ميں كوئى حرام نہيں پاتا كسى كھانے والے كے ليے جو اس كو كھائے، مگر يہ كہ وہ مردار ہو يا كہ بہتا ہوا خون ہو يا خنزير كا گوشت ہو، كيونكہ وہ بالكل ناپاك ہے يا جو شرك كا ذريعہ ہو كہ غير اللہ كے ليے نامزد كر ديا گيا ہو، پھر جو شخص مجبور ہو جائے بشرطيكہ نہ تو طالب لذت ہو اور نہ ہى حد سے تجاوز كرنے والا تو واقعى آپ كا رب غفور الرحيم ہے الانعام ( 145 ).

دوم:

حديث ميں ثابت ہے كہ نبى كريم صلى اللہ عليہ وسلم نے سركہ كھايا بلكہ سركہ كى مدح اور تعريف بھى فرمائى.

جابر بن عبد اللہ رضى اللہ تعالى عنہما بيان كرتے ہيں كہ:

" نبى كريم صلى اللہ عليہ وسلم نے اپنے گھر والوں سے سالن مانگا تو وہ كہنے لگے:

ہمارے پاس تو سركہ كے علاوہ كچھ نہيں، تو رسول كريم صلى اللہ عليہ وسلم نے وہى منگوايا اور كھانے لگے اور فرمايا:

سركہ بہت ہى اچھا سالن ہے، سركہ بہت اچھا سالن ہے "

صحيح مسلم حديث نمبر ( 2052 ).

الادم: ادام كى جمع ہے اور ادام سالن كو كہتے ہيں جو روٹى كے ساتھ كھايا جائے.

امام نووى رحمہ اللہ كہتے ہيں:

حديث ميں سركہ كى فضيلت بيان ہوئى ہے اور اسے سالن كا نام ديا گيا ہے، اور يہ كہ اچھا اور زيادہ ہے " انتہى.

اور الموسوعۃ الفقھيۃ ميں درج ہے:

" سركہ كھانے اور پينے كے جواز ميں فقھاء كرام كے ہاں كوئى اختلاف نہيں پايا جاتا، چاہے سركہ انگورى ہو يا كوئى اور، اسى طرح شراب كے سركہ كو كھانے ميں بھى كوئى اختلاف نہيں، وہ سركہ خود بخود ہى سركہ ميں تبديل ہو گيا ہو، كيونكہ رسول كريم صلى اللہ عليہ وسلم كا فرمان ہے:

" سركہ بہت ہى اچھا سالن ہے " انتہى.

ديكھيں: الموسوعۃ الفقھيۃ ( 19 / 262 ).

واللہ اعلم .

ماخذ: الاسلام سوال و جواب