اتوار 21 جمادی ثانیہ 1446 - 22 دسمبر 2024
اردو

کعبہ کے ارد گرد طواف کی اقسام

سوال

کعبہ کے ارد گرد کی طواف کی متعدد اقسام ہیں، تو یہ کون کونسی ہیں اور ان میں سے ہر ایک قسم کا کیا حکم ہے؟

جواب کا متن

الحمد للہ.

"طواف کعبہ کی متعدد اقسام ہیں:
انہی اقسام میں سے حج کا ایک طواف ؛ طواف افاضہ جسے طواف زیارت بھی کہا جاتا ہے اور یہ وقوف عرفات کے بعد عید الاضحی کے دن یا اس کے بعد ہوتا ہے، یہ طواف حج کا رکن کہلاتا ہے۔

اسی طرح حج کے آغاز میں طواف قدوم کیا جاتا ہے جو کہ حج اور قران کا احرام باندھنے والے افراد پر اس وقت ہوتا ہے جب کعبہ شریف پہنچ جائیں، اہل علم کے الگ الگ موقف کے مطابق یہ بھی حج کے واجبات یا سنتوں میں شامل ہے۔

طوافِ عمرہ: یہ عمرے کا رکن ہے اور اس کے بغیر عمرہ صحیح نہیں ہو گا۔

طواف وداع: حج کے افعال سے فراغت کے بعد اور مکہ سے واپسی کے عزم پر کیا جاتا ہے، اہل علم کے دو موقفوں میں سے صحیح ترین موقف کے مطابق یہ طواف بھی حائضہ اور زچہ کے علاوہ تمام حجاج پر واجب ہے۔ لہذا اگر کوئی شخص یہ طواف چھوڑ دے تو اس پر دم واجب ہوتا ہے۔

طوافِ نذرانہ، یعنی جو شخص طواف کرنے کی نذر مانے تو اس پر نذر ماننے کی وجہ سے یہ طواف واجب ہوتا ہے۔

نفلی طواف، طواف نفلی طور پر بھی کیا جا سکتا ہے۔

طواف کی مذکور تمام اقسام کا طواف سات چکروں پر مشتمل ہے، سات چکر لگانے کے بعد آسانی ہو تو دو رکعت مقام ابراہیم پر ادا کی جاتی ہیں، اور اگر ایسا ممکن نہ ہو تو مسجد الحرام کے کسی بھی حصہ میں ادا کر لے۔
اللہ تعالی عمل کی توفیق دینے والا ہے، درود و سلام ہوں ہمارے نبی محمد، آپ کی آل اور صحابہ کرام پر۔" ختم شد
دائمی کمیٹی برائے فتاوی و علمی تحقیقات

الشیخ عبد العزیز بن عبد اللہ بن باز     الشیخ عبد الرزاق عفیفی       الشیخ عبد اللہ بن غدیان

فتاوى اللجنة الدائمة للبحوث العلمية والإفتاء" (11/223، 224)

واللہ اعلم

ماخذ: الاسلام سوال و جواب