منگل 7 رجب 1446 - 7 جنوری 2025
اردو

خاتون کو صرف سورت فاتحہ اور سورت اخلاص یاد ہے، پوری نماز میں بس یہی پڑھتی ہے۔

سوال

میرا مسئلہ یہ ہے کہ میں ان پڑھ ہوں میں لکھنا پڑھنا نہیں جانتی، اور میں نمازیں وقت پر ادا کرتی ہوں لیکن مجھے الحمد شریف اور قل ھو اللہ احد کے علاوہ کوئی سورت نہیں آتی، میں اپنی پوری نماز میں یہی دو سورتیں دہراتی ہوں، تو کیا یہ نماز کے لیے کافی ہے؟

جواب کا متن

الحمد للہ.

"جی ہاں یہ کافی ہوں گی، ہم اللہ تعالی سے آپ کے لیے مزید توفیق اور حق پر ثابت قدمی کی دعا کرتے ہیں، صرف سورت فاتحہ اکیلی ہی کافی ہے ؛ کیونکہ الحمد شریف قرآن کی ماں ہے، اور یہ نماز کا رکن بھی ہے، آپ کو تو اس سورت کے ساتھ قل ھو اللہ احد بھی آتی ہے اور یہ سورت بھی بہت عظیم ہے اس کا نام سورت الاخلاص ہے، یہ اکیلی سورت ایک تہائی قرآن کے برابر ہے، تو یہ اللہ تعالی کی آپ پر بہت بڑی نعمت ہے، آپ کو یہ کافی ہیں۔ اور اگر آپ نمازوں میں اور دیگر اوقات میں بھی انہیں بار بار پڑھتی رہیں تو یہ بہت بڑی نعمت ہے، اس لیے آپ انہیں کثرت سے پڑھیں ہر حرف کے پڑھنے پر آپ کو نیکی ملے گی، اور ہر نیکی کا ثواب دس گنا زیادہ کر کے دیا جاتا ہے۔ تو یہ آپ کے لیے بہت ہی خیر کا باعث ہو جائے گا۔

اور اگر ایسا ممکن ہو کہ آپ کو آپ کی بہن، پڑوسن، یا خاوند یا کوئی بھی محرم چھوٹی چھوٹی سورتیں پڑھا دے تو یہ بہت اچھا ہو گا مثلاً: سورت الفلق، اور سورت الناس، سورت لہب، سورت النصر، سورت الکافرون، اور سورت الکوثر وغیرہ جیسی دیگر مختصر سورتیں آپ یاد کر لیں تو یہ بھی بہت اچھا ہو گا۔ " ختم شد

سماحۃ الشیخ عبد العزیز بن عبد اللہ بن باز رحمہ اللہ

فتاوی نور علی الدرب (2/784)

ماخذ: فتاوی سماحۃ الشیخ عبد العزیز بن باز – فتاوی نور علی الدرب