سوموار 29 جمادی ثانیہ 1446 - 30 دسمبر 2024
اردو

سونے کے مختلف قیراط پر زکاۃ کا کیسے حساب لگایا جاسکتا ہے؟

سوال

میرے پاس 170 گرام سونا ہے، اس میں زکاۃ کی مقدار کتنی ہوگی؟

جواب کا متن

الحمد للہ.

سونے اور چاندی میں زکاۃ کیلئے اعتبار خالص سونے یا چاندی پر ہوگا، اس میں شامل کھوٹ نکال کر زکاۃ کا حساب لگایا جائے گا۔

خالص یعنی 24 قیراط سونے میں زکاۃ کا نصاب 85 گرام ہے؛ اور اس بارے میں تجربہ کار افراد کیمطابق 24 قیراط سونے میں خالص پن (1000) میں سے (999) ہوتا ہے، اور یہ سونے میں خالص پن کا انتہائی بلند ترین درجہ ہے۔

21 قیراط ، 18 قیراط یا دیگر قیراط میں سے زکاۃ کا حساب لگانے کے متعدد طریقے ہیں، جن میں سے مشہور ترین یہ ہے:

سونے کے جنتے گرام بنتے ہوں انہیں اسکے قیراط سے ضرب دیں، اور اسکے بعد 24 پر تقسیم کردیں، حاصل جواب 24 قیراط سونے کا وزن نکل آئے گا، چنانچہ اگر حاصل جواب 85 گرام یا اس سے زیادہ ہو تو اس میں 2.5٪ زکاۃ واجب ہوگی۔

چنانچہ مثال کے طور پر اگر سوال میں مذکور 170 گرام سونا 21 قیراط کا ہے تو اسکے حساب کا فارمولہ حسبِ ذیل ہوگا۔

(وزن سونا ×قیراط)÷24= خالص سونے کی مقدار، یعنی:

(170 × 21) ÷ 24 = 148.75

پھر ان (148.75)گراموں میں سے 2.5٪ جو کہ تقریبا 3.7 گرام بنتا ہے، آپکے اس سونے پر ایک سال گزرنے کے بعد زکاۃ ہوگی۔

واللہ اعلم .

ماخذ: الاسلام سوال و جواب