بدھ 24 جمادی ثانیہ 1446 - 25 دسمبر 2024
اردو

نمک کے کارخانے میں کام کرتا ہے، اور نمک کی دھول نا چاہتے ہوئے بھی ناک میں جاتی ہے

سوال

سوال: نمک تیار کرنے والے کارخانے میں کام کرنے والے مزدور کے بارے میں وضاحت چاہیےکہ وہاں پر دھول کی شکل میں نمک بہت زیادہ ہوتا ہے، اور اس سے بچنا بھی ممکن نہیں ہے، تو کیا نمک غبار کی صورت میں حلق تک پہنچے اور اس کا ذائقہ بھی محسوس ہو تو روزہ ٹوٹ جائے گا؟

جواب کا متن

الحمد للہ.

نمک کے کارخانے میں کام کرنے والے مزدور  کی ناک کے ذریعے سےدھول کی شکل میں نمک  چلا جائے، اور حلق میں اسکا ذائقہ بھی محسوس ہو تو اس میں کوئی حرج نہیں ہے، اس سے ان کا روزہ بھی نہیں ٹوٹے گا؛ کیونکہ اس غبار سے بچنا ممکن ہی نہیں ہے، اور اللہ تعالی کسی کو اس کی طاقت سے بڑھ کر مکلف نہیں بناتا۔

نووی رحمہ اللہ کہتے ہیں:
"ہمارے [شافعی] فقہائے کرام اس بات پر متفق ہیں کہ اگر مکھی اڑ کر کسی کے حلق سے پیٹ میں اتر گئی ، یا پیٹ تک غبار ، یا آٹے کا چھان اڑ کر غیر ارادی طور پر پیٹ میں چلا گیا تو اس کا روزہ نہیں ٹوٹے گا، ہمارے  فقہائے کرام کا کہنا ہے کہ: غبار اور آٹا چھانتے ہوئے اسے منہ بند رکھنے کا پابند بھی نہیں بنایا جائے گا، کیونکہ  اس میں حرج ہے" انتہی
" المجموع " (6/359)

ابن قدامہ رحمہ اللہ " الكافي " (1/441) میں کہتے ہیں کہ:
"ایسی چیزیں جن سے بچنا ممکن نہیں ہے، مثلاً:  اپنا تھوک نگلنا، آٹے کا چھان، مٹی کی دھول، اور اڑتی ہوئی مکھی  حلق میں اتر جانے سے روزہ نہیں ٹوٹے گا؛ کیونکہ ان سے بچنا انسانی طاقت سے باہر ہے، اور اللہ تعالی کسی کو اس کی طاقت سے بڑھ کر مکلف نہیں ٹھہراتا" انتہی

اسی طرح " الموسوعة الفقهية " (31/135) میں ہے کہ:
"فقہائے کرام کا اس بات پر اتفاق ہے کہ اگر  مٹی کی دھول  پیٹ میں چلی جائے تو اس سے روزہ نہیں ٹوٹے گا، بشرطیکہ عمداً ایسا نہ کرے، چاہے اس کیلئے  اپنا منہ وغیرہ بند کر  کے اس بچنا ممکن بھی ہو؛ کیونکہ ایسا کرنے سے  اسے سخت مشقت  اور حرج کا سامنا کرنا پڑے گا؛ ویسے بھی ان چیزوں سے بچنا مشکل کام ہے، [یہ حکم] فرض ہوں یا نفل تمام روزوں کیلئے ہے،  اسی طرح  غبار کم ہو یا زیادہ،  یا غبار  ہوا میں رکا ہوا ہو یا آندھی کی صورت میں چل رہا ہو۔

جمہور علمائے کرام کے ہاں مٹی دھول  کی طرح ہی آٹے کا چھان ہے، چاہے  روزہ دار خود  آٹا پیس رہا ہو یا کوئی اور پیس رہا ہو، کیونکہ  اس سے بچنا ممکن نہیں ہے، اسی طرح جپسم کی چیزیں بنانے اور بیچنے والے کا حکم ہے، ایسے ہی حکم السی، کوئلہ، جو اور گندم کی دھول کا ہے" انتہی

مزید معلومات کیلئے سوال نمبر: (93821) کا جواب ملاحظہ کریں۔

واللہ اعلم.

ماخذ: الاسلام سوال و جواب