جمعہ 21 جمادی اولی 1446 - 22 نومبر 2024
اردو

میں نشہ میں مبتلا اپنے بھائی کے ساتھ کیسے معاملہ کروں؟

سوال

میرا بھائی نشہ کرتا ہے، میں نے اسے بتلایا کہ نشہ کرنا حرام ہے، لیکن اس نے میری ایک نہیں سنی وہ اب بھی نشہ کرتا ہے، میں اسے کیسے سمجھاؤں؟

جواب کا متن

الحمد للہ.

1- اس بات میں کوئی دو رائے نہیں ہیں کہ آپ کا بھائی  ایک سنگین مسئلے میں گھرا ہوا ہے، ہم اللہ تعالی سے دعا گو ہیں کہ اللہ تعالی اس کی اس بیماری سے نکلنے میں مدد فرمائے۔

2- آپ پیار اور نرمی کے ساتھ اپنے بھائی کو سمجھاتے رہیں؛ کیونکہ نشہ کرنے والا شخص بھی  دیگر جسمانی یا نفسیاتی مریضوں کی طرح بیمارہوتا ہے جو کہ نگہداشت کے محتاج ہوتے ہیں ، اس لیے اس کے ساتھ خصوصی انداز سے بات کرنی چاہیے۔

3- اسے نشے سے روکنے کے لیے ہر ممکن طریقہ استعمال کریں، مثلاً اسے برے دوستوں سے الگ رکھیں جو اسے نشہ آور اشیا دیتے ہیں یا پہنچاتے  ہیں، یا کسی بھی طرح سے اس بری لت  میں اس کی مدد کرتے ہیں۔

4- آپ اس کی ایسی حاجت  پوری کرنے سے پرہیز برتیں جس کے پورا   نہ کرنے سے آپ پر کوئی مشقت یا حرج نہ ہوتا کہ وہ خود سے اپنی حالت پر نظر ثانی کرے اور رک جائے۔

5- ہم آپ کو یہ بھی مشورہ دیں گے کہ نشے کے معالجین سے رجوع کریں، تا کہ اس کا مناسب طریقے کے ساتھ علاج ہو سکے اور وہ اپنی اس بری عادت کو چھوڑ دے۔

6- اگر نشہ کرنے والے شخص کی اولاد ، چھوٹے بچے اور بچیاں یا بھائی ہیں تو انہیں بھی نصیحت کرنے کے عمل میں شامل کریں؛ کیونکہ ممکن ہے کہ  ان کے جانب سے نصیحت کرنے پر وہ شرمسار ہو اور اپنے بچوں کے سامنے  اس بری عادت  سے دور رہنے کا عزم کر لے۔

7- نشے کی حالت میں اس کی جو کیفیت ہوتی ہے اس کو بیان کرنے کے لیے گواہان  کو بھی پیش کریں ؛ تا کہ اسے علم ہو کہ نشے کی حالت میں کیاکچھ کارستانیاں کرتا ہے اور اپنی حالت کے بارے میں سن کر توبہ تائب ہو جائے۔

8- ساتھ میں اللہ تعالی سے دعا کرنا مت بھولیں کہ اللہ تعالی اسے اس بیماری سے چھٹکارا عطا فرمائے، نیز اس کے لیے رات کی آخری تہائی میں دعا کرنے کی کوشش کریں، امید ہے کہ اللہ تعالی آپ کو اس مشکل سے نکال دے۔

ہم اللہ تعالی سے دعا گو ہیں کہ  اللہ تعالی نشہ کرنے والے کو ہدایت دے،  اور آپ کو اس مشکل میں صبر کی توفیق عطا فرمائے۔

آخر میں درود و سلام ہوں ہمارے نبی محمد صلی اللہ علیہ و سلم پر۔

واللہ اعلم.

ماخذ: الشیخ محمد صالح المنجد