جمعہ 26 جمادی ثانیہ 1446 - 27 دسمبر 2024
اردو

والدہ كى جانب سے صرف ايك بيٹے كو تحفہ جات دينے كا حكم

69790

تاریخ اشاعت : 06-06-2007

مشاہدات : 5176

سوال

ميرے والد نے اپنا تعمير كردہ مكان والدہ كے نام كر لگا ديا حالانكہ والدہ نے كوئى قيمت ادا نہيں كى تھى، اور ميرى والدہ نے ايك فليٹ ميرے بھائى كے نام لگا ديا، حالانكہ ميرے بھائى نے صرف اس كى مرمت كروائى تھى، اس كے علاوہ والدہ نے ميرے بھائى كو ايك بڑى دوكان بھى دى جس كے كرايہ سے وہ اپنى ضروريات پورى كرتا ہے، اور اسى طرح اسے ايك جگہ بھى دى جہاں وہ كام كاج كرتا ہے، اور والدہ كا كہنا ہے كہ يہ اس نے اپنے بيٹے كو ہبہ كيا ہے، اور والد صاحب كى وفات كے بعد عمارت ميں سے مجھے كچھ بھى دينا منظور نہيں كيا، بلكہ كہتى ہے كہ: وہ اس كے نام ہے اور اس ميں ميرا كوئى حق نہيں، اگر ميں فوت ہو جاؤں تو پھر تيرا اس ميں حصہ ہوگا، يہ علم ميں رہے كہ ميرے والد صاحب نے اپنے سوگواران ميں مجھے يعنى بيٹى اور ميرے بھائى اور والدہ كے علاوہ كوئى اور وراث نہيں چھوڑا، اس ميں شرعى رائے اور حل كيا ہے ؟

جواب کا متن

الحمد للہ.

اول:

خاوند كے ليے جائز ہے كہ وہ اپنى بيوى كو اپنے مال ميں سے جو چاہے ہبہ كر دے، اور اس ميں بيوى اور اپنى اولاد كے مابين عدل كرنا واجب نہيں ليكن اس ميں شرط يہ ہے كہ ايسا كرنے ميں ورثاء كو نقصان اور ضرر دينے كا مقصد نہ ہو.

دوم:

اللہ سبحانہ وتعالى نے ماں اور باپ پر اپنى اولاد كو عطيہ دينے ميں عدل و انصاف كرنا واجب كيا ہے، اس ليے والدين كے ليے جائز نہيں كہ وہ كسى ايك بيٹے يا بيٹى كو دے اور باقى كو نہ دے، اور اگر وہ ايسا كريں تو پھر اس كا حل يہ ہے كہ يا تو وہ عطيہ واپس لے ليں، يا پھر باقى سب اولاد كو بھى اتنا ہى ديں تا كہ عدل و انصاف ہو سكے.

اور آپ كى والدہ نے آپ كے بھائى كو جو فليٹ اور دوكان، اور جگہ دى ہے وہ حرام امور ميں شامل ہوتا ہے، اس پر واجب ہے كہ وہ آپ كے درميان عدل و انصاف كرے.

نعمان بن بشير رضى اللہ تعالى عنہما بيان كرتے ہيں كہ ان كے باپ انہيں نبى كريم صلى اللہ عليہ وسلم كے پاس لائے اور عرض كيا:

اے اللہ تعالى كے رسول صلى اللہ و سلم ميں نے اپنے اس بيٹے كو ايك غلام عطيہ كيا ہے، تو نبى كريم صلى اللہ عليہ وسلم نے فرمايا:

" كيا تم نے اپنے سب بيٹوں كو اسى طرح ہبہ كيا ہے ؟

تو انہوں نے جواب نفى ميں ديا، تو رسول كريم صلى اللہ عليہ وسلم فرمانے لگے:

" اس سے واپس لے لو "

صحيح بخارى حديث نمبر ( 2446 ) صحيح مسلم حديث نمبر ( 1623 ).

اور بخارى شريف كى روايت كے الفاظ يہ ہيں:

تم اللہ تعالى كا تقوى اختيار كرتے ہوئے اس سے ڈرو اور اپنى اولاد كے مابين عدل كرو "

صحيح بخارى حديث نمبر ( 2587 ).

نعمان بن بشير رضى اللہ تعالى عنہما كہتے ہيں كہ ميرے والد نے اپنا عطيہ واپس لے ليا.

اور سوال نمبر ( 67652 ) كے جواب ميں يہ بيان ہو چكا ہے كہ: والدہ كے ليے اپنى اولاد كو كوئى چيز عطيہ يا ہبہ كرنے ميں عدل و انصاف كرنا واجب ہے، اور اس كے ليے عدل يہى ہے كہ وہ اپنى اولاد ميں سے بيٹے كو دو بيٹيوں جتنا عطيہ دے، كيونكہ اللہ تعالى كى تقسيم سے زيادہ عدل و انصاف والا نہيں.

واللہ اعلم .

ماخذ: الاسلام سوال و جواب