اتوار 21 جمادی ثانیہ 1446 - 22 دسمبر 2024
اردو

كيا صبح اور فجر كى نماز ميں كوئى فرق ہے ؟

79345

تاریخ اشاعت : 30-07-2006

مشاہدات : 12274

سوال

فجر اور صبح كى نماز ميں كيا فرق ہے ؟

جواب کا متن

الحمد للہ.

نماز فجر ہى صبح كى نماز ہے، اور ان ميں كوئى فرق نہيں، اس نماز كى دو ركعات فرض، اور فرضوں سے قبل دو سنتيں ہيں، جنہيں سنت يا صبح كى سنتيں يا فجر كى دو ركعت كہا جاتا ہے، اس كا وقت طلوع فجر صادق سے ليكر طلوع آفتاب تك ہے.

سنت نبويہ ميں اس كا اطلاق صبح كى نماز اور نماز فجر كے نام سے ہوا ہے، اس كى دليل درج ذيل حديث ہے:

امام مسلم رحمہ اللہ تعالى نے عبد الرحمن بن ابى عمرہ سے بيان كيا ہے كہ عثمان بن عفان نماز مغرب كے بعد مسجد ميں تشريف لائے اور آ كر اكيلے بيٹھ گئے، تو ميں بھى ان كے پاس جا كر بيٹھ گيا اور عرض كي: ميرے چچا كے بيٹے ميں نے رسول كريم صلى اللہ عليہ وسلم كا يہ فرماتے ہوئے سنا تھا:

" جس نے نماز عشاء باجماعت ادا كى گويا كہ اس نے نصف رات كا قيام كيا،اور جس نے صبح كى نماز باجماعت ادا كى گويا كہ اس نے سارى رات قيام كيا "

صحيح مسلم حديث نمبر ( 656 ).

ابو ہريرہ رضى اللہ تعالى عنہ بيان كرتے ہيں كہ رسول كريم صلى اللہ عليہ وسلم نے فرمايا:

" جب تم ميں كوئى ايك شخص غروب آفتاب سے قبل نماز عصر ميں سے ايك سجدہ پالے تو وہ اپنى نماز مكمل كرے، اور جب صبح كى نماز ميں سے طلوع آفتاب سے قبل ايك سجدہ پالے تو وہ اپنى نماز مكمل كرے "

صحيح بخارى حديث نمبر ( 556 ) صحيح مسلم حديث نمبر ( 608 ).

اور سنت ميں نماز فجر كے نام كى دليل درج ذيل حديث ہے:

جابر بن سمرہ رضى اللہ تعالى عنہ بيان كرتے ہيں كہ:

" جب رسول كريم صلى اللہ عليہ وسلم صبح كى نماز ادا كر ليتے تو اچھى طرح طلوع آفتاب تك اپنى نماز والى جگہ پر ہى بيٹھے رہتے "

صحيح مسلم حديث نمبر ( 670 ).

ابو ہريرہ رضى اللہ تعالى عنہ بيان كرتے ہيں كہ:

" نبى كريم صلى اللہ عليہ وسلم جمعہ كے روز نماز فجر ميں الم تنزيل السجدہ اور ھل اتى على الانسان حين من الدھر كى تلاوت كيا كرتے تھے"

صحيح بخارى حديث نمبر ( 891 ) صحيح مسلم حديث نمبر ( 880 ).

ابو ہريرہ رضى اللہ تعالى عنہ بيان كرتے ہيں كہ رسول كريم صلى اللہ عليہ وسلم نے فرمايا:

" تم ميں رات اور دن كے فرشتے بارى بارى آتے ہيں، اور وہ نماز فجر اور نماز عصر ميں جمع ہوتے ہيں، پھر جنہوں نے تمہارے ساتھ رات بسر كى ہوتى ہے وہ اوپر چڑھتے ہيں تو اللہ انہيں سوال كرتا ہے حالانكہ وہ ان سے زيادہ علم ركھتا ہے، كہ تم نے ميرے بندوں كو كس حالت ميں چھوڑا ؟

تو فرشتے جواب ديتے ہيں: ہم نے انہيں چھوڑا تو وہ نماز ادا كر رہے تھے اور ان كے پاس گئے تو بھى وہ نماز ادا كر رہے تھے "

صحيح بخارى حديث نمبر ( 555 ) صحيح مسلم حديث نمبر ( 632 ).

نماز فجر ( اور نماز صبح ) كا وقت معلوم كرنے كے ليے آپ سوال نمبر ( 65910 ) اور ( 26763 ) اور فجر كى سنتوں كى مزيد تفصيل معلوم كرنے كے ليے آپ سوال نمبر ( 65746 ) كے جوابات كا مطالعہ كريں.

واللہ اعلم .

ماخذ: الاسلام سوال و جواب