اتوار 21 جمادی ثانیہ 1446 - 22 دسمبر 2024
اردو

پاؤں كى شفايابى ميں تاخير كے خدشہ سے نماز باجماعت ادا نہيں كرتا

82278

تاریخ اشاعت : 06-02-2007

مشاہدات : 5649

سوال

ميں جوان ہوں اور نماز باجماعت كى پابندى كرتا ہوں، ليكن بعض اوقات جب ميرے پاؤں ميں زخم ہوتا ہے اور ميں پاؤں پر پٹى باندھتا ہوں تو آنے جانے ميں پيدل چلنے كى بنا پر زخم زيادہ ہونے كے خدشہ سے ميں نماز پڑھنے نہيں جاتا اور گھر ميں ہى نماز ادا كر ليتا ہوں؛ كيونكہ جب زخم خراب ہو گا تو آرام كى مدت بھى زيادہ ہو جائيگى اور مسجد نہيں جا سكوں گا ايسى صورت ميں حكم كيا ہے ؟

جواب کا متن

الحمد للہ.

نماز باجماعت ادائيگى پر آپ كى حرص پر ہم اس ميں بركت كى دعا كرتے ہيں، اور اللہ تعالى سے دعاء ہے كہ آپ كو اپنى اطاعت و فرمانبردارى پر ثابت قدم ركھے، اور ہمارے اور آپ كے اعمال قبول فرمائے.

جى ہاں، بيمارى نماز باجماعت سے پيچھے رہنے كے عذر ميں شامل ہوتى ہے.

الموسوعۃ الفقھيۃ ميں ہے:

" اور وہ مرض ہے جس كى بنا پر مسجد ميں نماز باجماعت كى ادائيگى كے ليے آنا مشكل ہے.

ابن منذر رحمہ اللہ تعالى كہتے ہيں: ميرے علم كے مطابق اہل علم كے مابين اس ميں كوئى اختلاف نہيں كہ مريض بيمارى كى بنا پر نماز باجماعت سے پيچھے رہ سكتا ہے، اور اس ليے بھى كہ جب رسول كريم صلى اللہ عليہ وسلم بيمار ہوئے تو مسجد ميں نہيں گئے اور فرمايا: ابو بكر رضى اللہ تعالى عنہ كو حكم دو كہ وہ لوگوں كو نماز پڑھائے " انتہى

ديكھيں: الموسوعۃ الفقھيۃ ( 27 / 187 ).

فقھاء رحمہم اللہ نے بيان كيا ہے كہ جب مريض كو خدشہ ہو كہ اس كى بيمارى كى شفايابى ميں تاخير ہو گى تو وہ معذور ہے، اور اس پر عبادت ميں تخفيف ہو گى، چاہے نماز ہو يا روزہ يا طہارت و پاكيزگى وغيرہ.

ديكھيں: الانصاف ( 2 / 305 ) الموسوعۃ الفقھيۃ ( 14 / 258 ).

اور اس ميں كسى ثقہ ڈاكٹر كى بات معتبر ہو گى، يا پھر تجربہ كى بنا پر اس كى معرفت ہو سكتى ہے.

چنانچہ اگر زيادہ پيدل چلنا شفايابى ميں تاخير كا باعث ہے تو پھر مسجد ميں نماز باجماعت ترك كرنے ميں كوئى حرج نہيں، اور اس بنا پر كہ آپ نماز باجماعت كى پابندى كرتے ہيں ان شاء اللہ آپ كو اس كا اجروثواب حاصل ہوتا رہے گا، كيونكہ ابو موسى اشعرى رضى اللہ تعالى عنہ كى حديث ہے نبى كريم صلى اللہ عليہ وسلم نے فرمايا:

" جب بندہ بيمار ہو جاتا ہے يا سفر ميں ہوتا ہے تو اس كے ليے وہى اعمال لكھے جاتے رہتے ہيں جو وہ صحيح اور مقيم كى حالت ميں كرتا تھا"

صحيح بخارى حديث نمبر ( 2834 ).

واللہ اعلم .

ماخذ: الاسلام سوال و جواب