جمعہ 21 جمادی اولی 1446 - 22 نومبر 2024
اردو

نماز میں تشہد اور درود کے الفاظ

سوال

 میں نماز میں تشہد اور درود کے الفاظ سیکھنا چاہتا ہوں۔

جواب کا متن

الحمد للہ.

رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ہمیں نماز  کے احکامات سیکھنے کی ترغیب دلائی ہے، اور نماز  کو نبوی طریقے کے مطابق ادا کرنے کیلیے ترغیب دلاتے ہوئے فرمایا: (تم ایسے نماز پڑھو جیسے تم مجھے نماز پڑھتے ہوئے دیکھتے ہو) بخاری: (631)
اس لیے نماز کے احکامات سیکھنے کا خوب اہتمام کرنا چاہیے۔

نماز میں تشہد اور نبی صلی اللہ علیہ وسلم پر درود کے متعدد اور مختلف الفاظ وارد ہیں، چنانچہ کامل طریقہ یہی ہے کہ مسلمان ان سب کو نماز میں پڑھا کرے اس کیلیے کبھی ایک  نوعیت کے الفاظ پڑھے تو کبھی دوسری نوعیت کے، تا کہ تمام مسنون الفاظ نماز میں ادا کر سکے اور چند ایک پر اکتفا نہ ہو، اگر ایسا کرنا دشوار ہو تو پھر جن الفاظ کو یاد کرنے کی استطاعت رکھتا ہے  انہی پر اکتفا کر لے اس پر کوئی حرج نہیں ہوگا،  ان شاء اللہ

ذیل میں تشہد اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم  پر درود کے کچھ ثابت الفاظ ذکر کرتے ہیں :

ابن مسعود رضی اللہ عنہ کا تشہد:
( التَّحِيَّاتُ لِلَّهِ وَالصَّلَوَاتُ وَالطَّيِّبَاتُ السَّلَامُ عَلَيْكَ أَيُّهَا النَّبِيُّ وَرَحْمَةُ اللَّهِ وَبَرَكَاتُهُ السَّلَامُ عَلَيْنَا وَعَلَى عِبَادِ اللَّهِ الصَّالِحِينَ ، أَشْهَدُ أَنْ لَا إِلَهَ إِلَّا اللَّهُ وَأَشْهَدُ أَنَّ مُحَمَّدًا عَبْدُهُ وَرَسُولُهُ )
ترجمہ: تمام زبانی، بدنی، اور مالی عبادات اللہ تعالی کیلیے ہیں، اے نبی! آپ پر اللہ تعالی کی جانب سے سلامتی ، رحمتیں، اور برکتیں نازل ہوں، ہم پر اور اللہ تعالی کے تمام نیک بندوں پر سلامتی نازل ہو، میں گواہی دیتا ہوں کہ اللہ کے سوا کوئی معبود بر حق نہیں ہے، اور میں یہ بھی گواہی دیتا ہوں کہ محمد -ﷺ-اللہ تعالی کے بندے اور رسول ہیں۔ بخاری:  (6265) مسلم: (402)

ابن عمر رضی اللہ عنہما کا تشہد:
( التَّحِيَّاتُ لِلَّهِ وَالصَّلَوَاتُ وَالطَّيِّبَاتُ السَّلَامُ عَلَيْكَ أَيُّهَا النَّبِيُّ وَرَحْمَةُ اللَّهِ وَبَرَكَاتُهُ السَّلَامُ عَلَيْنَا وَعَلَى عِبَادِ اللَّهِ الصَّالِحِينَ ، أَشْهَدُ أَنْ لَا إِلَهَ إِلَّا اللَّهُ وَحْدَهُ لَا شَرِيكَ لَهُ وَأَشْهَدُ أَنَّ مُحَمَّدًا عَبْدُهُ وَرَسُولُهُ )
ترجمہ: تمام زبانی، بدنی، اور مالی عبادات اللہ تعالی کیلیے ہیں، اے نبی! آپ پر اللہ تعالی کی جانب سے سلامتی ، رحمتیں، اور برکتیں نازل ہوں، ہم پر اور اللہ تعالی کے تمام نیک بندوں پر سلامتی نازل ہو، میں گواہی دیتا ہوں کہ اللہ کے سوا کوئی معبود بر حق نہیں ہے، وہ اکیلا ہے اس کا کوئی شریک نہیں، اور میں یہ بھی گواہی دیتا ہوں کہ محمد -ﷺ-اللہ تعالی کے بندے اور رسول ہیں۔ ابو داود (971) اسے البانی نے صحیح کہا ہے۔

سیدنا عمر رضی اللہ عنہ نے لوگوں کو تشہد سکھلاتے ہوئے منبر پر فرمایا تھا :
(التَّحِيَّاتُ لِلَّهِ،الزَّاكِيَاتُ لِلَّهِ ، الطَّيِّبَاتُ لِلَّهِ ، الصَّلَوَاتُ لِلَّهِ ، السَّلَامُ عَلَيْكَ أَيُّهَا النَّبِيُّ وَرَحْمَةُ اللَّهِ وَبَرَكَاتُهُ ، السَّلَامُ عَلَيْنَا وَعَلَى عِبَادِ اللَّهِ الصَّالِحِينَ ، أَشْهَدُ أَنْ لَا إِلَهَ إِلَّا اللَّهُ ، وَأَشْهَدُ أَنَّ مُحَمَّدًا عَبْدُهُ وَرَسُولُهُ)
ترجمہ: تمام زبانی عبادات اللہ کیلیے ہیں ، تمام نیک اعمال اللہ کیلیے ہیں ، تمام مالی   اور بدنی عبادات اللہ کیلیے ہیں، اے نبی! آپ پر اللہ تعالی کی جانب سے سلامتی ، رحمتیں، اور برکتیں نازل ہوں، ہم پر اور اللہ تعالی کے تمام نیک بندوں پر سلامتی نازل ہو، میں گواہی دیتا ہوں کہ اللہ کے سوا کوئی معبود بر حق نہیں ہے، اور میں یہ بھی گواہی دیتا ہوں کہ محمد -ﷺ-اللہ تعالی کے بندے اور رسول ہیں۔ مؤطا مالک (204) اسے البانی نے صحیح کہا ہے۔

اور نبی صلی اللہ علیہ وسلم پر درود پڑھنے کے الفاظ یہ ہیں:

(اللَّهُمَّ صَلِّ عَلَى مُحَمَّدٍ وَعَلَى آلِ مُحَمَّدٍ كَمَا صَلَّيْتَ عَلَى إِبْرَاهِيمَ وَعَلَى آلِ إِبْرَاهِيمَ إِنَّكَ حَمِيدٌ مَجِيدٌ ، اللَّهُمَّ بَارِكْ عَلَى مُحَمَّدٍ وَعَلَى آلِ مُحَمَّدٍ كَمَا بَارَكْتَ عَلَى إِبْرَاهِيمَ وَعَلَى آلِ إِبْرَاهِيمَ إِنَّكَ حَمِيدٌ مَجِيدٌ)
ترجمہ: یا اللہ! محمد اور آل محمد پر درود نازل فرما جیسے تو نے ابراہیم اور آل ابراہیم پر درود نازل کیا ، بیشک تو تعریف کے لائق اور بزرگی والا ہے۔ یا اللہ! محمد اور آل محمد پر برکت نازل فرما جیسے تو نے ابراہیم اور آل ابراہیم پر برکت نازل کی، بیشک تو تعریف کے لائق اور بزرگی والا ہے۔  بخاری: (3370)

(اللَّهُمَّ صَلِّ عَلَى مُحَمَّدٍ وَعَلَى آلِ مُحَمَّدٍ كَمَا صَلَّيْتَ عَلَى آلِ إِبْرَاهِيمَ وَبَارِكْ عَلَى مُحَمَّدٍ وَعَلَى آلِ مُحَمَّدٍ كَمَا بَارَكْتَ عَلَى آلِ إِبْرَاهِيمَ فِي الْعَالَمِينَ إِنَّكَ حَمِيدٌ مَجِيدٌ)
ترجمہ: یا اللہ! محمد اور آل محمد پر درود نازل فرما جیسے تو نے آل ابراہیم پر درود نازل کیا ، اور  محمد اور آل محمد پر برکت نازل فرما جیسے تو نے آل ابراہیم پر جہانوں میں برکت نازل کی، بیشک تو تعریف کے لائق اور بزرگی والا ہے۔ مسلم: (405)

واللہ اعلم.

ماخذ: الاسلام سوال و جواب