اتوار 21 جمادی ثانیہ 1446 - 22 دسمبر 2024
اردو

جہاد اكبر اور جہاد اصغر

10455

تاریخ اشاعت : 23-04-2008

مشاہدات : 21557

سوال

كيا نفس كے ساتھ جہاد كرنا جہاد اكبر كہلاتا ہے يا كہ ميدان جنگ ميں فعلا لڑائى كرنا جہاد اكبر ہے ؟

جواب کا متن

الحمد للہ.

جس حديث ميں وارد ہے كہ نبى صلى اللہ عليہ وسلم نے ايك جنگ سے واپسى پر اپنے صحابہ كرام كو يہ فرمايا:

" ہم جہاد اصغر سے جہاد اكبر كى طرف واپس آ رہے ہيں"

تو صحابہ كرام رضى اللہ عنہم نے عرض كيا:

اور كيا كفار كے ساتھ لڑائى سے بھى كوئى بڑا جہاد ہے؟ تو رسول كريم صلى اللہ عليہ وسلم نے فرمايا:

" جى ہاں، نفس كے ساتھ جہاد كرنا"

يہ حديث نبى كريم صلى اللہ عليہ وسلم سے صحيح ثابت نہيں ہے.

اور اس ميں تو كوئى شك و شبہ نہيں كہ نفس كے ساتھ جہاد كرنا كفار كے ساتھ جہاد كرنے سے قبل ہے، يعنى پہلے اپنے نفس كو صحيح راستے پر لگانا ہو گا اور اس كے بعد كفار سے جہاد كرنا پڑے گا.

كيونكہ انسان اپنے نفس كے ساتھ مجاہدہ كرنے كے بعد ہى كفار كے ساتھ جہاد كر سكتا ہے، اس ليے كہ جنگ اور لڑائى كرنا نفس كے ليے ناپسنديدہ چيز ہے.

فرمان بارى تعالى ہے:

تم پر قتال اور لڑائى فرض كى گئى ہے حالانكہ يہ تمہيں ناپسند ہے، اور ہو سكتا ہے تم كسى چيز كو ناپسند كرتے ہو حالانكہ وہ تمہارے ليے بہتر ہو اور ہو سكتا ہے تم كسى چيز كو پسند كرتے ہو ليكن وہ تمہارے ليے بہتر نہ ہو اوربرى ہو، اللہ تعالى ہى جانتا ہے تم نہيں جانتے البقرۃ ( 216 )

ديكھيں: فتاوى منار الاسلام للشيخ ابن عثيمين رحمہ اللہ تعالى ( 12 / 421 ).

ابن قيم رحمہ اللہ تعالى جہاد كے مراتب اور درجات بيان كرتے ہوئے كہتے ہيں:

جہاد كے چار درجے اور مراتب ہيں:

1 - نفس كے ساتھ جہاد

2 - شيطان كے ساتھ جہاد

3 - كفار كے ساتھ جہاد

4 - منافقوں كے ساتھ جہاد

اور نفس كے ساتھ جہاد يہ ہے كہ اس كے ساتھ ہدايت كا علم حاصل كرنے ميں جہاد كيا جائے، اور علم حاصل كرنے كے بعد عمل كيا جائے، اور اس علم كى دوسرے لوگوں كو دعوت بھى دى جائے، اور دعوت و تبليغ كى مشقت پر صبر و تحمل كا مظاہرہ كيا جائے.

شيطان كے ساتھ جہاد يہ ہے كہ: شيطان بندے كے ذہن ميں جو ايمان كو ختم كرنے كے سلسلے ميں شكوك و شبہات اور شہوات ڈالتا ہے اسے دور كرنے كى كوشش كى جائے، اور اس كے ساتھ ان فاسد اور غلط ارادوں و شہوات كا مقابلہ كرنے ميں جہاد كيا جائے جو وہ انسان كے ذہن ميں ڈالتا ہے.

اور كفار اور منافقوں كےساتھ جہاد دل و زبان اور مال اورنفس كے ذريعہ جہاد كيا جاتا ہے، كفار كے ساتھ ہاتھ كا جہاد زيادہ خاص ہے، اور منافقوں كے ساتھ زبانى جہاد زيادہ خاص ہے...

وہ كہتے ہيں: سب سے زيادہ كامل اخلاق والا وہ شخص ہے جس نے جہاد كے سارے مراتب اوردرجات مكمل كيےہوں، اور مخلوق جہاد كے مراتب ميں مختلف ہونى كى بنا پر مرتبہ اور درجات كے اعتبار سے بھى اللہ تعالى كے ہاں مختلف ہيں. اھـ

ديكھيں: زاد المعاد لابن قيم ( 3 / 9 - 12 ).

واللہ اعلم .

ماخذ: الشیخ محمد صالح المنجد