منگل 18 جمادی اولی 1446 - 19 نومبر 2024
اردو

ايك ديندار شخص كو پسند كرتى ہے اور دونوں ايك دوسرے كو مباركباد اور وعظ و نصيحت كے مراسلات لكھتے ہيں اب وہ عورت كيا كرے ؟

121723

تاریخ اشاعت : 27-12-2010

مشاہدات : 5496

سوال

ميں نے چار برس قبل يونيورسٹى كى تعليم مكمل كى اور الحمد للہ پردہ بھى كرتى ہوں، اور قرآن مجيد بھى حفظ كيا ہے اور اسلام كو بہت پسند كرتى ہوں، ميرى خواہش ہے كہ مكمل دينى معلومات كى عالم بن سكوں.
ميرى پرورش ايك دينى گھرانہ ميں ہوئى ہے، اپنے زندگى كے سارے مراحل ميں نوجوانوں كے ساتھ اختلاط نہيں كيا، حتى كہ ملازمت و كام ميں بھى، اور ميرے موبائل ميں كسى بھى نوجوان كے موبائل كا نمبر داخل نہيں ہوا.
ميرى ہميشہ اللہ سے يہى دعا رہى ہے كہ اللہ سبحانہ و تعالى مجھے نيك و صالح خاوند نصيب كرے، جو ميرے شرعى علم اور قرآن مجيد كى تعليم ميں ممد و معاون ثابت ہو، اور اسى طرح دينى امور كا التزام كرنے ميں ميرى مدد كرے.
ميرے ليے جتنے بھى نوجوانوں كا رشتہ آيا ميں نے رد كر ديا كيونكہ وہ اتنا دين والا نہ تھا جو ميں چاہتى ہوں، ميرى مشكل اس وقت شروع ہوئى جب ميں نے انجيئر آفس كھولا اور اپنے گھر والوں كى مدد كرنے كے ليے ميں نے وہاں كام شروع كيا.
ميرا ايك نوجوان سے تعارف ہوا جو كام كاج كے سلسلہ ميں ميرے آفس آيا كرتا تھا، اور وہ علم حديث ميں ايم اے كا طالب علم تھا، اور اپنے تخصص كے ابتدائى مرحلہ ميں تھا، ميں نے اس سے دريافت كيا كہ آيا ميں بعض شرعى مسائل ميں اس پر ا عتماد كر سكتى ہوں ؟ چنانچہ اس نے ميرا ٹيلى فون نمبر ليا تا كہ مجھے جواب دے سكے، تو ميں نے اسے فون نمبر ديا كيونكہ مجھے اپنے آپ پر بھروسہ تھا، اور اس پر بھى، كيونكہ وہ ايك شرعى علم كا طالب علم ہے.
يہ مخفى نہيں كہ مجھے اس كى اسلامى شخصيت بہت پسند آئى، كيونكہ بہت ہى كم ايسے نوجوان ہيں جو نبى كريم صلى اللہ عليہ وسلم كى اتباع و پيروى كرتے ہوئے ہمارے معاشرہ ميں داڑھى ركھتے ہيں، اس كے بعد اس نے ميرے حالات دريافت كيے اور مجھے جواب ديا، اور كہنے لگا:
آپ كو جب بھى كوئى سوال و اشكال ہو تو آپ فون كر سكتى ہيں، اس كے بعد ميں نے اسے شكريہ كا ميسج كيا، اور رمضان المبارك كى مناسب سے اسے مباركباد بھى دى، اور اس نے ميرے ميسج كا جواب ديا.
اس كے بعد وہ مجھے وقتا فوقتا نصيحت و دعا اور احاديث پر مشتمل ميسج ارسال كرنے لگا، اور ميں بھى اسے ايسے ہى ميسج كرتى، ميں اس قسم كے ميسج پر خوشى محسوس كرتى اور محسوس كرنے لگى كہ وہ مجھے ياد كرتا اور ميرے متعلق سوچتا ہے، اور ميں دعا كرتى كہ اللہ اسے ميرے نصيب ميں كر دے، ميں يہ كہتى كہ ہو سكتا ہے وہ تعليم مكمل كر كے ميرا رشتہ طلب كرے، مجھے پتہ نہيں كہ ميں اس سے كيوں تعلق ركھنے لگى ہوں، جب بھى ميرے ليے كوئى رشتہ آتا ہے تو ميں انكار كر ديتى ہوں، اور ان دونوں كے مابين موازنہ كرتى ہوں خاص كر دين كے مسئلہ ميں.
ليكن بعض اوقات ميں كہتى ہوں كہ اس كے ساتھ ميسج كا تبادلہ كرنا حرام ہے، اور ميں ميسج كرنا بند كر ديتى ہوں، ليكن وہ ہفتہ ميں مجھے ايك ميسج كرتا ہے، تو ميں اپنى بات سے رجوع كر كے كہتى ہوں كہ اگر يہ حرام ہوتا تو پھر وہ شخص تو اہل علم ميں شامل ہوتا ہے اور وہ اس پر كيسے راضى ہو سكتا ہے ؟
مجھے نہيں علم كہ آيا وہ شادى شدہ ہے يا نہيں، ليكن ميرے خيال ميں اگر وہ شادى شدہ ہوتا تو مجھ ميسج نہ كرتا كيونكہ ميں جس معاشرہ ميں رہتى ہوں اسے بخوبى جانتى ہوں اب مجھے يہ سمجھ نہيں آ رہى كہ ميں كيا كروں ؟
اور يہ كيسے معلوم ہو سكتا ہے كہ آيا وہ شادى شدہ ہے يا نہيں، اور آيا وہ مجھے چاہتا ہے يا نہيں ؟
اور اگر ميرا اس كے ساتھ ميسج كا تبادلہ كرنا حرام ہے اور كيا ميں اس كا انتظار كرتى رہوں ؟
ميرے ليے كوئى ايسا قابل اعتماد شخص نہيں ہے جو ميرى مدد كرے، مجھے علم ہے كہ اس كى مالى حالت اچھى نہيں، اور ميں كہتى ہوں كہ يہى ايك سبب ہے كيونكہ ميں خوبصورت بھى ہوں جس كى بنا پر ميرے ليے بہت رشتے آتے ہيں، برائے مہربانى آپ كوئى نصيحت فرمائيں.

جواب کا متن

الحمد للہ.

شيطان اپنا شكار كرنے اور اسے اپنے جال ميں پھنسانے كے ليے بہت سارے طريقے استعمال كرتا ہے، اور يہى عبارت ہر حادثہ ميں تكرار كے ساتھ ہوتى ہے كہ " ميں اپنے آپ پر بھروسہ كرتى ہوں " ميں اس پر بھروسہ كرتى تھى " علم و فائدہ كى وجہ سے " رمضان البمارك اور عيد آنے كى مباركباد دينا" پھر اس كے بعد قلبى تعلق پيدا ہو جاتا ہے، اور پھر پسند كے كلمات اور پھر عشق و محبت ہوتى ہے، اور بعض اوقات تو معاملہ اس سے بھى بڑھ كر قبيح شكل اختيار كر ليتا ہے جو شديد حرام بھى ہے.

آپ نے اپنا موبائل نمبر ايك اجنبى اور غير محرم شخص كو دے كر غلطى كى، اور آپ نے شكريہ كا ميسج كر كے ايك بڑى غلطى كا ارتكاب كيا اور اس سے بھى بڑھ كر مباركباد كا ميسج كيا، اور سب سے بڑى غلطى يہ تھى كہ آپ نے اسے مسلسل ميسج كرنے كى چھوٹ اور اجازت دے دى.

مرد و عورت كے مابين تعلقات اور مراسلات كا تفصيلى حكم ہم كئى ايك سوالات كے جواب ميں بيان كر چكے ہيں، اسے جاننے كے ليے آپ سوال نمبر ( 78375 ) اور ( 26890 ) اور ( 82702 ) كے جوابات كا مطالعہ كريں.

اس مشكل كو حل كرنے اور معصيت و گناہ سے ركنے كے ليے آپ كے سامنے دو راستے ہيں:

اول:

آپ اس كو شادى كى پيشكش كريں، ليكن ايسے طريقہ كے ساتھ جس ميں آپ كى عزت و كرامت محفوظ ہو اور شرم و حياء بھى قائم رہے.

اس كى كيفيت ہم نے سوال نمبر ( 99737 ) كے جواب ميں بيان كى ہے آپ اس كا مطالعہ كريں.

يا پھر آپ ايسے ميسج كريں كہ تسلسل كے ساتھ ميسج كرنے كى اجازت دے كر غلطى كى تھى، اور ميں اس پر راضى نہيں، اب ميں نے ميسج ختم كرنے كا فيصلہ كر ليا ہے.

اس صورت ميں يا تو وہ پورى صراحت كے ساتھ آپ سے شادى كرنے كى بات كريگا، يا پھر آپ كوميسج كرنا بند كر ديگا تو اس طرح مقصد بھى پورا ہو جائيگا، يعنى دونوں احتمال كى صورت ميں مقصد پورا ہو جائيگا.

اللہ سبحانہ و تعالى سے دعا ہے كہ وہ آپ كو خير و بھلائى كى توفيق نصيب فرمائے.

واللہ اعلم .

ماخذ: الاسلام سوال و جواب