جمعرات 16 شوال 1445 - 25 اپریل 2024
اردو

گولڈن فارم (Golden Farm) ویب سائٹ میں سرمایہ کاری کرنے کا کیا حکم ہے؟

سوال

میں آٹھ ماہ سے ایک سرمایہ کاری کی گولڈن فارم (Golden Farm) نامی ویب سائٹ کے ساتھ کام کر رہا ہوں، میں نے اس ویب سائٹ کی تشہیر اپنے چینل پر بھی کی ہے، میری ذمہ داری یہ ہے کہ میں پرندے خریدوں اور ان کے انڈوں کو فروخت کروں، در حقیقت یہ ایک گیم ہے جس میں میں نے تقریباً 9 ماہ میں اب تک 7 ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے، یہ رقم دوسروں کو دعوت دینے کے عوض میں مجھے ملی ہے، ویب سائٹ میں لکھا ہوا آ رہا ہے کہ یہ منافع مؤکد ہے، تو کیا یہ طریقہ کار حلال ہے یا حرام؟

جواب کا متن

الحمد للہ.

اس ویب سائٹ میں دو اسباب کے باعث سرمایہ کاری جائز نہیں ہے:

اول: اس میں سود پایا جاتا ہے؛ کیونکہ اس میں ہر رکن رقم اس لیے لگاتا ہے تا کہ اسے اضافی رقم ملے، جبکہ یہاں حقیقی سرمایہ کاری بھی موجود نہیں ہے؛ یہ محض ایک گیم ہی ہے جس میں پرندے خریدے جاتے ہیں، اور ایک گھنٹے میں ہر پرندے نے مخصوص تعداد میں انڈے دینے ہیں، پرندے جیسے ہی انڈے دیتے ہیں تو انہیں فروخت کر دیا جاتا ہے، لیکن حقیقت میں نہ تو وہاں کوئی پرندہ ہے اور نہ ہی انڈا! یہاں تو مال اس لیے لگایا جاتا ہے کہ مال ملے، تو یہ حرام ہے چاہے وصول ہونے والا مال معلوم ہو یا غیر معلوم۔

در حقیقت یہ طریقہ کار سود کے لیے گھڑا گیا ہے اور اسے گیم کی شکل دے دی گئی ہے، اور یہ بات سب کو معلوم ہے کہ سود خوری کبیرہ ترین گناہ ہے اور سود خور شخص ملعون بھی ہے۔

شرعی طور پر جائز سرمایہ کاری کی کچھ شرائط ہیں ؛ ان شرائط میں سے ایک بھی یہاں نہیں پائی جاتی، اس لیے کہ ویب سائٹ اس سرمائے کو کہاں استعمال کرتی ہے؟ معلوم نہیں، نہ ہی منافع کی مقدار پر کوئی اتفاق ہے، اس کے ساتھ ساتھ رأس المال بھی بالکل محفوظ ہے، تو یہ سب باتیں کاروباری شراکت اور شرعی سرمایہ کاری کے منافی امور ہیں۔

سرمایہ کاری کی شرائط جاننے کے لیے آپ سوال نمبر: (113852 ) کا جواب ملاحظہ کریں۔

دوم: اس میں جوا اور قمار بازی بھی ہے، وہ اس طرح کہ دوسروں کو دعوت دینے پر رقم ملے گی وہ جوے میں شامل ہو گی؛ کیونکہ یہ تبھی ہو گا جب دعوت قبول کرنے والا شخص پرندے خریدتے وقت رقم لگائے گا۔

اس سے قبل متعدد سوالات کے جوابات میں نیٹ ورک مارکیٹنگ کے حرام ہونے کے بارے میں گزر چکا ہے کہ اگر یہ مارکیٹنگ رقم ادا کرنے پر ہی ہوتی ہو تو یہ جوے میں شامل ہے۔

اس بارے میں مزید کے لیے آپ سوال نمبر: (87596) کا جواب ملاحظہ کریں۔

اس کے ساتھ ساتھ یہاں یہ بھی حرام چیز ہے کہ لوگوں کو سودی سرمایہ کاری کی دعوت دی جائے۔

چنانچہ مندرجہ بالا امور کی بنا پر اللہ تعالی سے توبہ استغفار کرنا ضروری ہے ، چنانچہ آپ اس کام سے رک جائیں، اور لوگوں کو اس کی دعوت بھی نہ دیں، بلکہ یہاں یہ ہونا چاہیے کہ لوگوں کو اس ویب سائٹ کو ترک کرنے کی تلقین کریں اور بتلائیں کہ اس ویب سائٹ کے ذریعے کمانا حرام ہے۔

واللہ اعلم

ماخذ: الاسلام سوال و جواب