سوموار 17 جمادی اولی 1446 - 18 نومبر 2024
اردو

غیر اخلاقی ویڈیوز وغیرہ چاہے بیوی کے ہمراہ دیکھیں ؛ہر طرح جائز نہیں ہے۔

سوال

بے حیائی پر مبنی چیزیں دیکھنا اسلام میں حرام ہے،  تو یہ بتلائیں کہ اگر کوئی شخص اپنی بیوی کے ہمراہ اس قسم کی چیزیں دیکھتا ہے تو پھر یہ کام کس حد تک گناہ ہے، واضح رہے کہ ہم ایسے کبھی کبھی دیکھتے ہیں۔

جواب کا متن

الحمد للہ.

اس طرح کی چیزیں دیکھنا حرام ہے، چاہے کوئی شادی شدہ دیکھے یا غیر شادی شدہ، ایسی حرکت کرنے والے پر توبہ کرنا لازم ہے۔ یہ کیسے ہو سکتا ہے کہ اس قسم کے مناظر انسان اپنی بیوی کے ہمراہ دیکھے، اور یہ بھی کیسے ہو سکتا ہے کہ کوئی مرد اپنی بیوی کو اس طرح کے مناظر دیکھنے کی اجازت دے!

خواتین اس معاملے میں بہت حساس ہوتی ہیں، وہ ایسے مناظر دیکھ کر بہت جلد متاثر ہو جاتی ہیں؛ اس لیے یہ ممکن ہے کہ ایسے مناظر دیکھنے سے خاوند اور بیوی کے درمیان مسائل کھڑے ہو جائیں اور بات طلاق تک پہنچ جائے۔

 یہ یقینی بات ہے کہ اس کام پر رضا مندی کا اظہار مرد کی غیرت کے کمزور ہونے کی دلیل ہے؛ کیونکہ یہی وہ غیرت ہی ہے جس کی بنا پر مسلمان شخص کافروں اور بے غیرت لوگوں سے ممتاز اور نمایاں نظر آتا ہے کہ  وہ اپنے اہل خانہ میں خباثت اور بے حیائی کو پسند کرتے ہیں جبکہ مسلمان ایسا پسند نہیں کرتا۔

پھر اس کا ایک نقصان یہ بھی ہے کہ ایسی چیزیں دیکھنے سے انسان کے ذہن میں بے حیائی  معمولی چیز بن جاتی ہے اور انسان خود بھی گری ہوئی حرکتوں میں ملوث ہو جاتا ہے۔

ہم اللہ تعالی سے عافیت مانگتے ہیں۔ اس قسم کے گناہ میں ملوث شخص کو اللہ تعالی کی سزا اور عقاب سے ڈرنا چاہیے، ایسا شخص فوری طور پر توبہ کرے، اور اپنے اہل خانہ کے لیے ایسے تمام اسباب و ذرائع دستیاب کرے جن سے عفت اور پاکدامنی حاصل ہوتی ہے، نہ کہ انسان خود ہی بے حیائی کے لیے سہولت کار بن جائے!

واللہ اعلم

ماخذ: الشيخ محمد صالح المنجد