ہفتہ 22 جمادی اولی 1446 - 23 نومبر 2024
اردو

فقراء اگر کھانے کی شکل میں فطرانہ قبول نہ کریں تو کیا نقدی کی صورت میں دے دے؟

سوال

سوال: اگر فقراء فطرانے میں غذائی اجناس قبول نہ کریں تو اس کے بدلے میں نقدی دے دیں؟

جواب کا متن

الحمد للہ.

فطرانہ کیلئے غذائی اجناس دینا واجب ہے، نقدی کی صورت میں فطرانہ دینا جائز نہیں ہے۔

لیکن ۔۔۔ اگر فقراء غذائی اجناس قبول نہ کریں ، اور نقدی کا مطالبہ کریں تو اس وقت نقدی کی صورت میں فطرانہ دینا جائز ہوگا، اور انکا مطالبہ غذائی اجناس سے فطرانہ ادا نہ کرنے کا عذر بن سکتا ہے۔

شیخ ابن عثیمین رحمہ اللہ کہتے ہیں:

"جس شخص کو یہ علم ہو کہ فطرانہ غذائی اجناس سے ادا کرنا ضروری ہے، لیکن وہ نقدی کی صورت میں فطرانہ ادا کر دیتا ہے کیونکہ اس طرح اسکے لئے فطرانہ ادا کرنا آسان اور مشقت طلب نہیں ہے، تو یہ فطرانہ کفایت نہیں کریگا۔

لیکن جو صورت سائل نے ذکر کی ہے کہ اگر کوئی ایسا فقیر نہیں ملتا جو چاول، کھجور، گندم فطرانے میں قبول کرے، بلکہ سب نقدی کا مطالبہ کرتے ہیں ، تو اس وقت نقدی سے فطرانہ ادا کرینگے، چنانچہ مناسب غذائی جنس کے ایک صاع کی قیمت کے برابر رقم ادا کردی جائے گی"انتہی

"فتاوى نور على الدرب"

واللہ اعلم .

ماخذ: الاسلام سوال و جواب