منگل 7 شوال 1445 - 16 اپریل 2024
اردو

سجدہ تلاوت كا طريقہ اور اس كے ليے وضوء كرنا

سوال

كيا سجدہ تلاوت كے ليے طہارت كى شرط ہے، اور كيا جب وہ سجدہ كے ليے جائے اور سجدہ سے اٹھے تو تكبير كہے گا، چاہے وہ نماز ميں ہو يا نماز سے باہر؟
اور اس سجدہ ميں كونسى دعاء پڑھى جائيگى، اور كيا اس سلسلے ميں كوئى صحيح دعاء وارد نہيں ہے؟ اور اگر نماز سے باہر ہو تو كيا اس سجدہ سے سلام پھيرنا مشروع ہے ؟

جواب کا متن

الحمد للہ.

علماء كرام كے صحيح قول كے مطابق سجدہ تلاوت كے ليےطہارت شرط نہيں ہے، اور اہل علم كے صحيح قول ميں نہ تو سلام كہنا اورنہ ہى سجدہ سے اٹھتے ہوئے تكبير كہنا.

اور سجدہ كرتے وقت تكبير كہنا مشروع ہے، كيونكہ يہ ثابت ہے، اور اس كى دليل ابن عمر رضى اللہ تعالى عنہ كى حديث ہے جو اس پر دلالت كرتى ہے.

ليكن اگر سجدہ تلاوت نماز ميں ہو تو سجدہ ميں جاتے ہوئے اور سجدہ سے اٹھتے ہوئے تكبير كہنى واجب ہے، كيونكہ نبى كريم صلى اللہ عليہ وسلم نماز ميں جب بھى نيچے جاتے يا اوپر اٹھتے تو تكبير كہتے تھے.

اور نبى كريم صلى اللہ عليہ وسلم سے ثابت ہے كہ آپ نے فرمايا:

" نماز اس طرح ادا كرو جس طرح تم نے مجھے نماز ادا كرتے ہوئے ديكھا ہے"

اسے امام بخارى نے صحيح بخارى حديث نمبر ( 595 ) روايت كيا ہے.

اور سجدہ تلاوت ميں وہى دعاء اور اذكار كرنا مشروع ہيں جو نماز كے سجدہ ميں كيے جاتے ہيں، كيونكہ عمومى احاديث اس پر دلالت كرتى ہيں، اور يہ دعائيں مندرجہ ذيل ہيں:

" اللهم لك سجدت وبك آمنت ولك أسلمت سجد وجهي للذي خلقه وصوره وشق سمعه وبصره بحوله وقوته تبارك الله أحسن الخالقين "

اے اللہ ميں نے تجھے سجدہ كيا، اور تجھ پر ايمان لايا، اور تيرى اطاعت و فرمانبردارى كى، ميرے چہرے نے اس كو سجدہ كيا جس نے اسے پيدا كيا اور اس كى صورت بنائى اور اس كى سماعت پيدا كى اور آنكھيں بنائيں، اس كى قوت كے ساتھ اللہ تبارك و تعالى سب سے بہتر خالق ہے.

امام مسلم رحمہ اللہ تعالى نے اسے على رضى اللہ تعالى عنہ سے صحيح مسلم ( 1290 ) ميں روايت كيا ہے كہ نبى كريم صلى اللہ عليہ وسلم يہ دعاء نماز كے سجدوں ميں پڑھا كرتے تھے.

اور ابھى اوپر بيان ہوا ہے كہ سجدہ تلاوت ميں وہى كچھ مشروع ہے جو نماز كے سجدہ ميں مشروع ہے.

اور نبى كريم صلى اللہ عليہ وسلم سے مروى ہے كہ انہوں نے سجدہ تلاوت ميں يہ دعاء كى تھى:

" اللهم اكتب لي بها عندك أجرا وامح عني بها وزرا واجعلها لي عندك ذخرا وتقبلها مني كما تقبلتها من عبدك داود عليه السلام "

اے اللہ اس ( سجدہ ) كى بنا پر ميرے ليے اپنے ہاں اجروثواب لكھ دے اور اس كى بنا پر ميرے گناہ معاف كر دے، اور اپنے پاس ميرے ليے اسے زخيرہ كر لے، اور ميرى جانب سے يہ اس طرح قبول فرما جس طرح تو نے داود عليہ السلام سے قبول كيا تھا"

جامع ترمذى حديث نمبر ( 528 ).

اور اس سلسلہ ميں سبحان ربى الاعلى كہنا اسى طرح واجب ہے جس طرح نماز كے سجدوں ميں كہنا واجب ہے، اور اس كے علاوہ جو ذكر اور دعاء زيادہ ہيں وہ مستحب ہيں.

اور نماز يا نماز سے باہر سجدہ تلاوت سنت ہے واجب نہيں، كيونكہ نبى كريم صلى اللہ عليہ وسلم سے زيد بن ثابت كى حديث سے يہ ثابت ہے جو اس پر دلالت كرتى ہے، اور عمر رضى اللہ تعالى عنہ سے بھى ثابت ہے جو اس پر دلالت كرتى ہے.

اللہ تعالى ہى توفيق بخشنے والا ہے.

ماخذ: مجموع فتاوى و مقالات متنوعۃ فضيلۃ الشيخ ابن باز (11/ 406)